خزائن العرفان

سُوۡرَةُ الرَّحمٰن

اللہ کے  نام سے  شروع جو نہایت مہربان رحم والا(ف ۱)

۱                 سورۂ رحمٰن مکّیہ ہے، اس میں تین ۳رکوع اور چھتّر۷۶ یا اٹھتّر۷۸ آیتیں، تین سو اکیاون ۳۵۱کلمے، ایک ہزار چھ سو چھتّیس ۱۶۳۶ حرف ہیں۔

(۱) رحمٰن

(۲) نے  اپنے  محبوب کو قرآن سکھایا (ف ۲)

۲                 شانِ نزول : جب آیت اُسْجُدُوْا لِلرَّحْمٰنِ نازل ہوئی، کفّارِ مکّہ نے کہا رحمٰن کیا ہے، ہم نہیں جانتے، اس پر اللہ تعالیٰ نے اَلرّحمٰن نازل فرمائی کہ رحمٰن جس کا تم انکار کرتے ہو، وہی ہے جس نے قرآن نازل فرمایا، اور ایک قول یہ ہے کہ اہلِ مکّہ نے جب کہا کہ محمّد (مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہٖ و سلم ) کو کوئی بشر سکھاتا ہے تو یہ آیت نازل ہوئی اور اللہ تبارک و تعالیٰ نے فرمایا کہ رحمٰن نے قرآن اپنے حبیب محمّد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہٖ و سلم کو سکھایا۔ (خازن)

(۳) انسانیت کی جان محمد کو پیدا کیا۔

(۴) ما کان و ما یکون  کا بیان انہیں سکھایا (ف ۳)

۳                 انسان سے اس آیت میں سیّدِ عالَم محمّد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہٖ و سلم مراد ہیں اور بیان سے مَاکَانَ وَمَا یَکُوْنُ کا بیان، کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہٖ و سلم اوّلین و آخرین کی خبریں دیتے تھے۔ (خازن)

(۵) سورج اور چاند حساب سے  ہیں (ف ۴)

۴                 کہ تقدیرِ معیّن کے ساتھ اپنے بروج و منازل میں سیر کرتے ہیں اور اس میں خَلق کے لئے منافع ہیں، اوقات کے حساب، سالوں اور مہینوں کی شمار انہیں پر ہے۔

(۶) اور سبزے  اور پیڑ سجدہ کرتے  ہیں (ف ۵)

۵                 حکمِ الٰہی کے مطیع ہیں۔

(۷) اور آسمان کو  اللہ نے  بلند کیا (ف ۶) اور ترازو رکھی (ف ۷)

۶                 اور اپنے ملائکہ کا مسکن اور اپنے احکام کا جائے صدور بنایا۔

۷                 جس سے اشیاء کا وزن کیا جائے اور ان کی مقداریں معلوم ہوں تاکہ لین دین میں عدل قائم رکھا جائے۔

 (۸) کہ ترازو میں بے  اعتدا لی نہ کرو (ف ۸)

۸                 تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو۔

(۹) اور انصاف کے  ساتھ تول قائم کرو اور وزن نہ گھٹاؤ۔

(۱۰) اور زمین رکھی مخلوق کے  لیے  (ف ۹)

۹                 جو اس میں رہتی بستی ہے تاکہ اس میں آرام کریں اور فائدے اٹھائیں۔

(۱۱) اس میں میوے  اور غلاف وا لی کھجوریں (ف ۱۰)

۱۰               جن میں بہت برکت ہے۔

(۱۲) اور بھُس کے  ساتھ اناج (ف ۱۱) اور خوشبو کے  پھول۔

۱۱               مثل گیہوں، جَو وغیرہ کے۔

(۱۳) تو اے  جن و انس! تم دونوں اپنے  رب کی کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے  (ف ۱۲)

۱۲               اس سورۃ شریفہ میں یہ آیت اکتیس۳۱ بار آئی ہے، بار بار نعمتوں کا ذکر فرما کر یہ ارشاد فرمایا گیا ہے کہ اپنے رب کی کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے، یہ ہدایت و ارشاد کا بہترین اسلوب ہے تاکہ سامع کے نفس کو تنبیہ ہو اور اسے اپنے جُرم اور نا سپاسی کا حال معلوم ہو جائے کہ اس نے کس قدر نعمتوں کو جھٹلایا ہے اور اسے شرم آئے اور وہ ادائے شکر و طاعت کی طرف مائل ہو اور یہ سمجھ لے کہ اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتیں اس پر ہیں، حدیث : سیّدِ عالَم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا کہ یہ سورت میں نے جنّات کو سنائی وہ تم سے اچھا جواب دیتے تھے، جب میں آیت فَبِاَیِّ اٰلَآئی رَبِّکُمَا تُکَذِّبٰن پڑھتا، وہ کہتے اے رب ہمارے ہم تیری کسی نعمت کو نہیں جھٹلاتے تجھے حمد۔ ( الترمذی و قال غریب)

(۱۴) اس نے  آدمی کو بنا یا  بجتی مٹی سے  جیسے  ٹھیکری (ف ۱۳)

۱۳               یعنی خشک مٹی سے جو بجانے سے بجے اور کوئی چیز کھنکھناتی آواز دے، پھر اس مٹی کو تر کیا کہ وہ مثل گارے کے ہو گئی، پھر اس کو گَلایا کہ وہ مثل سیاہ کیچ کے ہو گئی۔

(۱۵) اور جن کو پیدا فرمایا آگ کے  لُوکے  (لیٹ) سے  (ف ۱۴)

۱۴               یعنی خالص بے دھوئیں والے شعلہ سے۔

(۱۶) تو تم دونوں اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۱۷) دونوں پورب کا رب اور دونوں پچھم کا رب (ف ۱۵)

۱۵               دونوں پورب اور دونوں پچھم سے مراد آفتاب کے طلوع ہونے کے دونوں مقام ہیں گرمی کے بھی اور جاڑے کے بھی، اسی طرح غروب ہونے کے بھی دونوں مقام ہیں۔

(۱۸) تو تم دونوں اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۱۹) اس نے  دو سمندر بہائے  (ف ۱۶) کہ دیکھنے  میں معلوم ہوں ملے  ہوئے  (ف ۱۷)

۱۶               شیریں اور شو ر۔

۱۷               نہ ان کے درمیان ظاہر میں کوئی فاصل، نہ حائل۔

(۲۰) اور ہے  ان میں روک (ف ۱۸) کہ ایک دوسرے  پر بڑھ نہیں سکتا (ف ۱۹)

۱۸               اللہ کی قدرت سے۔

۱۹               ہر ایک اپنی حد پر رہتا ہے اور کسی کا ذائقہ تبدیل نہیں ہوتا۔

(۲۱) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۲۲) ان میں سے  موتی اور مونگا نکلتا ہے۔

(۲۳) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۲۴) اور اسی کی ہیں وہ چلنے  والیاں کہ دریا میں اٹھی ہوئی ہیں جیسے  پہاڑ (ف ۲۰)

۲۰               جن چیزوں سے وہ کَشتیاں بنائی گئیں وہ بھی اللہ تعالیٰ نے پیدا کیں اور ان کو ترکیب دینے اور کَشتی بنانے اور صنّاعی کرنے کی عقل بھی اللہ تعالیٰ نے پیدا کی اور دریاؤں میں ان کَشتیوں کا چلنا اور تیرنا یہ سب اللہ تعالیٰ کی قدرت سے ہے۔

(۲۵) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۲۶) زمین پر جتنے  ہیں سب کو فنا ہے  (ف ۲۱)

۲۱               ہر جاندار وغیرہ ہلاک ہونے والا ہے۔

(۲۷) اور باقی ہے  تمہارے  رب کی ذات عظمت اور بزرگی والا (ف ۲۲)

۲۲               کہ وہ خَلق کے فنا کے بعد انہیں زندہ کرے گا اور ابدی حیات عطا فرمائے گا اور ایمانداروں پر لطف و کرم کرے گا۔

(۲۸) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۲۹) اسی کے  منگتا ہیں جتنے  آسمانوں اور زمین میں ہیں (ف ۲۳) اسے  ہر دن ایک کام ہے  (ف ۲۴)

۲۳               فرشتے ہوں یا جن یا انسان یا اور کوئی مخلوق، کوئی بھی اس سے بے نیاز نہیں، سب اس کے فضل کے محتاج ہیں اور زبانِ حال و قال سے اس کے حضور سائل۔

۲۴               یعنی وہ ہر وقت اپنی قدرت کے آثار ظاہر فرماتا ہے، کسی کو روزی دیتا ہے، کسی کو مارتا ہے، کسی کو جِلاتا ہے، کسی کو عزّت دیتا ہے، کسی کو ذلّت، کسی کو غنی کرتا ہے، کسی کو محتاج، کسی کے گناہ بخشتا ہے، کسی کی تکلیف رفع کرتا ہے۔ شانِ نزول : کہا گیا ہے کہ یہ آیت یہود کے رد میں نازل ہوئی جو کہتے تھے کہ اللہ تعالیٰ سنیچر کے روز کوئی کام نہیں کرتا، ان کے قول کا بطلان ظاہر فرمایا گیا، منقول ہے کہ ایک بادشاہ نے اپنے وزیر سے اس آیت کے معنیٰ دریافت کئے اس نے ایک روز کی مہلت چاہی اور نہایت متفکِّر و مغموم ہو کر اپنے مکان پر آیا، اس کے ایک حبشی غلام نے وزیر کو پریشان دیکھ کر کہا : اے میرے آقا آپ کو کیا مصیبت پیش آئی، بیان کیجئے، وزیر نے بیان کیا تو غلام نے کہا کہ اس کے معنیٰ بادشاہ کو میں سمجھا دوں گا، وزیر نے اس کو بادشاہ کے سامنے پیش کیا تو غلام نے کہا کہ اے بادشاہ اللہ کی شان یہ ہے کہ وہ رات کو دن میں داخل کرتا ہے اور دن کو رات میں اور مردے سے زندہ نکالتا ہے اور زندے سے مردہ اور بیمار کو تندرستی دیتا ہے اور تندرست کو بیمار کرتا ہے، مصیبت زدہ کو رہائی دیتا ہے اور بے غموں کو مصیبت میں مبتلا کرتا ہے، عزّت والوں کو ذلیل کرتا ہے، ذلیلوں کو عزّت دیتا ہے، مالداروں کو محتاج کرتا ہے، محتاجوں کو مالدار، بادشاہ نے غلام کا جواب پسند کیا اور وزیر کو حکم دیا کہ اس غلام کو خلعتِ وزارت پہنائے، غلام نے وزیر سے کہا اے آقا یہ بھی اللہ تعالیٰ کی ایک شان ہے۔

(۳۰) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۳۱) جلد سب کام نبٹا کر ہم تمہارے  حساب کا قصد فرماتے   ہیں اے  دونوں بھاری گروہ  (ف ۲۵)

۲۵               جن و انس کے۔

(۳۲) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۳۳) اے  جن و انسان کے  گروہ اگر تم سے  ہو سکے  کہ آسمانوں اور زمین کے  کناروں سے  نکل جاؤ تو نکل جاؤ، جہاں نکل کر جاؤ گے  اسی کی سلطنت ہے  (ف ۲۶)

۲۶               تم اس سے کہیں بھاگ نہیں سکتے۔

(۳۴) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۳۵) تم پر (ف ۲۷) چھوڑی جائے  گی بے  دھوئیں کی آگ کی لپٹ اور بے  لپٹ کا  کالا دھواں (ف ۲۸) تو پھر بدلا نہ لے  سکو گے  (ف ۲۹)

۲۷               روزِ قیامت جب تم قبروں سے نکلو گے۔

۲۸               حضرت مترجِم قدّس سِرّہٗ نے فرمایا لَپٹ میں دھواں ہو تو اس کے سب اجزاء جَلانے والے نہ ہوں گے کہ زمین کے اجزاء شامل ہیں، جن سے دھواں بنتا ہے اور دھوئیں میں لَپٹ ہو تو وہ پورا سیاہ اور اندھیرا نہ ہو گا کہ لَپٹ کی رنگت شامل ہے، ان پر بے دھوئیں کی لَپٹ بھیجی جائے گی جس کے سب اجزاء جَلانے والے اور بے لَپٹ کا دھواں جو سخت کالا اندھیرا اور اسی کے وجہ کریم کی پناہ۔

۲۹               اس عذاب سے نہ بچ سکو گے اور آپس میں ایک دوسرے کی مدد نہ کر سکو گے بلکہ یہ لَپٹ اور دھواں تمہیں محشر کی طرف لے جائیں گے، پہلے سے اس کی خبر دے دینا یہ بھی اللہ تعالیٰ کا لطف و کرم ہے تاکہ اس کی نافرمانی سے باز رہ کر اپنے آپ کو اس بَلاسے بچا سکو۔

(۳۶) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۳۷) پھر جب آسمان پھٹ ائے  گا تو گلاب کے  پھول کا سا ہو جائے  گا (ف ۳۰) جیسے  سرخ نری (بکرے  کی رنگی ہوئی کھال)

۳۰               کہ جگہ جگہ سے شق اور رنگت کا سرخ۔ (حضرت مترجِم قدّس سِرّہٗ)

(۳۸) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۳۹)  تو اس دن (ف ۳۱) گنہگار کے  گناہ کی پوچھ نہ ہو گی کسی آدمی اور جِن سے  (ف ۳۲)

۳۱               یعنی جب کہ قبروں سے اٹھائے جائیں گے اور آسمان پھٹے گا۔

۳۲               اس روز ملائکہ مجرمین سے دریافت نہ کریں گے ان کی صورتیں ہی دیکھ کر پہچان لیں گے اور سوال دوسرے وقت ہو گا جب کہ لوگ موقف میں جمع ہوں گے۔

(۴۰) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۴۱) مجرم اپنے  چہرے  سے  پہچانے  جائیں گے  (ف ۳۳)  تو ماتھا اور پاؤں پکڑ کر جہنم میں ڈالے  جائیں گے  (ف ۳۴)

۳۳               کہ ان کے منہ کالے اور آنکھیں نیلی ہوں گی۔

۳۴               پاؤں پیٹھ کے پیچھے سے لا کر پیشانیوں سے ملا دیئے جائیں گے اور گھسیٹ کر جہنّم میں ڈالے جائیں گے اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ بعضے پیشانیوں سے گھسیٹے جائیں گے بعضے پاؤں سے۔

(۴۲) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے  (ف ۳۵)

۳۵               اور ان سے کہا جائے گا۔

(۴۳) یہ ہے  وہ جہنم جسے  مجرم جھٹلاتے  ہیں۔

(۴۴) پھیرے  کریں گے  اس میں اور انتہا کے  جلتے  کھولتے  پانی میں (ف ۳۶)

۳۶               کہ جب جہنّم کی آگ سے جل بھُن کر فریاد کریں گے تو انہیں جلتا، کھولتا پانی پلایا جائے گا اور اس کے عذاب میں مبتلا کئے جائیں گے۔ خدا کی نافرمانی کے اس انجام سے آگاہ فرما دینا اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے۔

(۴۵) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۴۶)  اور جو اپنے  رب کے  حضور کھڑے  ہونے  سے  ڈرے  (ف ۳۷) اس کے  لیے  دو جنتیں ہیں (ف ۳۸)

۳۷               یعنی جسے اپنے رب کے حضور روزِ قیامت موقف میں حساب کے لئے کھڑے ہونے کا ڈر ہو اور وہ معاصی ترک کرے اور فرائض بجا لائے۔

۳۸               جنّتِ عدن اور جنّتِ نعیم۔ اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایک جنّت رب سے ڈر نے کا صلہ اور ایک شہوات ترک کرنے کا صلہ۔

(۴۷) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۴۸) بہت سی ڈالوں والیاں ف (ف ۳۹)

۳۹               اور ہر ڈالی میں قِسم قِسم کے میوے۔

(۴۹) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۵۰) ان میں دو چشمے  بہتے  ہیں (ف ۴۰)

۴۰               ایک آبِ شیریں کا، اور ایک شرابِ پاک کا، یا ایک تسنیم، دوسرا سلسبیل۔

(۵۱) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۵۲) ان میں ہر میوہ دو دو قسم  کا۔

(۵۳) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۵۴) اور ایسے  بچھونوں پر تکیہ لگائے  جن کا  اَستر قناویز کا (ف ۴۱) اور دونوں کے  میوے  اتنے  جھکے  ہوئے  کہ نیچے  سے  چن لو (ف ۴۲)

۴۱               یعنی سنگین ریشم کا، جب استر کا یہ حال ہے تو ابرا کیسا ہو گا، سبحان اللہ۔

۴۲               حضرت ابنِ عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے فرمایا کہ درخت اتنا قریب ہو گا کہ اللہ تعالیٰ کے پیارے کھڑے، بیٹھے اس کا میوہ چُن لیں گے۔

(۵۵) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۵۶) ان بچھونوں پر وہ عورتیں ہیں کہ شوہر کے  سوا  کسی کو آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھتیں (ف ۴۳) ان سے  پہلے  انہیں نہ چھوا کسی آدمی اور نہ جِن نے۔

۴۳               جنّتی بیبیاں اپنے شوہر سے کہیں گی مجھے اپنے رب کے عزّت و جلال کی قَسم جنّت میں مجھے کوئی چیز تجھ سے زیادہ اچھی نہیں معلوم ہوتی تو اس خدا کی حمد جس نے تجھے میرا شوہر کیا اور مجھے تیری بی بی بنایا۔

(۵۷) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۵۸) گویا وہ لعل اور یاقوت اور مونگا ہیں (ف ۴۴)

۴۴               صفائی اور خوش رنگی میں۔ حدیث شریف میں ہے کہ جنّتی حوروں کے صفائے ابدان کا یہ عالَم ہے کہ ان کی پنڈلی کا مغز اس طرح نظر آتا ہے جس طرح آبگینہ کی صراحی میں شرابِ سرخ۔

(۵۹) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۶۰) نیکی کا بدلہ کیا ہے  مگر نیکی (ف ۴۵)

۴۵               یعنی جس نے دنیا میں نیکی کی اس کی جزا آخرت میں احسانِ الٰہی ہے۔ حضرت ابنِ عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے فرمایا کہ جولَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ کا قائل ہو اور شریعتِ محمّدیہ صلی اللہ علیہ و آلہٖ و سلم پر عامل، اس کی جزا جنّت ہے۔

(۶۱) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۶۲) اور ان کے  سوا  دو جنتیں اور ہیں (ف ۴۶)

۴۶               حدیث شریف میں ہے کہ دو جنّتیں تو ایسی ہیں جن کے ظروف اور سامان چاندی کے ہیں اور دو جنّتیں ایسی کہ جن کے ظروف و اسباب سونے کے، اور ایک قول یہ بھی ہے کہ پہلی دو جنّتیں سونے اور چاندی کی اور دوسری یاقوت و زبرجد کی۔

(۶۳) تو اپنے  رب کی  کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۶۴) نہایت سبزی سے  سیاہی کی جھلک دے  رہی ہیں۔

(۶۵) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۶۶) ان میں دو چشمے  ہیں چھلکتے  ہوئے۔

(۶۷) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۶۸) ان میں میوے  اور کھجوریں اور انار ہیں۔

(۶۹) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۷۰) ان میں عورتیں ہیں عادت کی نیک صورت کی اچھی

(۷۱) تو  اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۷۲) حوریں ہیں خیموں میں پردہ نشین (ف ۴۷)

۴۷               کہ ان خیموں سے باہر نہیں نکلتیں یہ ان کی شرافت و کرامت ہے۔ حدیث شریف میں ہے کہ اگر جنّتی عورتوں میں سے زمین کی طرف کسی ایک کی جھلک پڑ جائے تو آسمان و زمین کے درمیان کی تمام فضا روشن ہو جائے اور خوشبو سے بھر جائے، اور ان کے خیمے موتی اور زبر جد کے ہوں گے۔

(۷۳) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۷۴) ان سے  پہلے  انہیں ہاتھ نہ لگایا کسی آدمی اور نہ کسی جِن نے۔

(۷۵) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے  (ف ۴۸)

۴۸               اور ان کے شوہر جنّت میں عیش کریں گے۔

(۷۶) تکیہ لگائے  ہوئے  سبز بچھونوں  اور منقش خوبصورت چاندنیوں پر۔

(۷۷) تو اپنے  رب کی کونسی نعمت جھٹلاؤ گے۔

(۷۸) بڑی برکت والا ہے  تمہارے  رب کا نام جو عظمت  اور بزرگی والا۔