ابوہریرہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا بے شک تم میں سے جب کوئی کھڑا ہوتا ہے نماز کو تو آتا ہے شیطان اس کے پاس پھر بھلا دیتا ہے اس کو یہاں تک کہ اس کو یاد نہیں رہتا کہ کتنی رکعتیں پڑھیں تو جب تم میں سے کسی کو ایسا اتفاق ہو تو وہ سجدے کرے بیٹھے بیٹھے۔
امام مالک کو پہنچا کہ فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے میں بھولتا ہوں یا بھلایا جاتا ہوں تاکہ اپنی امت کے لئے ایک راہ پیدا کروں۔
امام مالک کو پہنچا کہ ایک شخص نے قاسم بن محمد بن ابوبکر صدیق سے پوچھا کہ مجھے نماز میں وہم ہوتا ہے اور بہت وہم ہوتا ہے تو قاسم نے کہا کہ تو نماز اپنی پڑھے جا اور وہم کی طرف مت خیال کر اس لئے کہ تجھے وہم کبھی نہ چھوڑے گا جب تک تو نماز سے فارغ نہ ہو اور دل میں یہ خیال رہے کہ میں نے پوری نماز پڑھی۔