اخلاقِ حسنہ

جناب عرفان خلیلی صاحب (صفی پوری)

آپﷺ کس طرح کھاتے پیتے تھے؟

کھانے پینے کا سلسلے میں آپﷺ کا یہ معمول تھا کہ جو چیز سامنے رکھ دی جاتی، آپﷺ  ہنسی خوشی تناول فرما لیتے، بشرطیکہ وہ پاک و حلال ہو۔ اگر طبیعت کراہت محسوس کرتی تو ہاتھ روک لیتے مگر دسترخوان پر کھانے کی برائی نہ فرماتے۔

 

        ہاتھ دھو کر کھانا شروع کرتے اور پلیٹ کے کنارے سے کھاتے۔ بیچ میں ہاتھ نہ ڈالتے۔ اگر پلیٹ میں کچھ بچ جاتا تو آپ اسے پی لیتے یا انگلی سے چاٹ لیتے۔ کھانے سے فارغ ہو کر آپﷺ انگلیاں چاٹتے اور پھر ہاتھ دھو لیتے۔ ٹیک لگا کر کھانے سے آپﷺ  نے منع فرمایا ہے۔

 

        پانی ہمیشہ بیٹھ کر پیتے۔ آپﷺ نے فرمایا "پانی پیوں تو چوس کر پیو، برتن میں سانس مت لو بلکہ برتن ہٹا کر سانس لے لو۔ ایک ہی سانس میں پانی نہ پیو، دو یا تین دفعہ کر کے پیو۔ اس طرح پینا مفید ہے۔"

 

        آپﷺ بسم اللہ کہہ کر کھانا پینا شروع فرماتے۔ جب کھا پی چکتے تو الحمد اللہ فرماتے یا پھر یہ دعا پڑھتے:

 

        الحمد للہ الذی اطعمنا وسقانا وجعلنا من المسلمین

        ترجمہ: ساری تعریفیں اللہ ہی کے لیے ہیں جس نے ہمیں کھلایا پلایا اور ہمیں مسلمانوں میں سے بنایا۔

٭٭٭