پیارے نبیﷺ نے ارشاد فرمایا ہے کہ ہمیں ایسا لباس پہننا چاہیے جو پوری پوری ستر پوشی کر سکے اور جس سے ہم میں غرور نہ پیدا ہو سکے۔ عورتوں اور مردوں کے لباس میں فرق ضروری ہے۔ نبیﷺ نے فرمایا ہے کہ "خدا نے ان مردوں پر لعنت فرمائی ہے جو عورتوں جیسے کپڑے پہنتے ہیں اور ان عورتوں پر بھی لعنت ہے جو مردوں کے لباس کی نقل کرتے ہیں۔"
آپﷺ نے مردوں کے لیے ریشمی کپڑا پہننا حرام قرار دیا ہے۔ آپﷺ کو سفید رنگ کا کپڑا بہت پسند تھا۔ آپﷺ نے فرمایا "سفید کپڑا سب سے بہتر ہے۔" اور سرخ کپڑا مردوں کے لئے ناپسند کیا ہے۔
رسول اللہﷺ کا ارشادِ گرامی ہے کہ "ٹخنوں سے اونچا پایجامہ اور لنگی رکھنے سے انسان ہر طرح کی نجاستوں سے پاک رہتا ہے۔" یعنی راستہ کی گندگی اور دل کی گندگی (غرور) سے بچا رہتا ہے۔
حضورﷺ نے سادہ، باوقار اور سلیقہ کا لباس پہننے کی ہدایت فرمائی ہے۔ آپﷺ بے ڈھنگے پن کے لباس کو پسند نہیں فرماتے تھے۔
٭٭٭