خزائن العرفان

سورة طٰه

اللہ کے  نام سے  شروع جو نہایت مہربان رحم والا (ف ۱)

۱                 سورۂ طٰہٰ مکیہ ہے اس میں آٹھ رکوع ہیں ایک سو پینتیس آیتیں اور ایک ہزار چھ سو اکتالیس ۱۶۴۱کلمے اور پانچ ہزار دو سو بیالیس ۵۲۴۲ حروف ہیں۔

(۱)  طٰهٰ

(۲) اے  محبوب! ہم نے  تم پر یہ قرآن اس لیے  نہ اتارا کہ مشقت میں پڑو (ف ۲)

۲                 اور تمام شب کے قیام کی تکالیف اٹھاؤ۔ شانِ نُزول : سیدِ عالَم صلی اللہ علیہ و آلہٖ و سلم عبادت میں بہت جہد فرماتے تھے اور تمام شب قیام میں گزارتے یہاں تک کہ قدم مبارک ورم کر آتے۔ اس پر یہ آیتِ کریمہ نازِل ہوئی اور جبریل علیہ السلام نے حاضر ہو کر بحکمِ الٰہی عرض کیا کہ اپنے نفسِ پاک کو کچھ راحت دیجئے اس کا بھی حق ہے۔ ایک قول یہ بھی ہے کہ سیدِ عالَم صلی اللہ علیہ و آلہٖ و سلم لوگوں کے کُفر اور ان کے ایمان سے محروم رہنے پر بہت زیادہ متاسّف و متحسّر رہتے تھے اور خاطرِ مبارک پر اس سبب سے رنج و ملال رہا کرتا تھا اس آیت میں فرمایا گیا کہ آپ رنج و ملال کی کوفت نہ اٹھائیں قرآنِ پاک آپ کی مشقت کے لئے نازِل نہیں کیا گیا ہے۔

(۳) ہاں اس کو نصیحت جو ڈر رکھتا ہو (ف ۳)

۳                 وہ اس سے نفع اٹھائے گا اور ہدایت پائے گا۔

(۴) اس کا اتارا ہوا جس نے  زمین اور اونچے  آسمان بنائے۔

(۵) وہ بڑی مہر والا، اس نے  عرش پر استواء فرمایا جیسا  اس کی شان کے  لائق ہے۔

(۶) اس کا ہے  جو کچھ آسمانوں میں ہے  اور جو کچھ زمین میں اور جو کچھ ان کے  بیچ میں اور جو کچھ اس گیلی مٹی کے  نیچے  ہے  (ف ۴)

۴                 جو ساتوں زمینوں کے نیچے ہے۔ مراد یہ ہے کہ کائنات میں جو کچھ ہے عرش و سماوات، زمین و تحت الثریٰ، کچھ ہو،کہیں ہو، سب کا مالک اللہ ہے۔

(۷) اور اگر تو بات پکار کر کہے  تو وہ تو بھید کو جانتا ہے  اور اسے  جو اس سے  بھی زیادہ چھپا ہے  (ف ۵)

۵                 سِر یعنی بھید وہ ہے جس کو آدمی رکھتا اور چھُپاتا ہے اور اس سے زیادہ پوشیدہ وہ ہے جس کو انسان کرنے والا ہے مگر ابھی جانتا بھی نہیں نہ اس سے اس کا ارادہ متعلق ہوا، نہ اس تک خیال پہنچا۔ ایک قول یہ ہے کہ بھید سے مراد وہ ہے جس کو انسانوں سے چھُپاتا ہے اور اس سے زیادہ چھُپی ہوئی چیز وسوسہ ہے۔ ایک قول یہ ہے کہ بھید بندہ کا وہ ہے جسے بندہ خود جانتا ہے اور اللہ تعالیٰ جانتا ہے اس سے زیادہ پوشیدہ ربّانی اسرار ہیں جن کو اللہ جانتا ہے بندہ نہیں جانتا۔ آیت میں تنبیہ ہے کہ آدمی کو قبائحِ افعال سے پرہیز کرنا چاہیئے وہ ظاہرہ ہوں یا باطنہ کیونکہ اللہ تعالیٰ سے کچھ چھُپا نہیں اور اس میں نیک اعمال پر ترغیب بھی ہے کہ طاعت ظاہر ہو یا باطن اللہ سے چھپی نہیں وہ جزا عطا فرمائے گا۔ تفسیرِ بیضاوی میں قول سے ذکرِ الٰہی اور دعا مراد لی ہے اور فرمایا ہے کہ اس آیت میں اس پر تنبیہ کی گئی ہے کہ ذکر و دعا میں جہر اللہ تعالیٰ کو سنانے کے لئے نہیں ہے بلکہ ذکر کو نفس میں راسخ کرنے اور نفس کو غیر کے ساتھ مشغولی سے روکنے اور باز رکھنے کے لئے ہے۔

(۸) اللہ کہ اس کے  سوا کسی کی بندگی نہیں، اسی کے  ہیں سب اچھے  نام (ف ۶)

۶                 وہ واحد بالذات ہے اور اسماء و صفات عبارات ہیں اور ظاہر ہے کہ تعدّدِ عبارات تعدّدِ معنیٰ کو مقتضی نہیں۔

(۹) اور کچھ تمہیں موسیٰ کی خبر آئی (ف ۷)

۷                 حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام کے احوال کا بیان فرمایا گیا تاکہ معلوم ہو کہ انبیاء علیہم السلام جو درجۂ عُلیا پاتے ہیں وہ ادائے فرائضِ نبوّت و رسالت میں کس قدر مشقّتیں برداشت کرتے اور کیسے کیسے شدائد پر صبر فرماتے ہیں۔ یہاں حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام کے اس سفر کا واقعہ بیان فرمایا جاتا ہے جس میں آپ مدیَن سے مِصر کی طرف حضرت شعیب علیہ الصلوٰۃ والسلام سے اجازت لے کر اپنی والدہ ماجدہ سے ملنے کے لئے روانہ ہوئے تھے، آپ کے اہلِ بیت ہمراہ تھے اور آپ نے بادشاہانِ شام کے اندیشہ سے سڑک چھوڑ کر جنگل میں قطعِ مسافت اختیار فرمائی، بی بی صاحبہ حاملہ تھیں، چلتے چلتے طور کے غربی جانب پہنچے یہاں رات کے وقت بی بی صاحبہ کو دردِ زہ شروع ہوا، یہ رات اندھیری تھی، برف پڑ رہا تھا، سردی شدت کی تھی، آپ کو دور سے آگ معلوم ہوئی۔

(۱۰) جب اس نے  ایک آگ دیکھی تو اپنی بی بی سے  کہا ٹھہرو مجھے  ایک آگ نظر پڑی ہے  شاید میں تمہارے  لیے  اس میں سے  کوئی چن گاری لاؤں یا  آ  گ  پر راستہ پاؤں۔

(۱۱) پھر جب آگ کے  پاس آیا (ف ۸) ندا فرمائی گئی کہ اے  موسیٰ۔

۸                 وہاں ایک درخت سرسبز و شاداب دیکھا جو اوپر سے نیچی تک نہایت روشن تھا جتنا اس کے قریب جاتے ہیں دور ہوتا ہے جب ٹھہر جاتے ہیں قریب ہوتا ہے اس وقت آپ کو۔

(۱۲) بیشک میں تیرا رب ہوں تو تو اپنے  جوتے  اتار ڈال (ف ۹) بیشک تو پاک جنگل طویٰ میں ہے  (ف ۱۰)

۹                 کہ اس میں تواضع اور بقعۂ معظّمہ کا احترام اور وادیِ مقدّس کی خاک سے حصولِ برکت کا موقع ہے۔

۱۰               طویٰ وادی کا مقدّس کا نام ہے جہاں یہ واقعہ پیش آیا۔

(۱۳) اور میں نے  تجھے  پسند کیا (ف ۱۱) اب کان لگا کر سن جو تجھے  وحی ہوتی ہے۔

۱۱               تیری قوم میں سے نبوّت و رسالت و شرفِ کلام کے ساتھ مشرّف فرمایا۔ یہ ندا حضرت موسیٰ علیہ الصلیوۃ والسلام نے اپنے ہر جزوِ بدن سے سنی اور قوّتِ سامعہ ایسی عام ہوئی کہ تمام جسمِ اقدس کان بن گیا سبحان اللہ۔

(۱۴) بیشک میں ہی ہوں اللہ کہ میرے  سوا کوئی معبود نہیں تو میری بندگی کر اور میری یاد کے  لیے  نماز قائم رکھ (ف ۱۲)

۱۲               تاکہ تو اس میں مجھے یاد کرے اور میری یاد میں اخلاص ا ور میری رضا مقصود ہو کوئی دوسری غرض نہ ہو اسی طرح ریا کا دخل نہ ہو یا یہ معنیٰ ہیں کہ تو میری نماز قائم رکھ تاکہ میں تجھے اپنی رحمت سے یاد فرماؤں۔ فائدہ : اس سے معلوم ہوا کہ ایمان کے بعد اعظم فرائض نماز ہے۔

(۱۵) بیشک قیامت آنے  وا لی ہے  قریب تھا کہ میں اسے  سب سے  چھپاؤں (ف ۱۳) کہ ہر جان اپنی کوشش کا بدلہ پائے  (ف ۱۴)

۱۳               اور بندوں کو اس کے آنے کے خبر نہ دوں اور اس کے آنے کی خبر نہ دی جاتی اگر اس خبر دینے میں یہ حکمت نہ ہوتی۔

۱۴               اور اس کے خوف سے مَعاصی ترک کرے نیکیاں زیادہ کرے اور ہر وقت توبہ کرتا رہے۔

(۱۶) تو ہرگز تجھے  (ف ۱۵) اس کے  ماننے  سے  وہ باز نہ  رکھے  جو اس پر ایمان نہیں لاتا  اور اپنی خواہش کے م پیچھے  چلا (ف ۱۶) پھر تو ہلاک ہو جائے۔

۱۵               اے اُمّتِ موسیٰ۔ خِطاب بظاہر حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام کو ہے اور مراد اس سے آپ کی اُمّت ہے۔ (مدارک)۔

۱۶               اگر تو اس کا کہنا مانے اور قیامت پر ایمان نہ لائے تو۔

(۱۷) اور یہ تیرے  داہنے  ہاتھ میں کیا ہے  اے  موسیٰ (ف ۱۷)

۱۷               اس سوال کی حکمت یہ ہے کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام اپنے عصا کو دیکھ لیں اور یہ بات قلب میں خوب راسخ ہو جائے کہ یہ عصا ہے تاکہ جس وقت وہ سانپ کی شکل میں ہو تو آپ کی خاطرِ مبارک پر کوئی پریشانی نہ ہو یا یہ حکمت ہے کہ حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام کو مانوس کیا جائے تاکہ ہیبتِ مکالمت کا اثر کم ہو۔ (مدارک وغیرہ )۔

(۱۸)  عرض کی یہ میرا عصا ہے  (ف ۱۸) میں اس پر تکیہ لگاتا ہوں اور اس سے  اپنی بکریوں پر پتے  جھاڑتا ہوں اور میرے  اس میں اور کام ہیں (ف ۱۹)

۱۸               اس عصا میں اوپر کی جانب دو شاخیں تھیں اور اس کا نام نبعہ تھا۔

۱۹               مثل توشہ اور پانی اٹھانے اور موذی جانوروں کو دفع کرنے اور اعداء سے محاربہ میں کام لینے وغیرہ کے، ان فوائد کا ذکر کرنا بطریقِ شکرِ نِعَمِ الٰہیہ تھا، اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام سے۔

(۱۹) فرمایا اسے  ڈال دے  اے  موسیٰ۔

(۲۰) تو موسیٰ نے  ڈال دیا تو جبھی وہ دوڑتا ہوا سانپ ہو گیا (ف ۲۰)

۲۰               اور قدرتِ الٰہی دکھائی گئی کہ جو عصا ہاتھ میں رہتا تھا اور اتنے کاموں میں آتا تھا اب اچانک وہ ایسا ہیبت ناک اژدہا بن گیا یہ حال دیکھ کر حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام کو خوف ہوا تو اللہ تعالیٰ نے ان سے۔

(۲۱) فرمایا اسے  اٹھا لے  اور ڈر نہیں، اب ہم اسے  پھر پہلی طرح کر دیں گے  (ف ۲۱)

۲۱               یہ فرماتے ہی خوف جاتا رہا حتی کہ آپ نے اپنا دستِ مبارک اس کے منہ میں ڈال دیا اور وہ آپ کے ہاتھ لگاتے ہی مثلِ سابق عصا بن گیا اب اس کے بعد ایک اور معجِزہ عطا فرمایا جس کی نسبت ارشاد فرمایا۔

(۲۲) اور اپنا ہاتھ اپنے  بازو سے  ملا (ف ۲۲) خوب سپید نکلے  گا بے  کسی مرض کے  (ف ۲۳) ایک اور نشانی  (ف ۲۴)

۲۲               یعنی کفِ دستِ راست بائیں بازو سے بغل کے نیچے ملا کر نکالئے تو آفتاب کی طرح چمکتا نگاہوں کو خیرہ کرتا اور۔

۲۳               حضرت ابنِ عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے فرمایا کہ حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام کے دستِ مبارک سے رات و دن میں آفتاب کی طرح نور ظاہر ہوتا تھا اور یہ معجِزہ آپ کے اعظم معجزات میں سے ہے جب آپ دوبارہ اپنا دست مبارک بغل کے نیچے رکھ کر بازو سے ملاتے تو وہ دستِ اقدس حالتِ سابقہ پر آ جاتا۔

۲۴               آپ کے صدقِ نبوّت کی عصا کے بعد اس نشانی کو بھی لیجئے۔

(۲۳) کہ ہم تجھے  اپنی بڑی بڑی نشانیاں دکھائیں۔

(۲۴) فرعون کے  پاس جا (ف ۲۵) اس نے  سر اٹھایا (ف ۲۶)

۲۵               رسول ہو کر۔

۲۶               اور کُفر میں حد سے گزر گیا اور الوہیّت کا دعویٰ کرنے لگا۔

(۲۵) عرض کی اے  میرے  رب میرے  لیے  میرا سینہ کھول دے  (ف ۲۷)

۲۷               اور اسے تحمّلِ رسالت کے لئے وسیع فرما دے۔

(۲۶) اور میرے  لیے  میرا کام آسان کر۔

(۲۷) اور میری زبان کی گرہ کھول دے، (ف ۲۸)

۲۸               جو خورد سالی میں آگ کا انگارہ منہ میں رکھ لینے سے پڑ گئی ہے اور اس کا واقعہ یہ تھا کہ بچپن میں آپ ایک روز فرعون کی گود میں تھے آپ نے اس کی داڑھی پکڑ کر اس کے منہ پر زور سے طمانچہ مارا اس پر اسے غصہ آیا اور اس نے آپ کے قتل کا ارادہ کیا آسیہ نے کہا کہ اے بادشاہ یہ نادان بچہ ہے کیا سمجھے ؟ تو چاہے تو تجربہ کر لے اس تجربہ کے لئے ایک طشت میں آگ اور ایک طشت میں یاقوت سرخ آپ کے سامنے پیش کئے گئے آپ نے یاقوت لینا چاہا مگر فرشتہ نے آپ کا ہاتھ انگارہ پر رکھ دیا اور وہ انگارہ آپ کے منہ میں دے دیا اس سے زبانِ مبارک جل گئی اور لکنت پیدا ہو گئی اس کے لئے آپ نے یہ دعا کی۔

(۲۸) کہ وہ میری  بات سمجھیں۔

(۲۹) اور میرے  لیے  میرے  گھر والوں میں سے  ایک وزیر کر دے، (ف ۲۹)

۲۹               جو میرا معاون اور معتمد ہو۔

(۳۰)  وہ کون میرا بھائی ہارون۔

(۳۱)  اس  سے  میری کمر مضبوط کر۔

(۳۲) اور اسے  میرے  کام میں شریک کر (ف ۳۰)

۳۰               یعنی امرِ نبوّت و تبلیغِ رسالت میں۔

(۳۳) کہ ہم بکثرت تیری پاکی بولیں۔

(۳۴)  اور بکثرت تیری یاد کریں (ف ۳۱)

۳۱               نمازوں میں بھی اور خارجِ نماز بھی۔

(۳۵) بیشک تو ہمیں دیکھ رہا ہے  (ف ۳۲)

۳۲               ہمارے احوال کا عالِم ہے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام کی اس درخواست پر اللہ تعالیٰ نے۔

(۳۶) فرمایا اے  موسیٰ تیری مانگ تجھے  عطا ہوئی۔

(۳۷) اور بیشک ہم نے  (ف ۳۳) تجھ پر ایک بار اور احسان فرمایا

۳۳               اس سے قبل۔

(۳۸) جب ہم نے  تیری ماں کو الہام کیا جو الہام کرنا تھا (ف ۳۴)

۳۴               دل میں ڈال کر یا خواب کے ذریعے سے جبکہ انہیں آپ کی ولادت کے وقت فرعون کی طرف سے آپ کو قتل کر ڈالنے کا اندیشہ ہوا۔

(۳۹) کہ اس بچے  کو صندوق میں رکھ کر دریا میں (ف ۳۵) ڈال دے ،تو دریا اسے  کنارے  پر ڈالے  کہ اسے  وہ اٹھا لے  جو میرا دشمن اور اس کا دشمن (ف ۳۶) اور میں نے  تجھ پر اپنی طرف کی محبت ڈا لی (ف ۳۷) اور اس لیے  کہ تو میری نگاہ کے  سامنے  تیار ہو (ف ۳۸)

۳۵               یعنی نیل میں۔

۳۶               یعنی فرعون چنانچہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کی والدہ نے ایک صندو ق بنایا اور اس میں روئی بچھائی اور حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام کو اس میں رکھ کر صندوق بند کر دیا اور اس کی درزیں روغنِ قیر سے بند کر دیں آپ اس صندوق کے اندر پانی میں پہنچے پھر اس صندوق کو دریائے نیل میں بہا دیا اس دریا سے ایک بڑی نہر نکل کر فرعون کے محل میں گرتی تھی فرعون مع اپنی بی بی آسیہ نہر کے کنارہ بیٹھا تھا نہر میں صندوق آتا دیکھ کر اس نے غلاموں اور کنیزوں کو اس کے نکالنے کا حکم دیا وہ صندوق نکال کر سامنے لایا گیا کھولا تو اس میں ایک نورانی شکل فرزند جس کی پیشانی سے وجاہت و اقبال کے آثار نمودار تھے نظر آیا دیکھتے ہی فرعون کے دل میں ایسی مَحبت پیدا ہوئی کہ وہ وارفتہ ہو گیا اور عقل و حواس بجا نہ رہے اپنے اختیار سے باہر ہو گیا اس کی نسبت اللہ تبارک و تعالیٰ فرماتا ہے۔

۳۷               حضرت ابنِ عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں محبوب بنایا اور خَلق کا محبوب کر دیا اور جس کو اللہ تبارک و تعالیٰ اپنی محبوبیت سے نوازتا ہے قلوب میں اس کی مَحبت پیدا ہو جاتی ہے جیسا کہ حدیث شریف میں وارد ہوا یہی حال حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام کا تھا جو آپ کو دیکھتا تھا اسی کے دل میں آپ کی مَحبت پیدا ہو جاتی تھی۔ قتادہ نے کہا کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کی آنکھوں میں ایسی ملاحت تھی جسے دیکھ کر ہر دیکھنے والے کے دل میں مَحبت جوش مارنے لگتی تھی۔

۳۸               یعنی میری حفاظت و نگہبانی میں پرورش پائے۔

(۴۰) تیری بہن چلی (ف ۳۹) پھر کہا کیا میں تمہیں وہ لوگ بتا دوں جو اس بچہ کی پرورش کریں (ف ۴۰) تو ہم تجھے  تیری ماں کے  پاس پھیر لائے  کہ اس کی آنکھ (ف ۴۱) ٹھنڈی ہو اور غم نہ کرے  (ف ۴۲) اور تو نے  ایک جان کو قتل کیا (ف ۴۳) تو ہم نے  تجھے  غم سے  نجات دی اور تجھے  خوب جانچ لیا (ف ۴۴) تُو تو کئی برس مدین والوں میں رہا (ف ۴۵) پھر تو ایک ٹھہرائے  وعدہ پر حاضر ہوا  اے  موسیٰ! (ف ۴۶)

۳۹               جس کا نام مریم تھا تاکہ وہ آپ کے حال کا تجسّس کرے اور معلوم کرے کہ صندوق کہاں پہنچا آپ کس کے ہاتھ آئے جب اس نے دیکھا کہ صندوق فرعون کے پاس پہنچا اور وہاں دودھ پلانے کے لئے دائیاں حاضر کی گئیں اور آپ نے کسی کی چھاتی کو منہ نہ لگایا تو آپ کی بہن نے۔

۴۰               ان لوگوں نے اس کو منظور کیا وہ اپنی والدہ کو لے گئیں آپ نے ان کا دودھ قبول فرمایا۔

۴۱               آپ کے دیدار سے۔

۴۲               یعنی غمِ فراق دور ہو اس کے بعد حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ایک اور واقعہ کا ذکر فرمایا جاتا ہے۔

۴۳               حضرت ابنِ عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے فرمایا کہ حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرعون کی قوم کے ایک کافِر کو مارا تھا وہ مرگیا، کہا گیا ہے کہ اس وقت آپ کی عمر شریف بارہ سال کی تھی اس واقعہ پر آپ کو فرعون کی طرف سے اندیشہ ہوا۔

۴۴               محنتوں میں ڈال کر اور ان سے خلاصی عطا فرما کر۔

۴۵               مدیَن ایک شہر ہے مِصر سے آٹھ منزل فاصلہ پر یہاں حضرت شعیب علیہ الصلوٰۃ والسلام رہتے تھے حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام مِصر سے مدیَن آئے اور کئی برس تک حضرت شعیب علیہ الصلوٰۃ والسلام کے پاس اقامت فرمائی اور ان کی صاحبزادی صفوراء کے ساتھ آپ کا نکاح ہوا۔

۴۶               یعنی اپنی عمر کے چالیسویں سال اور یہ وہ سن ہے کہ انبیاء کی طرف اس سن میں وحی کی جاتی ہے۔

(۴۱) اور میں نے  تجھے  خاص اپنے  لیے  بنایا (ف ۴۷)

۴۷               اپنی وحی اور رسالت کے لئے تاکہ تو میرے ارادہ اور میری مَحبت پر تصرُّف کرے اور میری حُجّت پر قائم رہے اور میرے اور میری خَلق کے درمیان خِطاب پہنچانے والا ہو۔

(۴۲) تو اور تیرا بھائی دونوں میری نشانیاں (ف ۴۸) لے  کر جاؤ اور میری یاد میں سستی نہ کرنا۔

۴۸               یعنی معجزات۔

(۴۳)  دونوں فرعون کے  پاس جاؤ بیشک اس نے  سر اٹھایا۔

(۴۴) تو اس سے  نرم بات کہنا (ف ۴۹) اس امید پر کہ وہ دھیان کرے  یا کچھ ڈرے  (ف ۵۰)

۴۹               یعنی اس کو بہ نرمی نصیحت فرمانا اور نرمی کا حکم اس لئے تھا کہ اس نے بچپن میں آپ کی خدمت کی تھی اور بعض مفسِّرین نے فرمایا کہ نرمی سے مراد یہ ہے کہ آپ اس سے وعدہ کریں کہ اگر وہ ایمان قبول کرے گا تو تمام عمر جوان رہے گا کبھی بڑھاپا نہ آئے گا اور مرتے دم تک اس کی سلطنت باقی رہے گی اور کھانے پینے اور نکاح کی لذّتیں تا دمِ مرگ باقی رہیں گی ا ور بعدِ موت دخولِ جنتّ میسّر آئے گا جب حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرعون سے یہ وعدے کئے تو اس کو یہ بات بہت پسند آئی لیکن وہ کسی کام پر بغیر مشورۂ ہامان کے قطعی فیصلہ نہیں کرتا تھا، ہامان موجود نہ تھا جب وہ آیا تو فرعون نے اس کو یہ خبر دی اور کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ہدایت پر ایمان قبول کر لوں، ہامان کہنے لگا میں تو تجھ کو عاقل و دانا سمجھتا تھا تو رب ہے بندہ بنا چاہتا ہے، تو معبود ہے عابد بننے کی خواہش کرتا ہے ؟ فرعون نے کہا تو نے ٹھیک کہا اور حضرت ہارون علیہ السلام مِصر میں تھے اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کو حکم کیا کہ وہ حضرت ہارون کے پاس آئیں اور حضرت ہارون علیہ السلام کو وحی کی کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام سے ملیں چنانچہ وہ ایک منزل چل کر آپ سے ملے اور جو وحی انہیں ہوئی تھی اس کی حضرت موسیٰ علیہ السلام کو اطلاع دی۔

۵۰               یعنی آپ کی تعلیم و نصیحت اس امید کے ساتھ ہونی چاہیئے تاکہ آپ کے لئے اجر اور اس پر الزامِ حُجّت اور قطع عذر ہو جائے اور حقیقت میں ہونا تو وہی ہے جو تقدیرِ الٰہی ہے۔

 (۴۵) دونوں نے  عرض کیا، اے  ہمارے  رب! بیشک ہم ڈرتے  ہیں کہ وہ ہم پر زیادتی کرے  یا شرارت سے  پیش آئے۔

(۴۶) فرمایا ڈرو نہیں میں تمہارے  ساتھ ہوں (ف ۵۱) سنتا اور دیکھتا (ف ۵۲)

۵۱               اپنی مدد سے۔

۵۲               اس کے قول و فعل کو۔

(۴۷) تو اس کے  پاس جاؤ اور اس سے  کہو کہ ہم تیرے  رب کے  بھیجے  ہوئے  ہیں تو اولاد یعقوب کو ہمارے  ساتھ چھوڑ دے  (ف ۵۳) اور انہیں تکلیف نہ دے  (ف ۵۴) بیشک ہم تیرے  رب کی طرف سے  نشانی لائے  ہیں (ف ۵۵) اور سلامتی اسے  جو ہدایت کی پیروی کرے  (ف ۵۶)

۵۳               اور انہیں بندگی و اسیری سے رہا کر دے۔

۵۴               محنت و مشقت کے سخت کام لے کر۔

۵۵               یعنی معجزے جو ہمارے صدقِ نبوّت کی دلیل ہیں فرعون نے کہا وہ کیا ہیں ؟ تو آپ نے معجِزۂ یدِ بیضا دکھایا۔

۵۶               یعنی دونوں جہان میں اس کے لئے سلامتی ہے وہ عذاب سے محفوظ رہے گا۔

(۴۸) بیشک ہماری طرف وحی ہوتی ہے  کہ عذاب اس پر ہے  جو جھٹلائے  (ف ۵۷) اور منہ پھیرے  (ف ۵۸)

۵۷               ہماری نبوّت کو اور ان احکام کو جو ہم لائے۔

۵۸               ہماری ہدایت سے حضرت موسیٰ و حضرت ہارون علیہما السلام نے فرعون کو یہ پیغام پہنچا دیا تو وہ۔

(۴۹) بولا تو تم دونوں کا خدا کون ہے  اے  موسیٰ۔

(۵۰)  کہا ہمارا رب وہ ہے  جس نے  ہر چیز کو اس کے  لائق صورت دی (ف ۵۹) پھر راہ دکھائی (ف ۶۰)

۵۹               ہاتھ کو اس کے لائق ایسی کہ کسی چیز کو پکڑ سکے، پاؤں کو اس کے قابل کہ چل سکے، زبان کو اس کے مناسب کہ بول سکے، آنکھ کو اس کے موافق کہ دیکھ سکے، کان کو ایسی کہ سن سکے۔

۶۰               اور اس کی معرفت دی کہ دنیا کی زندگانی اور آخرت کی سعادت کے لئے اللہ کی عطا کی ہوئی نعمتوں کو کس طرح کام میں لایا جائے۔

(۵۱) بولا (ف ۶۱) اگلی سنگتوں (قوموں ) کا کیا حال ہے  (ف ۶۲)

۶۱               فرعون۔

۶۲               یعنی جو اُمّتیں گزر چکی ہیں مثل قومِ نوح و عاد و ثمود کے جو بُتوں کو پُوجتے تھے اور بَعث بعد الموت یعنی مرنے کے بعد زندہ کر کے اُٹھائے جانے کے منکِر تھے اس پر حضرت موسیٰ علیہ السلام نے۔

(۵۲)  کہا ان کا علم میرے  رب کے  پاس ایک کتاب میں ہے  (ف ۶۳) میرا رب نہ بہکے  نہ بھولے۔

۶۳               یعنی لوحِ محفوظ میں ان کے تمام احوال مکتوب ہیں روزِ قیامت انہیں ان اعمال پر جزا دی جائے گی۔

(۵۳) وہ جس نے  تمہارے  لیے  زمین کو بچھونا کیا اور تمہارے  لیے  اس میں چلتی راہیں رکھیں اور آسمان سے  پانی اتارا (ف ۶۴) تو ہم نے  اس سے  طرح طرح کے  سبزے  کے  جوڑے  نکالے  (ف ۶۵)

۶۴               حضرت موسیٰ علیہ السلام کا کلام تو یہاں تمام ہو گیا اب اللہ تعالیٰ اہلِ مکہ کو خِطاب کر کے اس کو تتمیم فرماتا ہے۔

۶۵               یعنی قِسم قِسم کے سبزے مختلف رنگتوں خوشبوؤں شکلوں کے، بعض آدمیوں کے لئے بعض جانوروں کے لئے۔

(۵۴) تم کھاؤ اور اپنے  مویشیوں کو چَراؤ (ف ۶۶) بیشک اس میں نشانیاں ہیں عقل والوں کو۔

۶۶               یہ امر اباحت اور تذکیرِ نعمت کے لئے ہے یعنی ہم نے یہ سبزے نکالے تمہارے لئے ان کا کھانا اور اپنے جانوروں کو چرانا مباح کر کے۔

(۵۵) ہم نے  زمین ہی سے  تمہیں بنایا (ف ۲۷) اور اسی میں تمہیں پھر لے  جائیں گے  (ف ۶۸) اور اسی سے  تمہیں دوبارہ نکالیں گے  (ف ۶۹)

۶۷               تمہارے جدِ اعلیٰ حضرت آدم علیہ الصلوٰۃ والسلام کو اس سے پیدا کر کے۔

۶۸               تمہاری موت و دفن کے وقت۔

۶۹               روزِ قیامت۔

(۵۶) اور بیشک ہم نے  اسے  (ف ۷۰) اپنی سب نشانیاں (ف ۷۱)  دکھائیں  تو اس نے  جھٹلایا اور نہ مانا (ف ۷۲)

۷۰               یعنی فرعون کو۔

۷۱               یعنی کل آیات تسع جو حضرت موسیٰ علیہ السلام کو عطا فرمائی تھیں۔

۷۲               اور ان آیات کو سحر بتایا اور قبولِ حق سے انکار کیا اور۔

(۵۷)  بولا کیا تم ہمارے  پاس اس لیے  آئے  ہو کہ ہمیں اپنے  جادو کے  سبب ہماری زمین سے  نکال دو اے  موسیٰ (ف ۷۳)

۷۳               یعنی ہمیں مِصر سے نکال کر خود اس پر قبضہ کرو اور بادشاہ بن جاؤ۔

(۵۸) تو ضرور ہم بھی تمہارے  آگے  ویسا ہی جادو لائیں گے  (ف ۷۴) تو ہم میں اور اپنے  میں  ایک وعدہ ٹھہرا دو جس سے  نہ ہم بدلہ لیں نہ تم ہموار جگہ ہو۔

۷۴               اور جادو میں ہمارا تمہارا مقابلہ ہو گا۔

(۵۹) موسیٰ نے  کہا تمہارا وعدہ میلے   کا دن  ہے  (ف ۷۵) اور یہ کہ لوگ دن چڑھے  جمع کیے  جائیں (ف ۷۶)

۷۵               اس میلہ سے فرعونیوں کا میلہ مراد ہے جو ان کی عید تھی اور اس میں وہ زینتیں کر کر کے جمع ہوتے تھے۔ حضرت ابنِ عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے فرمایا کہ یہ دن عاشوراء یعنی دسویں محرّم کا تھا اور اس سال یہ تاریخ سنیچر کو واقع ہوئی تھی، اس روز کو حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اس لئے معیّن فرمایا کہ یہ روز ان کی غایتِ شوکت کا دن تھا اس کو مقرر کرنا اپنے کمالِ قوّت کا اظہار ہے نیز اس میں یہ بھی حکمت تھی کہ حق کا ظہور اور باطل کی رسوائی کے لئے ایسا ہی وقت مناسب ہے جب کہ اطراف و جوانب کے تمام لوگ مجتمع ہوں۔

۷۶               تاکہ خوب روشنی پھیل جائے اور دیکھنے والے باطمینان دیکھ سکیں اور ہر چیز صاف صاف نظر آئے۔

(۶۰) تو فرعون پھرا  اور اپنے  داؤں (فریب) اکٹھے  کیے  (ف ۷۷) پھر آیا (ف ۷۸)

۷۷               کثیر التعداد جادوگروں کو جمع کیا۔

۷۸               وعدہ کے دن ان سب کو لے کر۔

(۶۱) ان سے  موسیٰ نے  کہا تمہیں خرابی ہو اللہ  پر جھوٹ نہ باندھو (ف ۷۹) کہ وہ تمہیں عذاب سے  ہلاک کر دے  اور بیشک نامراد رہا جس نے  جھوٹ باندھا (ف ۸۰)

۷۹               کسی کو اس کا شریک کر کے۔

۸۰               اللہ تعالیٰ پر۔

(۶۲) تو اپنے  معاملہ میں باہم مختلف ہو گئے  (ف ۸۱) اور چھپ کر مشاورت کی۔

۸۱               یعنی جادوگر حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام کا یہ کلام سُن کر آپس میں مختلف ہو گئے، بعض کہنے لگے کہ یہ بھی ہماری مثل جادوگر ہیں، بعض نے کہا کہ یہ باتیں ہی جادوگروں کی نہیں وہ اللہ پر جھوٹ باندھنے کو منع کرتے ہیں۔

(۶۳) بولے  بیشک یہ دونوں (ف ۸۲) ضرور جادوگر  ہیں  چاہتے   ہیں کہ تمہیں تمہاری زمین زمین سے   اپنے  جادو کے  زور سے  نکال دیں اور تمہارا اچھا دین لے  جائیں۔

۸۲               یعنی حضرت موسیٰ و حضرت ہارون۔

(۶۴) تو اپنا  داؤ (فریب) پکا کر لو پھر پرا باندھ (صف باندھ) کر  آ ؤ آج مراد کو پہنچا  جو غالب رہا۔

(۶۵) بولے  (ف ۸۳) اے  موسیٰ یا تو تم ڈالو (ف ۸۴) یا ہم پہلے  ڈالیں (ف ۸۵)

۸۳               جادوگر۔

۸۴               پہلے اپنا عصا۔

(۶۶) موسیٰ نے  کہا بلکہ تمہیں ڈالو (ف ۸۶) جبھی ان کی رسیاں اور لاٹھیاں ان کے  جادو کے  زور سے  ان کے  خیال میں دوڑتی معلوم ہوئیں (ف ۸۷)

۸۵               اپنے سامان۔ ابتداء کرنا جادو گروں نے ادباً حضرت موسیٰ علیہ السلام کی رائے مبارک پر چھوڑا اور اس کی برکت سے آخر کار اللہ تعالیٰ نے انہیں دولتِ ایمان سے مشرف فرمایا۔

۸۶               یہ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے اس لئے فرمایا کہ جو کچھ جادو کے مَکر ہیں پہلے وہ سب ظاہر کر چکیں اس کے بعد آپ معجِزہ دکھائیں اور حق باطل کو مٹائے اور معجِزہ سحر کو باطل کرے تو دیکھنے والوں کو بصیرت و عبرت حاصل ہو چنانچہ جادوگروں نے رسیاں لاٹھیاں وغیرہ جو سامان لائے تھے سب ڈال دیا اور لوگوں کی نظر بندی کر دی۔

۸۷               حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام نے دیکھا کہ زمین سانپوں سے بھر گئی اور مِیلوں کے میدان میں سانپ ہی سانپ دوڑ رہے ہیں اور دیکھنے والے اس باطل نظر بندی سے مسحور ہو گئے کہیں ایسا نہ ہو کہ بعض معجِزہ دیکھنے سے پہلے ہی اس کے گرویدہ ہو جائیں اور معجِزہ نہ دیکھیں۔

(۶۷) تو اپنے  جی میں موسیٰ نے  خوف پایا۔

(۶۸) ہم نے  فرمایا ڈر نہیں بیشک تو ہی غالب ہے۔

(۶۹) اور ڈال تو  دے  جو تیرے  داہنے  ہاتھ میں ہے  (ف ۸۸) اور ان کی بناوٹوں کو نگل جائے  گا، وہ جو بنا کر لائے  ہیں وہ تو جادوگر کا فریب ہے، اور جادوگر کا بھلا نہیں ہوتا کہیں آوے  (ف ۸۹)

۸۸               یعنی اپنا عصا۔

۸۹               پھر حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ و التسلیمات نے اپنا عصا ڈالا وہ جادوگروں کے تمام اژدہوں اور سانپوں کو نگل گیا اور آدمی اس کے خوف سے گھبرا گئے، حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اسے اپنے دستِ مبارک میں لیا تو مثلِ سابق عصا ہو گیا یہ دیکھ کر جادوگروں کو یقین ہوا کہ یہ معجِزہ ہے جس سے سحر مقابلہ نہیں کر سکتا اور جادو کی فریب کاری اس کے سامنے قائم نہیں رہ سکتی۔

(۷۰) تو سب جادوگر سجدے  میں گرا لیے  گئے  بولے  ہم اس پر ایمان لائے  جو ہارون اور موسیٰ کا رب ہے  (ف ۹۰)

۹۰               سبحان اللہ کیا عجیب حال تھا جن لوگوں نے ابھی کفر و جحود کے لئے رسیاں اور عصا ڈالے تھے ابھی معجزہ دیکھ کر انہوں نے شکر و سجود کے لئے سر جھکا دیئے اور گردنیں ڈال دیں۔ منقول ہے کہ اس سجدے میں انہیں جنّت اور دوزخ دکھائی گئی اور انہوں نے جنّت میں اپنے منازل دیکھ لئے۔

(۷۱)  فرعون بولا کیا تم اس پر ایمان لائے  قبل اس کے  کہ میں تمہیں اجازت دوں، بیشک وہ تمہارا بڑا ہے  جس نے  تم سب کو جادو سکھایا (ف ۹۱) تو مجھے  قسم ہے  ضرور میں تمہارے  ایک طرف کے  ہاتھ اور دوسری طرف کے  پاؤں کاٹوں گا (ف ۹۲) اور تمہیں کھجور کے  ڈھنڈ (تنے ) پر سُولی چڑھاؤں گا، اور ضرور تم جان جاؤ گے  کہ ہم میں کس کا عذاب سخت اور دیرپا ہے  (ف ۹۳)

۹۱               یعنی جادو میں وہ استادِ کامل اور تم سب سے فائق ہیں۔ (معاذ  اللہ)۔

۹۲               یعنی داہنے ہاتھ اور بائیں پاؤں۔

۹۳               اس سے فرعون ملعون کی مراد یہ تھی کہ اس کا عذاب سخت تر ہے یا ربُّ العالمین کا، فرعون کا یہ متکبرانہ کلمہ سُن کر وہ جادوگر۔

(۷۲) بولے  ہم ہرگز تجھے  ترجیح نہ دیں گے  ان روشن دلیلوں پر جو ہمارے  پاس آئیں (ف ۹۴) ہمیں اپنے  پیدا کرنے  والے  والے  کی قسم تو تُو کر چُک جو تجھے  کرنا ہے  (ف ۹۵) تو اس دنیا ہی کی زندگی میں تو کرے  گا (ف ۹۶)

۹۴               یدِ بیضا اور عصائے موسیٰ۔ بعض مفسِّرین نے کہا ہے کہ ان کا استدلال یہ تھا کہ اگر تو حضرت موسیٰ علیہ السلام کے معجِزہ کو بھی سحر کہتا ہے تو بتا وہ رسّے اور لاٹھیاں کہاں گئیں۔ بعض مفسِّرین کہتے ہیں کہ بیِّنات سے مراد جنّت اور اس میں اپنے منازل کا دیکھنا ہے۔

۹۵               ہمیں اس کی کچھ پروا نہیں۔

۹۶               آگے تو تیری کچھ مجال نہیں اور دنیا زائل اور یہاں کی ہر چیز فنا ہونے والی ہے تو مہربان بھی ہو تو بقائے دوام نہیں دے سکتا پھر زندگانی دینا اور اس کی راحتوں کے زوال کا کیا غم بالخصوص اس کو جو جانتا ہے کہ آخرت میں اعمالِ دنیا کی جزا ملے گی۔

(۷۳) بیشک ہم اپنے  رب پر ایمان لائے  کہ وہ ہماری خطائیں بخش دے  اور وہ جو تو نے  ہمیں مجبور کیا جادو پر (ف ۹۷) اور الله بہتر ہے  (ف ۹۸) اور سب سے  زیادہ باقی رہنے  والا (ف ۹۹)

۹۷               حضرت موسیٰ علیہ السلام کے مقابلے میں۔ بعض مفسِّرین نے فرمایا کہ فرعون نے جب جادوگروں کو حضرت موسیٰ علیہ السلام کے مقابلہ کے لئے بلایا تھا تو جادو گروں نے فرعون سے کہا تھا کہ ہم حضرت موسیٰ علیہ السلام کو سوتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں چنانچہ اس کی کوشش کی گئی اور انہیں ایسا موقع بہم پہنچا دیا گیا، انہوں نے دیکھا کہ حضرت خواب میں ہیں اور عصائے شریف پہرہ دے رہا ہے یہ دیکھ کر جادوگروں نے فرعون سے کہا کہ موسیٰ جادوگر نہیں کیونکہ جادوگر جب سوتا ہے تو اس وقت اس کا جادو کام نہیں کرتا مگر فرعون نے انہیں جادو کرنے پر مجبور کیا۔ اس کی مغفرت کے وہ اللہ تعالیٰ سے طالب اور امیدوار ہیں۔

۹۸               فرمانبرداروں کو ثواب دینے میں۔

۹۹               بلحاظِ عذاب کرنے کے نافرمانوں پر۔

(۷۴) بیشک جو اپنے  رب کے  حضور مجرم (ف ۱۰۰) ہو کر آئے  تو ضرور اس کے  لیے  جہنم ہے  جس میں نہ مرے  (ف ۱۰۱) نہ جئے  (ف ۱۰۲)

۱۰۰             یعنی کافِر مثل فرعون کے۔

۱۰۱             کہ مر کر ہی اس سے چھوٹ سکے۔

۱۰۲             ایسا جینا جس سے کچھ نفع اٹھا سکے۔

(۷۵) اور جو اس کے  حضور ایمان کے  ساتھ آئے  کہ اچھے  کام کیے  ہوں (ف ۱۰۳) تو انہیں کے  درجے  اونچے ۔

۱۰۳             یعنی جن کا ایمان پر خاتمہ ہوا ہو اور انہوں نے اپنی زندگی میں نیک عمل کئے ہوں، فرائض اور نوافل بجا لائے ہوں۔

(۷۶) بسنے  کے  باغ جن کے  نیچے   نہریں بہیں ہمیشہ ان میں رہیں، اور یہ صلہ ہے  اس کا جو پاک ہوا (ف ۱۰۴)

۱۰۴             کُفر کی نجاست اور معاصی کی گندگی سے۔

(۷۷)  اور بیشک ہم نے  موسیٰ کو وحی کی (ف ۱۰۵) کہ راتوں رات میرے  بندوں کو لے  چل (ف ۱۰۶) اور ان کے  لیے  دریا میں سوکھا  راستہ نکال دے  (ف ۱۰۷) تجھے  ڈر نہ ہو گا کہ فرعون آلے   اور نہ خطرہ (ف ۱۰۸)

۱۰۵             جب کہ فرعون معجزات دیکھ کر راہ پر نہ آیا اور پند پذیر نہ ہوا اور بنی اسرائیل پر ظلم و ستم اور زیادہ کرنے لگا۔

۱۰۶             مِصر سے اور جب دریا کے کنارے پہنچیں اور فرعونی لشکر پیچھے سے آئے تو اندیشہ نہ کر۔

۱۰۷             اپنا عصا مار کر۔

۱۰۸             دریا میں غرق ہونے کا۔ موسیٰ علیہ السلام حکمِ الٰہی پا کر شب کے اوّل وقت ستّر ہزار بنی اسرائیل کو ہمراہ لے کر مِصر سے روانہ ہو گئے۔

(۷۸) تو ان کے  پیچھے  فرعون پڑا اپنے  لشکر لے  کر (ف ۱۰۹) تو انہیں دریا نے  ڈھانپ لیا جیسا  ڈھانپ لیا، (ف ۱۱۰)

۱۰۹             جن میں چھ لاکھ قِبطی تھے۔

۱۱۰             وہ غرق ہو گئے اور پانی ان کے سروں سے اونچا ہو گیا۔

(۷۹) اور فرعون نے  اپنی قوم کو گمراہ کیا اور راہ نہ دکھائی (ف ۱۱۱)

۱۱۱             اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے اپنے اور احسان کا ذکر کیا اور فرمایا۔

(۸۰) اے  بنی اسرائیل بیشک ہم نے  تم کو تمہارے  دشمن  (ف ۱۱۲) سے  نجات دی اور تمہیں طور کی  داہنی طرف کا وعدہ دیا (ف ۱۱۳) اور تم پر من اور سلوی  ٰ اتارا  (ف ۱۱۴)

۱۱۲             یعنی فرعون اور اس کی قوم۔

۱۱۳             کہ ہم موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام کو وہاں توریت عطا فرمائیں گے جس پر عمل کیا جائے۔

۱۱۴             تِیہ میں اور فرمایا۔

(۸۱)  کھاؤ  جو پاک چیزیں ہم نے  تمہیں روزی دیں اور اس میں زیادتی نہ کرو (ف ۱۱۵) کہ تم پر میرا غضب اترے  اور جس پر میرا غضب اترا بیشک وہ گرا (ف ۱۱۶)

۱۱۵             ناشکری اور کُفرانِ نعمت کر کے اور ان نعمتوں کی معاصی اور گناہوں میں خرچ کر کے یا ایک دوسرے پرظلم کر کے۔

۱۱۶             جہنّم میں اور ہلاک ہوا۔

(۸۲) اور بیشک میں بہت بخشنے  والا ہوں اسے  جس نے  توبہ کی (ف ۱۱۷) اور  ایمان  لایا اور اچھا کام کیا پھر ہدایت پر رہا (ف ۱۱۸)

۱۱۷             شرک سے۔

۱۱۸             تا دمِ آخر۔

(۸۳) اور تو نے  اپنی قوم سے  کیوں جلدی کی اے  موسیٰ (ف ۱۱۹)

۱۱۹             حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام جب اپنی قوم میں سے ستّر آدمیوں کو منتخب کر کے توریت لینے طُور پر تشریف لے گئے پھر کلامِ پروردگار کے شوق میں ان سے آگے بڑھ گئے انہیں پیچھے چھوڑ دیا اور فرما دیا کہ میرے پیچھے پیچھے چلے آؤ، اس پر اللہ تبارک و تعالیٰ نے فرمایا۔ وَمَآ اَعْجَلَکَ  تو حضرت موسیٰ علیہ السلام نے۔

(۸۴) عرض کی کہ وہ یہ ہیں میرے  پیچھے  اور اے  میرے  رب تیری طرف  میں جلدی کر کے  حاضر ہوا کہ تو راضی ہو، (ف ۱۲۰)

۱۲۰             یعنی تیری رضا اور زیادہ ہو۔

مسئلہ : اس آیت سے اجتہاد کا جواز ثابت ہوا۔ (مدارک)۔

(۸۵) فرمایا، تو ہم نے   تیرے  آنے  کے  بعد تیری قوم (ف ۱۲۱) بلا میں ڈالا اور انہیں سامری نے  گمراہ کر دیا، (ف ۱۲۲)

۱۲۱             جنہیں آپ نے حضرت ہارون علیہ السلام کے ساتھ چھوڑا ہے۔

۱۲۲             گوسالہ پرستی کی دعوت دے کر۔

مسئلہ : اس آیت میں اِضلال یعنی گمراہ کرنے کی نسبت سامری کی طرف فرمائی گئی کیونکہ وہ اس کا سبب و باعث ہوا۔ اس سے ثابت ہوا کہ کسی چیز کو سبب کی طرف نسبت کرنا جائز ہے اسی طرح کہہ سکتے ہیں کہ ماں باپ نے پرورش کی، دینی پیشواؤں نے ہدایت کی، اولیاء نے حاجت روائی فرمائی، بزرگوں نے بلا دفع کی۔ مفسِّرین نے فرمایا ہے کہ امور ظاہر میں منشاء و سبب کی طرف منسوب کر دیئے جاتے ہیں اگرچہ حقیقت میں ان کا موجِد اللہ تعالیٰ ہے اور قرآنِ کریم میں ایسی نسبتیں بکثرت وارد ہیں۔ (خازن)۔

(۸۶) تو موسیٰ اپنی قوم کی طرف پلٹا (ف ۱۲۳) غصہ میں بھرا افسوس کرتا (ف ۱۲۴) کہا اے  میری قوم کیا تم سے  تمہارے  رب نے  اچھا وعدہ نہ تھا (ف ۱۲۵)  کیا تم پر مدت لمبی گزری یا تم نے  چاہا کہ تم پر تمہارے  رب کا غضب اترے  تو تم نے  میرا وعدہ خلاف کیا (ف ۱۲۶)

۱۲۳             چالیس دن پورے کر کے توریت لے کر۔

۱۲۴             ان کے حال پر۔

۱۲۵             کہ وہ تمہیں توریت عطا فرمائے گا جس میں ہدایت ہے، نور ہے، ہزار سورتیں ہیں، ہر سورت میں ہزار آیتیں ہیں۔

۱۲۶             اور ایسا ناقص کام کیا کہ گوسالہ کو پُوجنے لگے، تمہارا وعدہ تو مجھ سے یہ تھا کہ میرے حکم کی اطاعت کرو گے اور میرے دین پر قائم رہو گے۔

(۸۷) بولے  ہم نے  آپ کا وعدہ اپنے  اختیار سے  خلاف نہ کیا لیکن ہم سے  کچھ بوجھ اٹھوائے  گئے  اس قوم کے  گہنے  کے  (ف ۱۲۷) تو ہم نے  انہیں (ف ۱۲۸) ڈال دیا پھر اسی طرح سامری نے  ڈالا (۱۲۹)

۱۲۷             یعنی قومِ فرعون کے زیوروں کے جو بنی اسرائیل نے ان لوگوں سے عاریت کے طور پر مانگ لئے تھے۔

۱۲۸             سامری کے حکم سے آگ میں۔

۱۲۹             ان زیوروں کو جو اس کے پاس تھے اور اس خاک کو جو حضرت جبریل علیہ السلام کے گھوڑے کے قدم کے نیچے سے اس نے حاصل کی تھی۔

(۸۸) تو اس نے  ان کے  لیے  ایک بچھڑا نکالا بے  جان کا دھڑ  گائے  کی طرح بولتا (ف ۱۳۰) یہ ہے  تمہارا معبود اور موسیٰ کا معبود تو بھول گئے  (ف ۱۳۲)

۱۳۰             یہ بچھڑا سامری نے بنایا اور اس میں کچھ سوراخ اس طرح رکھے کہ جب ان میں ہوا داخل ہو تو اس سے بچھڑے کی آواز کی طرح آواز پیدا ہو۔ ایک قول یہ بھی ہے کہ وہ اَسپِ جبریل کی خاک زیرِ قدم ڈالنے سے زندہ ہو کر بچھڑے کی طرح بولتا تھا۔

۱۳۱             سامری اور اس کے متّبِعین۔

۱۳۲             یعنی موسیٰ علیہ السلام معبود کو بھول گئے اور اس کو یہاں چھوڑ کر اس کی جستجو میں طور پر چلے گئے (معاذ اللہ)۔ بعض مفسِّرین نے کہا کہ نَسِیَ کا فاعِل سامری ہے اور معنی یہ ہیں کہ سامری نے جو بچھڑے کو معبود بنایا وہ اپنے ربّ کو بھول گیا یا وہ حُدوثِ اجسام سے استدلال کرنا بھول گیا۔

(۸۹) تو کیا نہیں دیکھتے  کہ وہ  (ف ۱۳۳) انہیں کسی بات کا جواب نہیں دیتا اور ان کے  سوا کسی برے  بھلے  کا اختیار نہیں رکھتا (ف ۱۳۴)

۱۳۳             بچھڑا۔

۱۳۴             خِطاب سے بھی عاجز اور نفع و ضرر سے بھی، وہ کس طرح معبود ہو سکتا ہے۔

(۹۰) اور بیشک ان سے  ہارون نے  اس سے  پہلے  کہا تھا کہ اے  میری قوم یونہی ہے  کہ تم اس کے  سبب فتنے  میں پڑے  (ف ۱۳۵) اور بیشک تمہارا رب رحمن ہے  تو میری پیروی کرو اور میرا حکم مانو۔

۱۳۵             تو اسے نہ پُوجو۔

(۹۱) بولے  ہم تو اس پر آسن مارے  جمے  (پوجا کے  لیے  بیٹھے ) رہیں گے  (ف ۱۳۶) جب تک ہمارے  پاس موسیٰ لوٹ کے  آئیں (ف ۱۳۷)

۱۳۶             گوسالہ پرستی پر قائم رہیں گے اور تمہاری بات نہ مانیں گے۔

۱۳۷             اس پر حضرت ہارون علیہ السلام ان سے علیٰحدہ ہو گئے اور ان کے ساتھ بارہ ہزار وہ لوگ جنہوں نے بچھڑے کی پرستش نہ کی تھی، جب حضرت موسیٰ علیہ السلام واپس تشریف لائے تو آپ نے ان کے شور مچانے اور باجے بجانے کی آوازیں سنیں جو بچھڑے کے گرد ناچتے تھے تب آپ نے اپنے ستّر ہمراہیوں سے فرمایا یہ فتنہ کی آواز ہے جب قریب پہنچے اور حضرت ہارون کو دیکھا تو غیرتِ دینی سے جو آپ کی سَرِشت تھی جوش میں آ کر ان کے سر کے بال داہنے ہاتھ اور داڑھی بائیں میں پکڑی اور۔

(۹۲) موسیٰ نے  کہا، اے  ہارون! تمہیں کس بات نے  روکا تھا جب تم نے  انہیں گمراہ ہوتے  دیکھا تھا کہ میرے  پیچھے  آتے  (ف ۱۳۸)

۱۳۸             اور مجھے خبر دے دیتے یعنی جب انہوں نے تمہاری بات نہ مانی تھی تو تم مجھ سے کیوں نہیں آ ملے کہ تمہارا ان سے جُدا ہونا بھی ان کے حق میں ایک زَجر ہوتا۔

(۹۳) تو کیا تم نے  میرا حکم نہ مانا۔

(۹۴) کہا اے  میرے  ماں جائے ! نہ میری ڈاڑھی پکڑو اور نہ میرے  سر کے  بال مجھے  یہ ڈر ہوا کہ تم کہو گے  تم نے  بنی اسرائیل میں تفرقہ ڈال دیا اور تم نے  میری بات کا انتظار نہ کیا (ف ۱۳۹)

۱۳۹             یہ سن کر حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام سامری کی طرف متوجہ ہوئے چنانچہ۔

(۹۵)  موسیٰ نے  کہا اب تیرا کیا حال ہے  اے  سامری! (ف ۱۴۰) 

۱۴۰             تو نے ایسا کیوں کیا اس کی وجہ بتا۔

(۹۶) بولا میں نے  وہ  دیکھا جو لوگوں نے  نہ دیکھا (ف ۱۴۱) تو ایک مٹھی بھر لی فرشتے  کے  نشان سے  پھر اسے  ڈال دیا (ف ۱۴۲) اور میرے  جی کو یہی بھلا لگا (ف ۱۴۳)

۱۴۱             یعنی میں نے حضرت جبریل علیہ السلام کو دیکھا اور ان کو پہچان لیا وہ اسپِ حیات پر سوار تھے، میرے دل میں یہ بات آئی کہ میں ان کے گھوڑے کے نشانِ قدم کی خاک لے لوں۔

۱۴۲             اس بچھڑے میں جس کو بنایا تھا۔

(۹۷)  کہا تو چلتا بن (ف ۱۴۴) کہ دنیا کی زندگی میں تیری سزا یہ ہے  کہ (ف ۱۴۵) تو کہے  چھو نہ جا (ف ۱۴۶) اور بیشک تیرے  لیے  ایک وعدہ کا وقت ہے  (ف ۱۴۷) جو تجھ سے  خلاف نہ ہو گا اور اپنے  اس معبود کو دیکھ جس کے  سامنے  تو دن بھر آسن مارے  (پوجا کے  لیے  بیٹھا) رہا (ف ۱۴۸) قسم ہے  ہم ضرور اسے  جلائیں گے  پھر ریزہ ریزہ کر کے  دریا میں بہائیں گے  (ف ۱۴۹)

۱۴۳             اور یہ فعل میں نے اپنے ہی ہوائے نفس سے کیا کوئی دوسرا اس کا باعث و محرِّک نہ تھا اس پر حضرت موسیٰ علیہ السلام نے۔

۱۴۴             دور ہو جا۔

۱۴۵             جب تجھ سے کوئی ملنا چاہے جو تیرے حال سے واقف نہ ہو تو اس سے۔

۱۴۶             یعنی سب سے علیٰحدہ رہنا نہ تجھ سے کوئی چھوئے نہ تو کسی سے چھوئے، لوگوں سے ملنا اس کے لئے کلّی طورپر ممنوع قرار دیا گیا اور ملاقات، مکالمت، خرید و فروخت ہر ایک کے ساتھ حرام کر دی گئی اور اگر اتفاقاً کوئی اس سے چھو جاتا تو وہ اور چھونے والا دونوں شدید بخار میں مبتلا ہوتے، وہ جنگل میں یہی شور مچاتا پھرتا تھا کہ کوئی چھو نہ جانا اور وحشیوں اور درندوں میں زندگی کے دن نہایت تلخی و وحشت میں گزارتا تھا۔

۱۴۷             یعنی عذاب کے وعدے کا آخرت میں بعد اس عذابِ دنیا کے تیرے شرک و فساد انگیزی پر۔

۱۴۸             اور اس کی عبادت پر قائم رہا۔

۱۴۹             چنانچہ حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ایسا کیا اور جب آپ سامری کے اس فساد کو مٹا چکے تو بنی اسرائیل سے مخاطبہ فرما کر دینِ حق کا بیان فرمایا اور ارشاد کیا۔

(۹۸) تمہارا معبود تو وہی اللہ ہے  جس کے  سوا کسی کی بندگی  نہیں ہر چیز کو اس کا علم محیط ہے۔

(۹۹) ہم ایسا ہی تمہارے  سامنے  اگلی خبریں بیان فرماتے  ہیں اور ہم نے  تم کو اپنے  پاس سے  ایک ذکر عطا فرمایا (ف ۱۵۰)

۱۵۰             یعنی قرآنِ پاک کہ وہ ذکرِ عظیم ہے اور جو اس کی طرف متوجہ ہو اس کے لئے اس کتابِ کریم میں نجات اور برکتیں ہیں اور اس کتابِ مقدّس میں اُمَمِ ماضیہ کے ایسے حالات کا ذکر و بیان ہے جو فکر کرنے اور عبرت حاصل کرنے کے لائق ہیں۔

(۱۰۰) جو اس سے  منہ پھیرے  (ف ۱۵۱) تو بیشک وہ قیامت کے  دن ایک بوجھ اٹھائے  گا (ف ۱۵۲)

۱۵۱             یعنی قرآن سے اور اس پر ایمان نہ لائے اور اس کی ہدایتوں سے فائدہ نہ اٹھائے۔

۱۵۲             گناہوں کا بارِ گراں۔

(۱۰۱) وہ ہمیشہ اس میں رہیں گے  (ف ۱۵۳) اور وہ قیامت کے  دن ان کے  حق میں کیا ہی  بڑا  بوجھ ہو گا۔

۱۵۳             یعنی اس گناہ کے عذاب میں۔

(۱۰۲) جس دن صُور پھونکا جائے  گا (ف ۱۵۴) اور ہم اس دن مجرموں کو (ف ۱۵۵) اٹھائیں گے  نیلی آنکھیں (ف ۱۵۶)

۱۵۴             لوگوں کو مَحشر میں حاضر کرنے کے لئے۔ مراد اس سے نفخۂ ثانیہ ہے۔

۱۵۵             یعنی کافِروں کوا س حال میں۔

۱۵۶             اور کالے منہ۔

(۱۰۳)  آپس میں چپکے  چپکے  کہتے  ہوں گے  کہ تم دنیا میں نہ رہے  مگر دس رات (ف ۱۵۷)

۱۵۷             آخرت کے اہوال اور وہاں کے خوفناک منازل دیکھ کر انہیں زندگانی، دنیا کی مدّت بہت قلیل معلوم ہو گی۔

(۱۰۴) ہم خوب جانتے  ہیں جو وہ (ف ۱۵۸) کہیں گے  جبکہ ان میں سب سے  بہتر رائے  والا کہے  گا کہ تم صرف ایک ہی دن رہے  تھے  (ف ۱۵۹)

۱۵۸             آپس میں ایک دوسرے سے۔

۱۵۹             بعض مفسِّرین نے کہا کہ وہ اس دن کے شدائد دیکھ کر اپنے دنیا میں رہنے کی مقدار بھول جائیں گے۔

(۱۰۵) اور تم سے  پہاڑوں کو پوچھتے  ہیں (ف ۱۶۰) تم فرماؤ انہیں میرا رب  ریزہ ریزہ کر کے  اڑا دے  گا۔

۱۶۰             شانِ نُزول : حضرت ابنِ عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے فرمایا کہ قبیلۂ ثقیف کے ایک آدمی نے رسولِ کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم سے دریافت کیا کہ قیامت کے دن پہاڑوں کا کیا حال ہو گا۔ اس پر یہ آیتِ کریمہ نازل ہوئی۔

(۱۰۶) تو زمین کو پٹ پر  (چٹیل میدان) ہموار کر چھوڑے  گا

(۱۰۷) کہ تو اس میں نیچا اونچا  کچھ نہ دیکھے۔

(۱۰۸) اس دن پکارنے  والے  کے  پیچھے  دوڑیں گے  (ف ۱۶۱) اس میں کجی نہ ہو گی (ف ۱۶۲) اور سب آوازیں رحمن کے  حضور (ف ۱۶۳) پست ہو کر رہ جائیں گی تو تُو نہ سنے  گا مگر بہت آہستہ آواز (ف ۱۶۴)

۱۶۱             جو انہیں روزِ قیامت موقَف کی طرف بلائے گا اور ندا کرے گا چلو رحمٰن کے حضور پیش ہو نے کو اور یہ پُکارنے والے حضرت اسرافیل ہوں گے۔

۱۶۲             اور اس دعوت سے کوئی انحراف نہ کر سکے گا۔

۱۶۳             ہیبت و جلال سے۔

۱۶۴             حضرت ابنِ عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے فرمایا ایسی کہ اس میں صرف لبوں کی جنبش ہو گی۔

(۱۰۹) اس دن کسی کی شفاعت کام نہ دے  گی، مگر اس کی جسے  رحمن نے  (ف ۱۶۵) اذن دے  دیا ہے  اور اس کی بات پسند فرمائی۔

۱۶۵             شفاعت کرنے کا۔

(۱۱۰) وہ جانتا ہے  جو کچھ ان کے  آگے  ہے  اور جو کچھ ان کے  پیچھے  (ف ۱۶۶) اور ان کا علم اسے  نہیں گھیر سکتا (ف ۱۶۷)

۱۶۶             یعنی تمام ماضیات و مستقبلات اور جملہ امورِ دنیا و آخرت یعنی اللہ تعالیٰ کا علم بندوں کے ذات و صفات اور جملہ حالات کو مُحیط ہے۔

۱۶۷             یعنی تمام کائنات کا علم ذاتِ الٰہی کا احاطہ نہیں کر سکتا، اس کی ذات کا ادراک علومِ کائنات کی رسائی سے برتر ہے، وہ اپنے اسماء و صفات اور آثارِ قدرت و شیونِ حکمت سے پہچانا جاتا ہے۔ شعر : کجا دریابد اورا عقل چالاک کہ اوبالا تر است از حدِ ادراک نظر کن اندر اسماء وصفاتش کہ واقف نیست کس از کنہ ذاتش۔ بعض مفسِّرین نے اس آیت کے معنی یہ بیان کئے ہیں کہ علومِ خَلق معلوماتِ الٰہیہ کا احاطہ نہیں کر سکتے۔ بظاہر یہ عبارتیں دو ہیں مگر مآل پر نظر رکھنے والے بآسانی سمجھ لیتے ہیں کہ فرق صرف تعبیر کا ہے۔

(۱۱۱) اور سب منہ جھک جائیں گے  اس زندہ قائم رکھنے  والے  کے  حضور (ف ۱۶۸) اور بیشک نامراد رہا جس نے  ظلم کا بوجھ لیا (ف ۱۶۹)

۱۶۸             اور ہر ایک شانِ عجز و نیاز کے ساتھ حاضر ہو گا، کسی میں سرکشی نہ رہے گی، اللہ تعالیٰ کے قہر و حکومت کا ظہورِ تام ہو گا۔

۱۶۹             حضرت ابنِ عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے اس کی تفسیر میں فرمایا جس نے شرک کیا ٹوٹے میں رہا اور بے شک شرک شدید ترین ظلم ہے اور جو اس ظلم کا زیرِ بار ہو کر موقَفِ قیامت میں آئے اس سے بڑھ کر نامراد کون۔

(۱۱۲) اور  جو کچھ نیک کام کرے  اور ہو مسلمان تو اسے  نہ زیادتی کا خوف ہو گا اور نہ نقصان کا (ف ۱۷۰)

۱۷۰             مسئلہ : اس آیت سے معلوم ہوا کہ طاعت اور نیک اعمال سب کی قبولیت ایمان کے ساتھ مشروط ہے کہ ایمان ہو تو سب نیکیاں کار آمد ہیں اور ایمان نہ ہو تو یہ سب عمل بے کار۔

(۱۱۳) اور یونہی ہم نے  اسے  عربی قرآن اتارا اور اس میں طرح طرح سے  عذاب کے  وعدے  دیے  (ف ۱۷۱) کہ کہیں انہیں ڈر ہو یا ان کے  دل میں کچھ سوچ پیدا کرے  (ف ۱۷۲)

۱۷۱             فرائض کے چھوڑنے اور ممنوعات کا ارتکاب کرنے پر۔

۱۷۲             جس سے انہیں نیکیوں کی رغبت اور بدیوں سے نفرت ہو اور وہ پند و نصیحت حاصل کریں۔

(۱۱۴) تو سب سے  بلند ہے  اللہ سچا بادشاہ (ف ۱۷۳) اور قرآن میں جلدی نہ کرو جب تک اس کی وحی تمہیں پوری نہ ہولے  (ف ۱۷۴) اور عرض کرو  کہ اے  میرے  رب! مجھے  علم زیادہ دے۔

۱۷۳             جو اصل مالک ہے اور تمام بادشاہ اس کے محتاج۔

۱۷۴             شانِ نُزول : جب حضرت جبریل قرآنِ کریم لے کر نازل ہوتے تھے تو حضرت سیدِ عالَم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم ان کے ساتھ ساتھ پڑھتے تھے اور جلدی کرتے تھے تاکہ خوب یاد ہو جائے۔ اس پر یہ آیت نازِل ہوئی فرمایا گیا کہ آپ مشقت نہ اٹھائیں اور سورۂ قیامہ میں اللہ تعالیٰ نے خود ذمہ لے کر آپ کی اور زیادہ تسلّی فرما دی۔

(۱۱۵) اور بیشک ہم نے  آدم کو اس سے  پہلے  ایک تاکیدی حکم دیا تھا (ف ۱۷۵) تو وہ بھول گیا اور ہم نے  اس کا قصد نہ پایا۔

۱۷۵             کہ شجرِ ممنوعہ کے پاس نہ جائیں۔

(۱۱۶) اور جب ہم نے  فرشتوں سے  فرمایا کہ آدم کو سجدہ کرو تو سب سجدہ میں گرے  مگر  ابلیس، اس نے  نہ مانا۔

(۱۱۷) تو ہم  نے  فرمایا، اے  آدم! بیشک یہ تیرا اور تیری  بی بی کا دشمن ہے  (ف ۱۷۶) تو ایسا  نہ ہو کہ وہ تم دونوں کو جنت سے  نکال دے  پھر تو مشقت میں پڑے  (ف ۱۷۷)

۱۷۶             اس سے معلوم ہوا کہ صاحبِ فضل و شرف کی فضیلت کو تسلیم نہ کرنا اور اس کی تعظیم و احترام بجا لانے سے اعراض کرنا دلیلِ حسد و عداوت ہے۔ اس آیت میں شیطان کا حضرت آدم کو سجدہ نہ کرنا آپ کے ساتھ اس کی دشمنی کی دلیل قرار دیا گیا۔

۱۷۷             اور اپنی غذا اور خوراک کے لئے زمین جوتنے، کھیتی کرنے، دانہ نکالنے، پیسنے، پکانے کی محنت میں مبتلا ہو اور چونکہ عورت کا نفقہ مرد کے ذمہ ہے اس لئے اس تمام محنت کی نسبت صرف حضرت آدم علیہ السلام کی طرف فرمائی گئی۔

(۱۱۸) بیشک تیرے  لیے  جنت میں یہ ہے  کہ نہ تو بھوکا ہو اور نہ  ننگا ہو۔

(۱۱۹) اور یہ کہ تجھے  نہ اس میں پیاس لگے  نہ دھوپ (ف ۱۷۸)

۱۷۸             ہر طرح کا عیش و راحت جنّت میں موجود ہے، کسب و محنت سے بالکل امن ہے۔

(۱۲۰) تو شیطان نے  اسے  وسوسہ دیا  بولا، اے  آدم! کیا میں تمہیں بتا دوں ہمیشہ جینے  کا پیڑ (ف ۱۷۹) اور وہ بادشاہی کہ پرانی نہ پڑے  (ف ۱۸۰)

۱۷۹             جس کو کھا کر کھانے والے کو دائمی زندگی حاصل ہو جاتی ہے۔

۱۸۰             اور اس میں زوال نہ آئے۔

(۱۲۱) تو ان دونوں نے  اس میں سے  کھا لیا اب ان پر ان کی شرم کی چیزیں ظاہر ہوئیں (ف ۱۸۱) اور جنت کے  پتے  اپنے  اوپر چپکانے  لگے  (ف ۱۸۲) اور آدم سے  اپنے  رب کے  حکم میں  لغزش واقع ہوئی تو جو مطلب چاہا تھا اس کی راہ نہ پائی (ف ۱۸۳)

۱۸۱             یعنی بہشتی لباس ان کے جسم سے اُتر گئے۔

۱۸۲             ستر چھپانے اور جسم ڈھکنے کے لئے۔

۱۸۳             اور اس درخت کے کھانے سے دائمی حیات نہ ملی پھر حضرت آدم علیہ السلام توبہ و اِستِغفار میں مشغول ہوئے اور بارگاہِ الٰہی میں سیدِ عالَم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے وسیلہ سے دعا کی۔

(۱۲۲) پھر اس کے  رب نے  چن لیا تو اس پر اپنی رحمت سے  رجوع فرمائی اور اپنے  قرب خاص کی راہ دکھائی۔

(۱۲۳) فرمایا تم دونوں مل کر جنت سے  اترو تم میں ایک دوسرے  کا دشمن ہے، پھر اگر تم سب کو میری طرف سے  ہدایت آئے، (ف ۱۸۴) تو جو میری ہدایت کا پیرو ہو ا وہ  نہ بہکے  (ف ۱۸۵) نہ بدبخت ہو (ف ۱۸۶)

۱۸۴             یعنی کتاب اور رسول۔

۱۸۵             یعنی دنیا میں۔

۱۸۶             آخرت میں کیونکہ آخرت کی بدبختی دنیا میں طریقِ حق سے بہکنے کا نتیجہ ہے تو جو کوئی کتابِ الٰہی اور رسولِ برحق کا اِتّباع کرے اور ان کے حکم کے مطابق چلے وہ دنیا میں بہکنے سے اور آخرت میں اس کے عذاب و وبال سے نجات پائے گا۔

(۱۲۴) اور جس نے  میری یاد سے  منہ پھیرا  (ف ۱۸۷) تو بیشک اس کے  لیے  تنگ  زندگانی ہے  (ف ۱۸۸) اور ہم اسے  قیامت کے  دن اندھا اٹھائیں گے۔

۱۸۷             اور میری ہدایت سے روگردانی کی۔

۱۸۸             دنیا میں یا قبر میں یا آخرت میں یا دین میں یا ان سب میں دنیا کی تنگ زندگانی یہ ہے کہ ہدایت کا اِتّباع نہ کرنے سے عملِ بد اور حرام میں مبتلا ہو یا قناعت سے محروم ہو کر گرفتارِ حرص ہو جائے اور کثرتِ مال و اسباب سے بھی اس کو فراخِ خاطر اور سکونِ قلب میسّر نہ ہو، دل ہر چیز کی طلب میں آوارہ ہو اور حرص کے غموں سے کہ یہ نہیں وہ نہیں حال تاریک اور وقت خراب رہے اور مومن متوکِّل کی طرح اس کو سکون و فراغ حاصل ہی نہ ہو جس کو حیاتِ طیبہ کہتے ہیں  قَالَ تَعَالیٰ فَلَنُحْیِیَنَّہ، حَیٰوۃً طَیِبَّۃً  اور قبر کی تنگ زندگانی یہ ہے کہ حدیث شریف میں وارد ہوا کہ کافِر پر ننانوے اژدہے اس کی قبر میں مسلّط کئے جاتے ہیں۔ حضرت ابنِ عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے فرمایا شانِ نُزول : یہ آیت اسود بن عبد العزی مخزومی کے حق میں نازِل ہوئی اور قبر کی زندگانی سے مراد قبر کا اس سختی سے دبانا ہے جس سے ایک طرف کی پسلیاں دوسری طرف آ جاتی ہیں اور آخرت میں تنگ زندگانی جہنّم کے عذاب میں جہاں زقوم (تھوہڑ) اور کھولتا پانی اور جہنّمیوں کے خون اور ان کے پیپ کھانے پینے کو دی جائے گی اور دین میں تنگ زندگانی یہ ہے کہ نیکی کی راہیں تنگ ہو جائیں اور آدمی کسبِ حرام میں مبتلا ہو۔ حضرت ابنِ عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے فرمایا کہ بندے کو تھوڑا ملے یا بہت اگر خوفِ خدا نہیں تو اس میں کچھ بھلائی نہیں اور یہ تنگ زندگانی ہے۔ (تفسیرِ کبیر و خازن و مدارک وغیرہ)۔

(۱۲۵) کہے  گا اے  رب میرے ! مجھے  تو نے  کیوں اندھا اٹھایا میں تو انکھیارا  (بینا) تھا (ف ۱۸۹)

۱۸۹             دنیا میں۔

(۱۲۶) فرمائے  گا یونہی تیرے  پاس ہماری آیتیں آئیں تھیں (ف ۱۹۰) تو نے  انہیں بھلا دیا اور ایسے  ہی آج تیری کوئی نہ لے  گا (ف ۱۹۱)

۱۹۰             تو ان پر ایمان نہ لایا اور۔

۱۹۱             جہنّم کی آگ میں جلا کرے گا۔

(۱۲۷) اور ہم ایسا ہی بدلہ دیتے  ہیں جو حد سے  بڑھے  اور اپنے  رب کی آیتوں پر ایمان نہ لائے، اور بیشک آخرت کا عذاب سب سے  سخت تر اور سب سے  دیرپا ہے۔

(۱۲۸) تو کیا انہیں اس سے  راہ نہ ملی کہ ہم نے  ان سے  پہلے  کتنی سنگتیں (قومیں ) ہلاک کر دیں (ف ۱۹۲) کہ یہ ان کے  بسنے  کی جگہ چلتے  پھرتے  ہیں (ف ۱۹۳) بیشک اس میں نشانیاں ہیں عقل والوں کو (ف ۱۹۴)

۱۹۲             جو رسولوں کو نہیں مانتی تھیں۔

۱۹۳             یعنی قریش اپنے سفروں میں ان کے دیار پر گزرتے ہیں اور ان کی ہلاکت کے نشان دیکھتے ہیں۔

۱۹۴             جو عبرت حاصل کریں اور سمجھیں کہ انبیاء کی تکذیب اور ان کی مخالفت کا انجام بُرا ہے۔

(۱۲۹) اور اگر تمہارے  رب کی ایک بات نہ گزر چکی ہوتی (ف ۱۹۵) تو ضرور عذاب انھیں (ف ۱۹۶) لپٹ جاتا اور اگر نہ ہوتا ایک وعدہ ٹھہرایا ہوا  (ف ۱۹۷)

۱۹۵             یعنی کہ یہ اُمّتِ محمّدِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے عذاب میں تاخیر کی جائے گی۔

۱۹۶             دنیا ہی میں۔

۱۹۷             یعنی روزِ قیامت۔

(۱۳۰) تو ان کی باتوں پر صبر کرو اور اپنے  رب کو سراہتے  ہوئے  اس کی پاکی بولو سورج چمکنے  سے  پہلے  (ف ۱۹۸) اور اس کے  ڈوبنے  سے  پہلے  (ف ۱۹۹) اور  رات کی گھڑیوں میں اس کی پاکی بولو (ف ۲۰۰) اور دن کے  کناروں پر (ف ۲۰۱) اس امید پر کہ تم راضی ہو (ف ۲۰۲)

۱۹۸             اس سے نمازِ فجر مراد ہے۔

۱۹۹             ا س سے ظہر و عصر کی نمازیں مراد ہیں جو دن کے نصفِ آخر میں آفتاب کے زوال و غروب کے درمیان واقع ہیں۔

۲۰۰             یعنی مغرب و عشا کی نمازیں پڑھو۔

۲۰۱             فجر و مغرب کی نمازیں ان کی تاکیداً تکرار فرمائی گئی اور بعض مفسِّرین قبلِ غروب سے نمازِ عصر اور اطرافِ نہار سے ظہر مراد لیتے ہیں، ان کی توجیہہ یہ ہے کہ نمازِ ظہر زوال کے بعد ہے اور اس وقت دن کے نصفِ اوّل اور نصفِ آخر کے اطراف ملتے ہیں نصف اول کی انتہا ہے اور نصف آخر کی ابتدا۔ (مدارک و خازن)۔

۲۰۲             اللہ کے فضل و عطا اور اس کے انعام و اکرام سے کہ تمہیں اُمّت کے حق میں شفیع بنا کر تمہاری شفاعت قبول فرمائے اور تمہیں راضی کرے جیسا کہ اس نے فرمایا ہے۔  وَلَسَوْفَ یُعْطِیْکَ رَبُّکَ فَتَرْضیٰ ۔

(۱۳۱) اور اے  سننے  والے   اپنی آنکھیں نہ پھیلا اس کی طرف جو ہم نے  کافروں کے  جوڑوں کو برتنے  کے  لیے  دی ہے  جتنی دنیا  کی تازگی (ف ۲۰۳) کہ ہم انہیں اس کے  سبب فتنہ میں ڈا لیں (ف ۲۰۴) اور تیرے  رب کا رزق (ف ۲۰۵) سب سے  اچھا اور سب سے  دیرپا ہے۔

۲۰۳             یعنی اصناف و اقسامِ کُفّار یہود و نصاریٰ وغیرہ کو جو دنیوی ساز و سامان دیا ہے مؤمن کو چاہیئے کہ اس کو استحسان و اعجاب کی نظر سے نہ دیکھے۔ حسن رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا کہ نافرمانوں کے طمطراق نہ دیکھو لیکن یہ دیکھو کہ گناہ اور معصیت کی ذلّت کس طرح ان کی گردنوں سے نمودار ہے۔

۲۰۴             اس طرح کہ جتنی ان پر نعمت زیادہ ہو اتنی ہی ان کی سرکشی اور ان کا طُغیان بڑھے اور وہ سزائے آخرت کی سزاوار ہوں۔

۲۰۵             یعنی جنّت اور اس کی نعمتیں۔

(۱۳۲)  اور اپنے  گھر والوں کو نماز کا حکم دے  اور خود اس پر ثابت رہ، کچھ ہم تجھ سے  روزی نہیں مانگتے  (ف ۲۰۶) ہم تجھے  روزی دیں گے  (ف ۲۰۷) اور انجام کار بھلا پرہیز گاری کے  لیے۔

۲۰۶             اور اس کا مکلَّف نہیں کرتے کہ ہماری خَلق کو روزی دے یا اپنے نفس اور اپنے اہل کی روزی کا ذمہ دار ہو بلکہ۔

۲۰۷             اور انہیں بھی، تو روزی کے غم میں نہ پڑ، اپنے دل کو امرِ آخرت کے لئے فارغ رکھ کہ جو اللہ کے کام میں ہوتا ہے اللہ اس کی کارسازی کرتا ہے۔

(۱۳۳) اور کافر بولے  یہ (ف ۲۰۸) اپنے  رب کے  پاس سے  کوئی نشانی کیوں نہیں لاتے  (ف ۲۰۹) اور کیا انہیں اس کا بیان نہ آیا جو اگلے  صحیفوں میں ہے  (ف ۲۱۰)

۲۰۸             یعنی سیدِ عالَم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم۔

۲۰۹             جو ان کی صحتِ نبوّت پر دلالت کرے باوجودیکہ آیاتِ کثیرہ آ چکی تھیں اور معجزات کا متواتر ظہور ہو رہا تھا پھر کُفّار ان سب سے اندھے بنے اور انہوں نے حضور صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی نسبت یہ کہہ دیا کہ آپ اپنے ربّ کے پاس سے کوئی نشانی کیوں نہیں لاتے، اس کے جواب میں اللہ تبارک و تعالیٰ فرماتا ہے۔

۲۱۰             یعنی قرآن اور سیدِ عالَم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی بشارت اور آپ کی نبوّت و بعثت کا ذکر، یہ کیسے اعظم آیات ہیں ان کے ہوتے ہوئے اور کسی نشانی کی طلب کرنے کا کیا موقع ہے۔

(۱۳۴) اور اگر ہم انہیں کسی عذاب سے  ہلاک کر دیتے  رسول کے  آنے  سے  پہلے  تو (ف ۲۱۱) ضرور کہتے  اے  ہمارے  رب! تو نے  ہماری طرف کوئی رسول کیوں نہ بھیجا کہ ہم تیری آیتوں پر چلتے  قبل اس کے  کہ ذلیل و رسوا ہوتے۔

۲۱۱             روزِ قیامت۔

(۱۳۵) تم فرماؤ سب راہ دیکھ رہے  ہیں (ف ۲۱۲) تو تم بھی راہ دیکھو تو اب جان جاؤ گے  (ف ۲۱۳) کہ کون ہیں سیدھی راہ والے  اور کس نے  ہدایت پائی۔

۲۱۲             ہم بھی اور تم بھی۔ شانِ نُزول : مشرکین نے کہا تھا کہ ہم زمانے کے حوادِث اور انقلاب کا انتظار کرتے ہیں کہ کب مسلمانوں پر آئیں اور ان کا قصہ تمام ہو۔ اس پر یہ آیت نازِل ہوئی اور بتایا گیا کہ تم مسلمانوں کی تباہی و بربادی کا انتظار کر رہے ہو اور مسلمان تمہارے عقوبت و عذاب کا انتظار کر رہے ہیں۔

۲۱۳             جب خدا کا حکم آئے گا اور قیامت قائم ہو گی۔