تفسیر مدنی

سُوۡرَةُ النَّاس

(سورۃ الناس ۔ سورہ نمبر ۱۱۴ ۔ تعداد آیات ۶)

 

اللہ کے (پاک) نام سے شروع کرتا ہوں جو کہ بڑا مہربان، نہایت ہی رحم فرمانے والا ہے ۔

 

۱۔۔۔     کہو میں پناہ مانگتا ہوں سب لوگوں کے رب کی

۲۔۔۔     سب لوگوں کے بادشاہ کی

۳۔۔۔     سب لوگوں کے معبود برحق کی

۴۔۔۔     اس بڑے وسوسہ ڈالنے والے کے شر سے جو بار بار پلٹ کر آتا ہے

۵۔۔۔     جو وسوسے ڈالتا ہے لوگوں کے دلوں میں

۶۔۔۔     خواہ وہ جنوں میں سے ہو یا انسانوں میں سے

تفسیر

 

اس سورہ کریمہ میں اللہ تعالیٰ کی تین صفتوں کا واسطہ دے کر اس کی پناہ مانگنے کی تعلیم و تلقین فرمائی گئی ہے اور یہ تینوں صفتیں ایسی ہیں جن سے اللہ تعالیٰ کے اس حق کی تعیین بھی ہو جاتی ہے جو اس کے بندوں پر واجب ہے اور پھر انہی صفات کے ذریعے یہ اہم اور عظیم الشان حقیقت بھی واضح ہو جاتی ہے کہ جو ذات ان صفات سے متصف ہے وہی اس لائق ہے کہ بندے مشکلات و مصائب سے بچنے کے لئے اس کی پناہ ڈھونڈیں۔ اور وہی اس لائق ہے کہ بڑے سے بڑے دشمن کے مقابلے میں ان کو پناہ دے سکے۔ اور یہ اس طرح کہ ان میں سب سے پہلی صفت یہ بیان فرمائی گئی کہ وہ رب اور پروردگار ہے سب لوگوں کا۔ پس جو پروردگار ہے سب لوگوں کا وہی بادشاہ حقیقی ہے ان سب کا اور جس کے اندر یہ دو صفتیں پائی جاتی ہیں وہی اس لائق ہے کہ وہ سب کا معبود ہو۔ پس عبادت و بندگی کی ہر قسم اور اس کی ہر شکل اسی کا اور صرف اسی وحدہٗ لاشریک کا حق ہے اور ان تینوں صفات کے حوالے اور واسطے سے اس سب سے بڑے دشمن کے شر سے بچنے کے لئے پناہ مانگنے کی تعلیم و تلقین فرمائی گئی ہے، جو وسوسے ڈالنے والا، اور چھپ چھپ کر اور بار بار حملے کرنے والا ہے، خواہ وہ جنوں میں سے ہو یا انسانوں میں سے۔ پس جو راہ حق و ہدایت سے روکے۔ اور اس کے لئے وسوسہ اندازی سے کام لے وہ وسواس خناس ہے اگرچہ وہ انسانی شکل و صورت میں ہو۔ والعیاذ باللہ العظیم۔

 

 

*****

 

تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

اردو لائبریری ڈاٹ آرگ، کتابیں ڈاٹ آئی فاسٹ نیٹ ڈاٹ کام اور کتب ڈاٹ  فری ڈاٹ کام کی مشترکہ پیشکش

http://urdulibrary.org, http://kitaben.ifastnet.com, http://kutub.free.com