اخلاقِ حسنہ

جناب عرفان خلیلی صاحب (صفی پوری)

آپﷺ کو صفائی و سادگی پسند تھی

رسول اللہﷺ  صفائی ستھرائی اور پاکیزگی کا انتہائی خیال رکھتے تھے۔ اسی لئے تو آپﷺ نے فرمایا ہے۔

        "صفائی آدھا ایمان ہے"

 

        ایک دفعہ ایک شخص بہت ہی میلے کپڑے پہن کر آپ کے پاس آیا تو آپﷺ نے فرمایا "کیا یہ آدمی اپنے کپڑے دھونے کی تکلیف بھی برداشت نہیں کر سکتا؟"

 

        ایک بار ایک خوشحال شخص آپﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا۔ وہ بہت ہی گھٹیا درجہ کے کپڑے پہنے ہوئے تھا۔ آپﷺ نے اس سے ارشاد فرمایا "اللہ تعالیٰ نے تم کو مال و دولت دی ہے اس کا اظہار تمہاری ظاہری حالت سے بھی ہونا چاہئے۔"

 

        مسجد کی دیواروں پر اگر تھوک وغیرہ کے نشانات دیکھتے تو آپ کو بہت برا معلوم ہوتا۔ آپ خود چھڑی سے کھرچ کر اُسے صاف کر دیتے۔ مسجد میں خوشبو کے لیے لوبان وغیرہ سلگانے کی ہدایت فرماتے۔

 

        آپﷺ خود بھی سادہ زندگی گزارتے تھے اور صحابہ کو بھی اس کی تلقین فرماتے، آپ اپنا کام خود کر لیا کرتے تھے۔

 

یہ راز اس کملی والے نے بتایا

سکوں کا راستہ بس سادگی ہے

        (اقبال صفی پوری)

٭٭٭