خزائن العرفان
سُوۡرَةُ العَادیَات
اللہ کے نام سے شروع جو نہایت مہربان رحم والا(ف ۱)
۱ سورۂ والعٰدیٰت بقولِ حضرت ابنِ مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ مکّیہ ہے، اور بقولِ حضرت ابنِ عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما مدنیّہ۔ اس میں ایک ۱ رکوع، گیارہ ۱۱ آیتیں، چالیس ۴۰کلمے، ایک سو ترسٹھ ۱۶۳ حرف ہیں۔
(۱) قسم ان کی جو دوڑتے ہیں سینے سے آواز نکلتی ہوئی (ف ۲)
۲ مراد ان سے غازیوں کے گھوڑے ہیں جو جہاد میں دوڑتے ہیں تو ان کے سینوں سے آوازیں نکلتی ہیں۔
(۲) پھر پتھروں سے آگ نکالتے ہیں سم مارکر (ف ۳)
۳ جب پتّھریلی زمین پر چلتے ہیں۔
(۳) پھر صبح ہوتے تاراج کرتے ہیں (ف ۴)
۴ دشمن کو۔
(۴) پھر اس وقت غبار اڑاتے ہیں۔
(۵) پھر دشمن کے بیچ لشکر میں جاتے ہیں۔
(۶) بیشک آدمی اپنے رب کا بڑا ناشکرا ہے (ف ۵)
۵ کہ اس کی نعمتوں سے مُکَر جاتا ہے۔
(۷) اور بیشک وہ اس پر (۶) خود گواہ ہے۔
۶ اپنے عمل سے۔
(۸) اور بیشک وہ مال کی چاہت میں ضرور کرّا (تیز) ہے (ف ۷)
۷ نہایت قوی و توانا ہے اور عبادت کے لئے کمزور۔
(۹) تو کیا نہیں جانتا جب اٹھائے جائیں گے (ف ۸) جو قبروں میں ہیں۔
۸ مردے۔
(۱۰) اور کھول دی جائے گی (ف ۹) جو سینوں میں ہے۔
۹ وہ حقیقت یا وہ نیکی و بدی۔
(۱۱) بیشک ان کے رب کو اس دن (ف ۱۰) ان کی سب خبر ہے (ف ۱۱)
۱۰ یعنی روزِ قیامت جو فیصلہ کا دن ہے۔
۱۱ جیسی کہ ہمیشہ ہے تو انہیں اعمالِ نیک و بدکا بدلہ دے گا۔