تفسیر مدنی

سُوۡرَةُ لهب / المَسَد

(سورۃ المسد ۔ سورہ نمبر ۱۱۱ ۔ تعداد آیات ۵)

 

اللہ کے (پاک) نام سے شروع کرتا ہوں جو کہ بڑا مہربان، نہایت ہی رحم فرمانے والا ہے ۔

 

۱۔۔۔     ٹوٹ گئے ابو لہب کے دونوں ہاتھ اور وہ تباہ ہو گیا

۲۔۔۔     نہ تو اس کا مال ہی اس کے کچھ کام آ سکا اور نہ ہی اس کی دوسری کمائی

۳۔۔۔     عنقریب ہی اس کو داخل ہونا ہو گا شعلے مارتی ہوئی ایک نہایت ہی ہولناک آگ میں

۴۔۔۔     اور اس کی بیوی کو بھی جو ایندھن اٹھائے پھرا کرتی تھی

۵۔۔۔     اس کے گلے میں ایک مضبوط رسی پڑی ہو گی مونجھ کی

تفسیر

 

۵ ۔۔۔ مَسَد کھجور کے اس ریشے اور چھال کو کہا جاتا ہے جس سے مضبوط رسیاں بٹی جاتی ہیں۔ اسی لئے یہ لفظ عام طور پر مضبوط اور موٹی رسی کے لئے استعمال کیا جاتا ہے اسی لئے اس کا ترجمہ مضبوط رسی کے الفاظ سے اختیار کیا جاتا ہے جیسا کہ ہم نے بھی اپنے ترجمہ میں کیا ہے والحمد للہ سو اس سے اس بدبخت عورت کے اس حال بد کی تصویر پیش فرما دی گئی ہے جس سے وہ قیامت کے روز دوچار ہو گی پس اس روز وہ اس حال میں اٹھے گی کہ ایک مضبوط رسی اس کے گلے میں پڑی ہو گی جس طرح کہ ایندھن دھونے والی باندیوں کے گلوں میں پڑی ہوتی ہے کیونکہ یہ اپنے شوہر کے ساتھ اسلام دشمنی اور کفر و شرک کے انتہائی ہولناک جرم میں اس کی معاون اور شریک تھی اس لئے وہاں پر یہ اس کے ساتھ اس ہولناک انجام میں شریک ہو گی۔ والعیاذ باللہ جل و علا