اخلاقِ حسنہ

جناب عرفان خلیلی صاحب (صفی پوری)

آپﷺ بہت رحمدل تھے

اچھے اخلاق کی بنیادی صفتوں میں سے ایک صفت رحمدلی ہے۔ رحم کا جذبہ ہمیں نیکی کرنے پر ابھارتا ہے۔ یہی جذبہ ہمیں دوسروں پر ظلم کرنے سے روکتا ہے اور اچھے سلوک کرنے پر ابھارتا ہے، بدسلوکی سے بچاتا ہے۔

 

        پیارے نبیﷺ  نے فرمایا "جو رحم نہیں کرتا اس پر رحم نہیں کیا جاتا، تم زمین والوں پر رحم کرو تو آسمان والا تم پر رحم کرے گا۔"

 

        صرف انسانوں ہی کے ساتھ نہیں بلکہ بے زبان جانوروں پر بھی رحم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

        تفریح کے طور پر جو لوگ جانوروں کو لڑاتے ہیں جس سے وہ لہو لہان ہو جاتے ہیں، رسول اللہﷺ  نے اس کی ممانعت فرمائی ہے۔ ذبح کرنے سے پہلے جانور کو پانی پلانے اور چھری تیز کر لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔

 

        ایک دفعہ ایک صحابی چڑیا کے بچوں کو پکڑ لائے۔ چڑیا چوں چوں کرتی ان کے پیچھے پیچھے آئی۔ حضورﷺ نے جب یہ دیکھا تو صحابی سے فرمایا کہ بچے اس گھونسلے میں رکھ آؤ۔

        آئیے ہم بھی عہد کریں کہ ہم ہر ایک کے ساتھ بھلائی اور رحمدلی کا برتاؤ کریں گے۔

 

        تمہیں یتیموں کے چارہ گر ہو، تمہیں شکستہ دلوں کے پُرساں

        سبھی کے ہمدم، سبھی کے یارو، سلام تم پر درود تم پر

        (اقبال صفی پوری)

٭٭٭