اخلاقِ حسنہ

تحریر تحقیق و تخریج : ڈاکٹر مقبول احمد مکی

رسول معظم ﷺ کی نیند

عَنْ عَبَّادِ بْنِ تَمِیْمٍ عَنْ عَمِّہٖ رضی اللہ عنہ : اَنَّہٗ رَاٰی رَسُوْلَ اللہِ ﷺ مُسْتَلْقِیًا فِی الْمَسْجِدِ، وَاضِعًا إِحْدٰی رِجْلَیْہِ عَلَی الْاُخْرٰی۔

(اخرجہ مالک فی الموطا (۱/۱۷۲، روایۃ ابي مصعب: ۵۷۳) البخاري:۴۷۵ ومسلم : ۲۱۰۰ من حدیث مالک بہ )

سیدنا(عبداللہ بن زید بن عاصم الانصاری) عباد بن تمیم اپنے چچا سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے نبی کریم ﷺ کو مسجد میں لیٹے ہوئے دیکھا۔ آپ ﷺ نے اپنی ایک ٹانگ دوسری ٹانگ پر رکھی ہوئی تھی۔

عَنِ الْبَرَائِ بْنِ عَازِبٍ رضی اللہ عنہ اَنَّ رَسُوْلَ اللہِ ﷺ کَانَ إِذَا اَخَذَ مَضْجَعَہٗ وَضَعَ کَفَّہُ الْیُمْنٰی تَحْتَ خَدِّہِ الْیُمْنٰی وَقَالَ:(( رَبِّ قِنِيْ عَذَابَکَ یَوْمَ تَبْعَثُ عِبَادَکَ))۔(صحیح، اخرجہ الترمذي فی الشمائل: ۲۵۳ وللحدیث شواھد )

سیدنا براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ جب سونا چاہتے تو اپنی دائیں ہتھیلی اپنے دائیں رخسار کے نیچے رکھتے اور فرماتے: اے میرے رب! مجھے اس دن کے عذاب سے بچا جس دن تو اپنے بندوں کو زندہ کرے گا۔

عَنْ اَبِيْ قَتَادَۃَ رضی اللہ عنہ اَنَّ النَّبِيَّ ﷺ إِذَا عَرَّسَ بِلَیْلٍ اضْطَجَعَ عَلٰی شِقِّہِ الْاَیْمَنِ، وَإِذَا عَرَّسَ قُبَیْلَ الصُّبْحِ نَصَبَ ذِرَاعَہٗ، وَوَضَعَ رَاْسَہٗ عَلٰی کَفِّہٖ ( الترمذي فی الشمائل: ۲۵۹ ومسلم: ۶۸۳ من حدیث سلیمان بن حرب بہ )

سیدنا ابوقتادہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ جب رات کے آخری پہر سوتے تو اپنی دائیں طرف کروٹ لگا کر سوتے تھے اور جب صبح کے قریب سوتے تو اپنا سر اپنی ہتھیلی پر رکھتے اور بازو کو کھڑا کر دیتے۔

عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ رضی اللہ عنہما قَالَ : بِتُّ فِيْ بَیْتِ خَالَتِيْ مَیْمُوْنَۃَ بِنْتِ الْحَارِثِ زَوْجِ النَّبِيِّ ﷺ ، وَکَانَ النَّبِيُّ عِنْدَھَا فِيْ لَیْلَتِھَا، فَصَلَّی النَّبِيُّ ﷺ بِالْعِشَائِ، ثُمَّ جَائَ إِلٰی مَنْزِلِہٖ فَصَلّٰی اَرْبَعَ رَکَعَاتٍ، ثُمَّ نَامَ، ثُمَّ قَامَ، ثُمَّ قَالَ :(( نَامَ الْغُلَیِّمُ)) اَوْکَلِمَۃً تُشْبِھُھَا، ثُمَّ قَامَ، فَقُمْتُ عَنْ یَّسَارِہٖ، فَجَعَلَنِيْ عَنْ یَّمِیْنِہٖ، فَصَلّٰی خَمْسَ رَکَعَاتٍ ثُمَّ صَلّٰی رَکْعَتَیْنِ ثُمَّ نَامَ، حَتّٰی سَمِعْتُ غَطِیْطَہٗ اَوْخَطِیْطَہٗ، ثُمَّ خَرَجَ إِلَی الصَّلاَۃِ

(صحیح البخاري، الدعوات باب الدعاء إذا انتبہ من اللیل: ۶۳۱۶، مسلم، صلٰوۃ المسافرین: ۷۶۳ من حدیث عبدالرحمٰن بن مھدي بہ )

سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ میں اپنی خالہ اور نبی کریم ﷺ کی زوجۂ مبارکہ میمونہ بنت الحارث رضی اللہ عنہ کے گھر میں سویا۔ اس رات نبی کریم ﷺ ان کے گھر میں تھے۔ نبی کریم ﷺ نے عشاء کی نماز پڑھی۔ پھر اپنے گھر آئے تو چار رکعتیں پڑھیں پھر سوگئے پھر اٹھے اور کہا: ’’بچہ سوگیا ہے‘‘ یا اس جیسے الفاظ فرمائے۔ پھر آپ (نماز کے لیے) کھڑے ہو گئے تو میں آپ کی بائیں طرف کھڑا ہو گیا۔ آپ نے مجھے اپنی دائیں طرف کر دیا۔ پھر آپ نے پانچ رکعتیں پڑھیں پھر دو رکعتیں پڑھیں پھر سوگئے حتیٰ کہ میں نے آپ کے خراٹوں کی آواز سنی پھر آپﷺ نماز کے لیے تشریف لے گئے۔

٭٭٭

ماخذ: جریدہ ’الواقعہ‘ اور ’اسوۂ حسنہ‘

تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید