اخلاقِ حسنہ

جناب عرفان خلیلی صاحب (صفی پوری)

آپﷺ کو تلاوت کا بہت شوق تھا

رسول اللہﷺ  نے قرآن شریف پڑھنے کا جو وقت مقرر کر رکھا تھا اس کے علاوہ بھی ہر وقت آپ کی زبانِ مبارک تلاوتِ قرآن سے تر رہتی تھی۔ اٹھتے بیٹھتے، چلتے پھرتے، غرض ہر حال میں آپﷺ تلاوت فرماتے رہتے۔ آپ بڑی پیاری آواز میں تلاوت فرماتے تھے۔ آپ کی ہدایت تھی کہ "قرآن کو اپنی آواز سے زینت دو، جو ایسا نہ کرے وہ ہم میں سے نہیں۔ "

 

    آپﷺ دوسروں کی زبان سے بھی قرآن شریف سننے کے بہت شوقین تھے۔ صحابہ سے قرآن سنانے کی فرمائش کیا کرتے تھے۔ ایک بار حضرت عبد اللہ ابن مسعود رضی اللہ عنہ کو قرآن سنانے کا حکم دیا۔ انھوں نے بڑی خوش الحانی سے تلاوت شروع کی۔ آپﷺ اتنے متاثر ہوئے کہ آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے۔

 

    تلاوتِ قرآنِ پاک کے سلسلے میں ہمیں یہ ہدایات ملتی ہیں:۔

    1۔ وضو کر کے تلاوت کرنا چاہئے اور جس جگہ بیٹھ کر تلاوت کریں وہ جگہ پاک و صاف ہونا چاہئے۔

    2۔ تلاوت کے وقت کعبہ کی طرف منہ کر کے بیٹھنا چاہئے اور دل لگا کر توجہ کے ساتھ تلاوت کرنا چاہئے۔

    3۔ تلاوت درمیانی آواز سے کرنا چاہئے۔ 

٭٭٭