آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے دادا محترم وفات سے پہلے یہ وصیت کر کے گئے تھے کہ میرے بعد میرے اس پوتے (محمد صلی اللہ علیہ وسلم ) کی کفالت ان کے چچا ابو طالب کریں ۔ چنانچہ جناب عبدالمطلب کی وصیت کے مطابق جناب ابوطالب نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی کفالت کی ذمہ داری قبول کی۔ جناب ابو طالب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے والد محترم کے سگے بھائی تھے۔وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے بہت زیادہ محبت کرتے اورآپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے بچوں سے بھی زیادہ چاہتے تھے۔ وہ بہت زیادہ مالدار نہیں تھے لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی کفالت کی ذمہ داری اٹھانے کے بعد اللہ ربّ ا لعزّت نے ان کے تھوڑے سے مال میں خوب برکت پیدا فرمادی تھی اور ان کا تھوڑا سا مال ان کے پورے کنبہ کے لئے کافی ہو جاتا تھا۔