اخلاقِ حسنہ

جناب عرفان خلیلی صاحب (صفی پوری)

آپﷺ بہت شرمیلے تھے

شرم و حیا انسان کی قدرتی خا صیت ہے۔ یہی وہ صفت ہے جس سے ہم میں بہت سی خوبیاں پیدا ہوتی ہیں اور پرورش پاتی ہیں اور ہم بہت سی برائیوں سے بچے رہتے ہیں۔ اسی لئے تو کہا گیا ہے کہ "حیا ایمان کا ایک حصہ ہے۔" جس میں شرم و حیا نہیں وہ ایماندار نہیں۔

 

        پیارے نبیﷺ نے فرمایا کہ ننگے ہونے سے بچو کیوں کہ تمہارے ساتھ ہر وقت اللہ کے فرشتے رہتے ہیں البتہ جب تم پیشاب پاخانے کو جاتے ہو تو وہ الگ ہو جاتے ہیں تو تم ان سے شرم کرو اور ان کا خیال رکھو۔

 

        آپ کو رسولﷺ  کے بچپن کا واقعہ تو یاد ہو گا جب کعبہ کی دیوار کی مرمت ہو رہی تھی۔ بڑوں کے ساتھ بچے بھی پتھر کندھوں پر رکھ کر لا رہے تھے۔ پیارے نبیﷺ بھی ان میں شریک تھے۔ جب کندھے دکھنے لگے تو لڑکوں نے تہبند کھول کر کندھوں پر رکھ لیے۔ حضورﷺ کے چچا نے آپﷺ سے ایسا ہی کرنے کو کہا۔ جب بہت اصرار کیا تو مجبوری کی حالت میں آپﷺ نے تہبند کھولنا چاہا تو مارے شرم کے بے ہوش ہو گئے۔ جب چچا نے یہ دیکھا تو منع کر دیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ دیکھا آپ نے ہمارے نبیﷺ کتنے حیا دار تھے۔ آئیے ہم بھی بے شرمی کی باتوں سے بچیں تاکہ ہمارا اللہ ہم سے خوش ہو۔ 

٭٭٭