دعوۃ القرآن

سُوۡرَةُ الرَّحمٰن

تعارف

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

اللہ رحمٰن و رحیم کے نام سے

نام

 

سورہ کا آغاز خدائے رحمن کے نام سے ہوا ہے۔ اس مناسبت سے اس سورہ کا نام " الرحمن" ہے۔

 

زمانۂ نزول

 

مکی ہے اور مضامین سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ مکہ کے وسطی دور میں سورۂ احقاف کے بعد نازل ہوئی ہو گی کیونکہ سورۂ احقاف میں جنوں کے ایک گروہ کے قرآن کو سننے اور اپنی قوم میں جا کر اس کو خبردار کرنے کا ذکر ہے اور اس سورہ میں جنوں سے خطاب کر کے انہیں جھنجھوڑا گیا ہے اس لیے یہ تنبیہ اس کے بعد ہی کی ہوسکتی ہے۔

 

مرکزی مضمون

 

نئے نظام کے ساتھ ایک نئے عالم کے وجود میں آنے اور اس میں جزا و سزا کا معاملہ پیش آنے کی جو خبر قرآن دے رہا ہے اس کو نا ممکن خیال کرنے اور اس کا انکار کرنے والے انسانوں اور جنوں کو کمالاتِ قدرت کی طرف متوجہ کرنا ہے تاکہ ان کی حیرت دور ہو۔ اور وہ اس خبر پر یقین کرنے لگیں۔

 

نظمِ کلام

 

آیت ۱ تا ۴ تمہیدی آیات ہیں جن میں خدائے رحمن کی سب سے بڑی رحمت کا ذکر ہوا ہے اور وہ یہ کہ اس نے انسان کو کتابِ ہدایت (قرآن) کا علم بخشا اور یہ اسی کی رحمت کا فیضان ہے کہ انسان کو قوتِ گویائی حاصل ہوئی جو اس مخلوق کا ایک امتیازی وصف ہے۔ آیت ۵ تا۱۲ میں زمین و آسمان کے عجائبات قدرت کا ذکر کر کے یہ سوال قائم کیا گیا ہے کہ تم اپنے رب کے کن کن کمالات قدرت کا انکار کرو گے؟

 

آیت ۱۴ تا ۳۰ میں انس و جن کی تخلیق، دو  مشرقوں اور دو مغربوں کا بُعد، دو سمندروں کا ملنا اور اس قسم کی دوسری حیرت انگیز نشانیوں نیز اللہ کی شانِ کریمی کی طرف متوجہ کیا گیا ہے۔

 

آیت ۳۱ تا ۴۵ میں انسانوں اور جنوں کو ان کے مجرمانہ رویہ پر سخت تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ دن بس آ ہی رہا ہے جب تمہیں اپنے کئے کی سزا ملے گی اور وہ سزا نہایت درد ناک ہو گی۔

 

آیت ۴۶ تا ۷۸ میں ان لوگوں کا خوشگوار انجام بیان ہوا ہے۔ جو اللہ کے حضور جوابدہی سے ڈرتے رہے۔ اس سلسلہ میں جنت کی نعمتوں کی ایک جھلک دکھائی گئی ہے۔ جس سے اس کی رغبت پیدا ہوتی ہے۔

ترجمہ

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

اللہ رحمن و رحیم کے نام سے

 

۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  رحمن نے ۱*

 

۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  قرآن کی تعلیم دی۔ ۲*

 

۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اس نے انسان کو پیدا کیا۔ ۳*

 

۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور اس کو بولنا سکھایا۔ ۴*

 

۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  سورج اور چاند ایک حساب کے پابند ہیں۔ ۵*

 

۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور ستارے اور درخت سجدہ کرتے ہیں۔ ۶*

 

۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  آسمان کو اس نے بلند کیا۔ ۷* اور میزان رکھ دی۔ ۸*

 

۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  کہ تم میزان میں تجاوز نہ کرو۔ ۹*

 

۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور ٹھیک تولو انصاف کے ساتھ اور وزن میں کمی نہ کرو۔ ۱۰*

 

۱۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  زمین کو اس نے خلق کے لیے بچھایا۔ ۱۱*

 

۱۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اس میں میوے ہیں اور کھجور ہیں غلاف چڑھے ہوئے۔ ۱۲*

 

۱۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور غلے ہیں بھس والے ۱۳* اور خوشبو دار پھل بھی۔ ۱۴*

 

۱۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو ( اے گروہِ جن و گروہِ انس !) ۱۵* تم اپنے رب کے کن کن احسانات کا انکار کرو گے۔ ۱۶*

 

۱۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ انسان کو اس نے ٹھیکری کی طرح کھنکھناتی مٹی سے پیدا کیا۔۱۷*

 

۱۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور جِن کو آگ کے شعلے سے۔۱۸*

 

۱۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو ( اے گروہِ انس و جن)  تم اپنے رب کے کن کن کرشموں کا انکار کرو گے!۱۹*

 

۱۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  وہ دونوں مشرقوں اور دونوں مغربو ں کا رب ہے۔۲۰*

 

۱۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کی کس کس قدرت کا انکار کرو گے!

 

۱۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اس نے دو سمندروں کو چھوڑدیا کہ باہم مل جائیں۔

 

۲۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ان کے درمیان ایک پردہ حائل ہوتا ہے جس سے وہ تجاوز نہیں کرتے۔ ۲۱*

 

۲۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کے کن کن عجائبِ قدرت کا انکار کرو گے !

 

۲۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ان سے موتی اور مرجان نکلتے ہیں۔ ۲۲*

 

۲۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کے کن کن کمالاتِ قدرت کا انکار کرو گے!

 

۲۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اسی کے اختیار میں ہیں سمندر میں پہاڑوں کی طرح اونچے اٹھے ہوئے جہاز۔ ۲۳*

 

۲۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کے کن کن کرشموں کا انکار کرو گے!

 

۲۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  زمین پر جو بھی ہیں فنا ہونے والے ہیں ۲۴*

 

۲۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور تمہارے رب کی ذاتی ہی باقی رہنے والی ہے جو صاحبِ جلال و اکرام ہے۔ ۲۵*

 

۲۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کی کن خوبیوں کا انکار کرو گے!

 

۲۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  آسمانوں اور زمین میں جو بھی ہیں سب اس سے مانگتے ہیں ۲۶* ہر روز وہ ایک نئی شان میں ہے۔ ۲۷*

 

۳۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کے کن کن کمالات کا انکار کرو گے!

 

۳۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اے دو عظیم گروہو! ۲۸* ہم تمہارے لیے فارغ ہوئے جاتے ہیں۔ ۲۹*

 

۳۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کے کن کن کرشموں کا انکار کروگے! ۳۰*

 

۳۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اے گروہِ جن و انس ! اگر تم آسمانو ں اور زمین کی سرحدوں سے نکل سکتے ہو تو نکل جاؤ۔ نہیں نکل سکتے بغیر اختیار کے۔ ۳۱*

 

۳۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ تو تم اپنے رب کی کن کن نشانیوں کا انکار کرو گے!

 

۳۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تم پر آگ کے شعلے اور دھواں ۳۲* چھوڑدیا جائے گا۔ پھر تم اپنا بچاؤ نہ کرسکو گے۔ ۳۳*

 

۳۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کے کن کن کمالاتِ قدرت کا انکار کرو گے!

 

۳۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔   (کیا حال ہو گا)  جب آسمان پھٹ جائے گا اور چمڑے کی طرح سُرخ ہو جائے گا۔ ۳۴*

 

۳۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کے کن کن کرشموں کا انکار کرو گے!

 

۳۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اس روز کسی انسان یا جِن سے اس کے گناہ کے بارے میں پوچھا نہیں جائے گا۔ ۳۵*

 

۴۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کے کن کن کمالاتِ قدرت کا انکار کرو گے!

 

۴۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  مجرم اپنے چہروں سے پہچان لئے جائیں گے اور انہیں پیشانی کے بال اور پاؤں پکڑ کر گھسیٹا جائے گا۔

 

۴۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم رب کے کن کن کمالاتِ قدرت کا انکار کرو گے!

 

۴۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یہ وہی جہنم ہے جس کا مجرم انکار کرتے رہے۔

 

۴۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  وہ اس کے جوار میں کھولتے ہوئے پانی کے درمیان چکر لگاتے رہیں گے۔ ۳۶*

 

۴۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کے کن کن کمالاتِ قدرت کا انکار کرو گے!

 

۴۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور اس کے لیے جو اپنے رب کے حضور کھڑے ہونے سے ڈرا، دو باغ ہوں گے۔ ۳۷*

 

۴۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کی کن کن نوازشوں کا انکار کرو گے! ۳۸*

 

۴۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  دونوں کثیر ڈالیوں والے ہوں گے۔ ۳۹*

 

۴۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کی کن کن نوازشوں کا انکار کرو گے!

 

۵۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  دونوں میں دو چشمے جاری ہوں گے۔۴۰*

 

۵۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کی کن کن نوازشوں کا انکار کروگے!

 

۵۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ان میں ہر میوے کی دو قسمیں ہوں گی۔ ۴۱*

 

۵۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کی کن کن نوازشوں کا انکار کرو گے!

 

۵۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  وہ اپنے ایسے بچھونوں پر تکیہ لگائے بیٹھیں گے جن کے استر موٹے ریشم کے ہوں گے۔ ۴۲* اور باغوں کے پھل جھکے پڑے ہوں گے۔ ۴۳*

 

۵۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کی کن کن نوازشوں کا انکار کرو گے!

 

۵۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ان میں شرمیلی نگاہوں والی (حوریں)  ہوں گی جن کو ان سے پہلے کسی انسان یا جِن نے چھوا نہ ہو گا۔ ۴۴*

 

۵۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کی کن کن نوازشوں کا انکار کروگے!

 

۵۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  گویا کہ وہ یاقوت اور مرجان ہیں۔ ۴۵*

 

۵۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کی کن کن نوازشوں کا انکار کرو گے!

 

۶۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  بھلائی کا بدلہ بھلائی کے سوا اور کیاہو گا! ۴۶*

 

۶۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کی کن کن نوازشوں کا انکار کرو گے!

 

۶۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ان کے علاوہ د و باغ اور بھی ہوں گے۔۴۷*

 

۶۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کے کن کن انعامات کا انکار کرو گے!۴۸*

 

۶۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  دونوں گہرے سبز۔۴۹*

 

۶۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کے کن کن کرشموں ۵۰* کا انکار کرو گے!۴۸*

 

۶۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ان میں دو چشمے ہوں گے جوش مارتے ہوئے۔ ۵۱*

 

۶۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کے کن کن کمالات کا انکار کرو گے!

 

۶۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ان میں میوے اور کھجور اور انار ہوں گے۔ ۵۲*

 

۶۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کی کن کن نعمتوں کا انکار کرو گے!

 

۷۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ان میں خوش اخلاق حسینائیں ہوں گی۔ ۵۳*

 

۷۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کی کن کن نوازشوں کا انکار کرو گے!

 

۷۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  حوریں خیموں میں ٹھہری ہوئی۔ ۵۴*

 

۷۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کے کن کن انعامات کا انکار کرو گے! ۵۵*

 

۷۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ان کو ان جنتیوں سے پہلے نہ کسی انسان نے چھوا ہو گا اور نہ کسی جِن نے۔

 

۷۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کے کن کن انعامات کا انکار کرو گے!

 

۷۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  نہایت نفیس اور سبز مسندوں پر تکیہ لگائے بیٹھے ہوں گے۔۵۶*

 

۷۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو تم اپنے رب کے کن کن انعامات کا انکار کرو گے!

 

۷۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  بڑی برکت والا ہے تمہارے رب کا نام جو جلال اور بزرگ والا ہے۔ ۵۷*

تفسیر

۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  لفظ " الرحمن" کی تشریح سورۂ فاتحہ نوٹ ۵اور سورۂ بنی اسرائیل نوٹ ۱۴۵ میں "گزر چکی۔ رحمن کا اسم اللہ کے لیے عبرانی زبان میں بھی موجود ہے جو قدیم سے یہود کی مذہبی زبان رہی ہے۔ عبرانی میں اسے اس طرح لکھا جاتا ہے۔

 

ןםַהר

 

 (المعجم الحدیث عبری۔ عربی دارالملایین۔ بیروت ص ۴۴۶)

 

گویا زمانہ قدیم سے الرحمن اللہ کے لیے ایک معروف نام چلا آرہا ہے۔

 

اس سورہ کا آغاز اللہ تعالیٰ کی صفت رحمت سے ہوا ہے جس کے ذکر سے انسان کے اندر اس کی رحمت کا احساس ابھرتا ہے۔ اور اس احساس ہی کے نتیجہ میں وہ اپنے رب کی نعمتوں کا قدر شناس بنتا ہے۔

 

۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  خدائے رحمن کی رحمت اس بات کی متقاضی ہوئی کہ وہ انسان کی ہدایت کے لیے اپنی طرف سے ایک حکمت بھری کتاب نازل کرے اور انسان کو اس کا علم اور اس کا فہم بخشے چنانچہ اس نے اپنے پیغمبر پر قرآن نازل کر کے انسان کی تعلیم و ہدایت کا انتظام کیا۔ یہ قرآن اس کی بہت بڑی رحمت ہے اور جہاں وہ رحمت ہے وہاں وہ علم کا خزانہ بھی ہے اور انسان پر اس کا یہ عظیم ترین احسان ہے کہ اس نے انسان کو کلامِ الٰہی کا علم حاصل کرنے کی صلاحیت بخشی اور اس کا فہم عطا کیا۔

 

۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  قرآن کی تعلیم کا ذکر پہلے کیاگیا اور انسان کی تخلیق کا ذکر بعد میں کیاگیا تاکہ واضح ہو جائے کہ قرآن کی تعلیم ہی وہ چیز ہے جو اس کے مقصد وجود کو پورا کرتی ہے۔

 

۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  انسان کو قوتِ گویائی (بولنے کی صلاحیت) عطا کر کے اپنے بہت بڑے فضل سے نوازا ہے۔ قوتِ گویائی اس کے ضمیر کی ترجمان ہے اور اس کا تعلق اس کے با شعور ہونے سے ہے۔ انسان کی امتیازی خصوصیت یہ ہے کہ وہ با شعور مخلوق ہے جسے گویائی کی فضیلت بخشی گئی ہے جس کا تقاضا ہے کہ انسان اپنے رب کا شکر "گزار بنے اور اس اعلیٰ صلاحیت کو قرآن سیکھنے کے لیے استعمال کرے۔ اس کی زبان پر کلامِ الٰہی جاری ہواور وہ ہمیشہ ذکرِ الٰہی سے کرے۔ اس کی زبان پر کلامِ الٰہی جاری ہو اور وہ ہمیشہ ذکرِ الٰہی سے تر رہے۔ یہ اور اس قسم کے اعلیٰ مقاصد ہی ہیں جس کے لیے اسے بولنے اور بیان کرنے کی صلاحیت بخشی گئی ہے۔

 

۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  پھر انسان نے جس کائنات میں آنکھیں کھولی ہیں اس میں ہر طرف وہ اپنے رب کی کرشمہ سازی کے جلوے دیکھ سکتا ہے سورج اور چاند جیسے عظیم اجرامِ فلکی (Heavenly bodies) کو کس طرح اس نے ایک حسا کا پابند بنا رکھا ہے کہ وہ اپنے دائرہ سے ذرہ برابر تجاوز نہیں کرسکتے۔ ان کو زمین سے جن فاصلوں پر رکھاگیا ہے ان فاصلوں پر رہنے ہی سے انسان کی زندگی زین پر ممکن ہوئی ہے۔ اگر سورج زمین سے قریب آجائے یا زیادہ دور چلائے جائے تو زمین پر حرارت کا توازن بگڑ جائے گا اور انسان اور حیوانات زندہ نہیں رہ سکیں گے اسی طرح چاند کے بھی اپنے دائرہ سے ہٹنے کا زبردست اثر سمندر کے جوار بھاٹے پر پڑے گا جس سے طرح طرح کے مسائل پیدا ہوں گے۔ تو انسان دیکھئے کہ سورج اور چاند کا اپنے اپنے دائرہ میں رہنا اور ان کا وقت پر طلوع و غروب خواہ وہ زمین کی گردش کے نتیجہ میں وقوع میں آرہاہو اللہ کی قدرت کا کتنا عجیب نمونہ ہے۔

 

۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ستارے انتہائی بلندی پر ہو کر بھی اللہ کے آگے جھکے ہوئے ہیں اور ان کا جھکنا ظاہری اعتبار سے اللہ کے حکم کے آگے پست ہونا ہے۔ مثال کے طور پر ان کو آسمان میں جس زاویہ پر رکھاگیا ہے اسی زاویہ پر رہنا اور مسلسل گردش میں رہنا اس کی واضح دلیل ہے۔ اسی طرح زمین پر درخت اس کے حکم کے آگے جھکے ہوئے ہیں۔ یہاں تک کہ کوئی پتہ اس کے حکم کے بغیر نہیں ہلتا اور ان کے سائے اس کے آگے سجدہ ریز ہونے کے مظہر ہیں۔ یہ اس کی قدرت کی کیسی عجیب نشانی ہے!

 

ستاروں اور درختوں کے سجدہ کرنے کا ذکر سورۂ حج (آیت ۱۸) میں بھی ہوا ہے۔

 

۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  آسمان کو اللہ تعالیٰ نے ایسا بلند کر دیا ہے کہ جدید سائنس بھی باوجود اپنے ترقی یافتہ وسائل کے اس کی بلندی کو چھونہیں سکی ہے۔ یہ اس کے کمالِ قدرت کا ایسا ثبوت ہے کہ ہر شخص اسے کھلی آنکھوں سے دیکھ سکتا ہے۔

 

۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  میزانِ عدل کے معنی میں آتا ہے اور وہی یہاں مراد ہے۔آسمان کی بلندی کی طرف جب نگاہیں اٹھتی ہیں تو اجرام فلکی کا ایک ایسا نظام مشاہدہ میں آتا ہے جو نہایت متوازن ہے اور کوئی چیز بھی ذرہ برابراعتدال سے ہٹی ہوئی نہیں ہے۔ اگر کوئی چیزغیر متوازن ہو جائے یا اعتدال سے ہٹ جائے تو یہ نظام زبردست حادثہ سے دوچار ہو جائے۔ اس سے ذہن رب کائنات کی صفتِ عدل کی طرف منتقل ہو جاتا ہے کہ وہ عدل کرنے والا ہے اور عدل کو پسند کرتا ہے اسی لیے اس نے کائنات کے اس نظام میں کمال درجہ کا اعتدال رکھا ہے۔ گویا دیدۂ بینا رکھنے والے آسمان و زمین کے درمیان ایک میزان لٹکتی ہوئی دیکھ سکتے ہیں اور وہ ہے میزانِ عدل۔ اوریہ غیر مادی میزان بھی اللہ کی کرشمہ سازی ہی ہے۔

 

۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یہ میزان عدل جو زمین و آسمان کے درمیان قائم ہے اور بصیرت کی آنکھوں سے دیکھی جاسکتی ہے انسان کو عدل کا سبق دے رہی ہے کہ وہ راستی پر قائم رہے اور خلافِ عدل کوئی کام نہ کرے نہ اپنے رب کے تعلق سے اور نہ بندگان رب کے تعلق سے۔

 

۱۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  جب میزانِ عدل کا ذکر ہوا تو اس کی مناسبت سے اس می2زان (ترازو) کی طرف توجہ دلائی جس کو انسان تولنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔ فرمایا اللہ تعالیٰ نے میزانِ عدل اس لیے قائم کی ہے تاکہ تم اپنی روز مرہ کی زندگی میں اس سے رہنمائی حاصل کرو اور انصاف کے ساتھ تولو اور تولنے میں ڈنڈی نہ مارو کہ یہ بہت بڑی حق تلفی بھی ہے، فریب دہی بھی ہے اور عظیم گناہ بھی۔

 

سورۂ مطففین میں ناپ تول میں کمی کرنے والوں کو سخت وعید (عذاب کی دھمکی) سنائی گئی ہے۔

 

۱۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی زمین کو اس قابل بنایا کہ مخلوق اس پر آباد ہوسکے۔ سائنس کی ترقی نے انسان کو چاند پر پہنچادیا لیکن سکونت کے لیے اسے موزوں نہیں پایا یہی حال دوسرے سیاروں کا بھی ہے کہ وہ اس قابل نہیں کہ انسان وہاں زندگی گزار سکے لیکن زمین وہ کرہ ہے جہاں زندگی "گزارنے کی ساری سہولتیں اور آسائشیں مہیا ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ خالق نے زمین کو اپنی مخلوق کے لیے خاص طور سے بنایا ہے۔

 

۱۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  زمین پر انسان کو جو رزق حاصل ہوتا ہے وہ بھی اس کی مہربانی ہی کا نتیجہ ہے اور اس میں اس کی ربوبیت اور کمالِ قدرت کی عظیم نشانیاں ہیں۔ یہاں مثال کے طور پر چند نعمتوں کا ذکر ہوا ہے۔ میوے کیسے خوش ذائقہ رنگ بہ رنگی اور مختلف نمونوں کے پیدا کئے گئے ہیں۔ کھجور ہی کو لیجئے اس کا گودا اس طرح جھلی میں لپٹا ہوا ہے کہ صاف نظر آتا ہے کہ اسی رازق نے یہ اہتمام اس لیے کیا ہے تاکہ گودا محفوظ رہے اور انسان کو یہ نعمت بہترین شکل میں مل جائے۔

 

۱۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اناج کے ایک ایک دانہ پر باریک پتی کا کور چڑھا ہواہوتا ہے جس کے اندر وہ محفوظ رہتا ہے اور یہ پتی یا چھلکا کا بھس کا کام دیتا ہے جو جانوروں کی غذا ہے۔ مثال کے طور پر گیہوں کے دانہ پر جو تہ سی چڑھی ہوئی ہوتی ہے وہ پیسنے پر بھس بن جاتی ہے اور چاول کے دانہ پر تو جھلکا ہوتا ہے اسی طرح چنے پر بھی۔ گویا اناج کے ایک ایک دانہ کو پیک کر کے محفوظ شکل میں انسان کو پہنچایا جا رہا ہے۔ یہ اہتمام کتنا عجیب ہے! رزق کا یہ سامان کیسا نفیس ہے!

 

۱۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ریحان خوشبودار نباتات کو بھی کہتے ہیں اور پھول کو بھی۔ انسان کو اللہ تعالیٰ نے ایک لطیف ذوق یہ بھی عطا کیا ہے کہ خوشبو سے وہ فرحت و انبساط کی کیفیت محسوس کرنے لگتا ہے۔ اس کے اس ذوق کو پورا کرنے کے لیے خوشبو دار نباتات مثلاً لونگ، دارچینی، وغیرہ اور طرح طرح کے پھول مثلاً گلاب، چمیلی وغیرہ پیدا کئے گئے ہیں۔ یہ پھول کیسے نرم، نازک اور خوبصورت ہوتے ہیں۔ اور ان کی خوشبو کس طرح دماغ کو تازگی بخشتی ہے! انسان کے مالیاتی ذوق کی تسکین کا سامان کس خوبی کے ساتھ کیاگیا ہے !

 

۱۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  خطاب دو گروہوں یعنی انسان اور جنوں سے ہے جیسا کہ آگے آیت  ۳۳میں صراحت کے ساتھ یا معتر الجن والانس (اے گروہ جن و انس) فرمایاگیا ہے۔

 

۱۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  " آلاء" کو عام طور سے نعمتوں کے معنی میں لیا جاتا ہے جو لغت کے لحاظ سے صحیح ہے لیکن یہ اس لفظ کا اصل مفہوم نہیں ہے اصلاً یہ لفظ جیسا کہ اشعارِ عرب میں استعمال ہوا ہے ان کاموں کے لیے استعمال ہوتا ہے جو خوبی کے ہوں اور حکمت اور حسن تدبیر کی بنا پر حیرت میں ڈالنے والے ہوں۔ چنانچہ تفسیر طبری میں اس کے ایک معنی قدرت کے بھی منقول ہیں (دیکھئے تفسیر طبری ج ۲۷ ص ۷۳) اور امام رازی نے بھی آیت کی ایک توجیہ یہ بیان کی ہے کہ

 

" مذکورہ آیت قدرت کے بیان میں ہے نہ کہ نعمت کے بیان میں۔" (تفسیر رازی ۲۹ ص ۹۸)

 

اور علامہ فراہی نے اس پر محققانہ بحث کی ہے اور اس کے معنی " کرشموں اور افعال محمودہ " کے بیان کئے ہیں۔ (دیکھئے مفردات القرآن۔ فراہی ص ۱۱)

 

اس سورہ میں یہ آیت ۳۱ مرتبہ دہرائی گئی ہے اور ہر جگہ نعمتوں ہی کا ذکر نہیں ہے بلکہ عذاب کا بھی ذکر ہوا ہے نیز سورہ کا مرکزی مضمون بھی قیامت کے وقوع سے متعلق ہے اس لیے کمالاتِ قدرت (قدرت کی کرشمہ سازیوں) کی طرف بار بار توجہ دلائی گئی ہے لہٰذا اس آیت کے ترجمہ میں اس کی زیادہ رعایت کی گئی ہے۔

 

تکذیب کا تعلق جب کسی چیز سے ہوتو اس کے معنی انکار کرنے کے ہوتے ہیں۔ قاموس میں ہے:

 

وَ کَذَّبَ بِالْاَمْرِ تَکْذیْباً وَ کِذَابًا اَنْکَرَہُ  "کسی امر کی تکذیب کی یعنی اس کا انکار کیا۔" (القاموس ا لفیروز آبادی ج ۱ ص ۱۲۷)

 

۱۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی ایسی مٹی سے جو ٹھیکری کی طرح پکی ہوئی ہو۔ انسان کا قالب جب کہ دوسرے مقامات پر صراحت ہے سڑی ہوئی مٹی سے تیار کیاگیا تھا اس کے بعد اس کو خشک کر کے پکی ہوئی مٹی کی طرح سخت بنادیاگیا اور جب اس میں روح پھونک دی گئی تو وہ گوشت پوست کا انسان بن گیا۔ اللہ کی قدرت کا کتنا عجیب نمونہ ہے انسان!

 

مزید تشریح کے لیے دیکھئے سورۂ حجر نوٹ ۲۴۔

 

۱۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  جس طرح انسان کو زمین کی مٹی سے پیدا کیاگیا ہے اسی طرح جِن کو اسی زمین پر پائی جانے والی آگ کے شعلہ سے پیدا کیاگیا ہے یعنی اس کی لُو سے۔ اسی لیے جِن ایک لطیف مخلوق ہے جو دکھائی نہیں دیتی اور جِن کی پرواز بہت تیز ہوتی ہے۔ جن کی اس طرح تخلیق اللہ کی قدرت کا کرشمہ ہی ہے۔

 

مزید تشریح کے لیے دیکھئے سورۂ حجر نوٹ ۲۵۔

 

۱۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یہ آیت اس سورہ میں بار بار دہرائی گئی ہے جو محض تکرار نہیں بلکہ توجہ کو اللہ کے احسانات، کمالات اور کرشموں پر مرکوز کرنے اور قلب و روح کو بیدار کرنے کے لیے ہے۔ اس تکرار کی مثال زبور میں بھی ملتی ہے جس کے باب ۱۳۶ میں فقرہ "کہ اس کی شفقت ابدی ہے" ۲۶ بار دہرایا گیا ہے۔

 

" خداوند کا شکر کرو کیونکہ وہ بھلا ہے

 

کہ اس کی شفقت ابدی ہے

 

.......... ..اسی کا جو اکیلا بڑے بڑے عجیب کا م کرتا ہے

 

کہ اس کی شفقت ابدی ہے۔

 

اسی کا جس نے دانائی سے آسمان بنایا۔

 

کہ اس کی شفقت ابدی ہے۔

 

اسی کا جس نے زمین کو پانی پر پھیلایا

 

کہ اس کی شفقت ابدی ہے۔

 

اسی کا جس نے بڑے بڑے نیّر بنائے

 

کہ اسی کی شفقت ابدی ہے۔

 

دن کو حکومت کرنے کے لیے آفتاب

 

کہ اس کی شفقت ابدی ہے۔

 

رات کو حکومت کرنے کے لیے ماہتاب اور ستارے

 

کہ اس کی شفقت ابدی ہے۔"

 

اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ تکرار کا اسلوب آسمانی کتابوں کی خصوصیات میں سے ہے اور تعلیم و تربیت کے پہلو سے اس کی بڑی اہمیت ہے۔

 

۲۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  عرفی معنی میں تو زمین پر ایک ہی مشرق اور ایک ہی مغرب ہے لیکن موسم سرما میں سورج کا طلوع اور غروب افق کے ایک نقطہ انتہا کو پہنچ جاتا ہے اور موسم گرما میں دوسرے نقطہ انتہا کو جس سے موسمی تغیرات واقع ہوتے ہیں اور یہ سب کچھ باقاعدگی کے ساتھ ہوتا ہے اس مناسبت سے سورج کے طلوع و غروب کے دو مشرق اور دو مغرب ہوئے۔ اور یہ بھی اللہ کی قدرت کی بڑی نشانی ہے۔

 

ایک اور پہلو سے بھی دو مشرقوں اور دو مغربوں کا وجود ثابت ہوتا ہے۔ قطب شمالی میں جہاں چھ مہینے دن رہتا ہے سورج سر پر نہیں رہتا بلکہ ایک کنارے پر چلتا ہے۔ مشرق سے نکل کر جب مغرب میں پہنچتا ہے تو ڈوبتا نہیں ہے بلکہ پھر مشرق کی جانب چلتا ہے۔ اس طرح وہ ایک سمت سے دوسری سمت چکر کاٹتا ہے۔ قطب شمالی کے قریبی علاقہ میں جہاں انسان کی آمد و رفت ہے یہ منظر دکھائی دیتا ہے۔ ان دنوں میں مغرب بھی مشرق بن جاتی ہے۔ اسی طرح دوسرے چھ مہینوں میں جب رات ہی رات رہتی ہے مشرق بھی مغرب بن جاتی ہے۔ اسی طرح قطب جنوبی پر بھی چھ مہینے دن اور چھ مہینے رات رہتی ہے تو کیسا کمال ہے قدرت کا!

 

۲۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اس کی تشریح سورۂ فرقان نوٹ ۷۱ میں گزر چکی۔

 

۲۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  مرجان (Coral) ایک آبی درخت ہوتا ہے جسے سمندر میں کیڑے بناتے ہیں۔ پتھر کی طرح سخت ہوتا ہے اور رنگ خوبصورت گلابی اور کچھ دوسرے رنگ بھی ہوتے ہیں۔ اس کا شمار جواہرات میں ہوتا ہے اور آرائش کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے یہ اہتمام اس لیے کیا ہے تاکہ انسان کے ذوقِ جمال کی تسکین کا سامان ہو اور جس عجیب طریقہ سے کیا ہے وہ اس کاکرشمہ ہی ہے۔

 

اس آیت کے تعلق سے ایک اشکال یہ پیش کیا جاتا ہے کہ موتی اورمرجان صرف سمندر سے نکلتے ہیں جبکہ آیت میں سمندر اور دریادونوں سے نکلنے کا ذکر ہے اس لیے بعض مفسرین نے اس کی یہ توجیہ کی ہے کہ دونوں کے مجموعہ سے یہ چیزیں نکلتی ہیں بچہ اگرچہ ماں کے پیٹ سے نکلتا ہے لیکن وہ ماں اور باپ دونوں کی اولاد ہوتا ہے۔ لیکن یہ دعویٰ صحیح نہیں کہ موتی صرف سمندر سے نکلتے ہیں بلکہ دریا سے بھی نکلتے ہیں جس کا پانی میٹھا ہوتا ہے۔ ذیل میں ہم انسائیکلو پیڈیا آف مینسرلس اینڈِجیم اِسٹون کا اقتباس نقل کرتے ہیں جس سے اس دعوےٰ کی تردید ہوتی ہے۔

 

"They are found in both sea water and fresh water-------------Pearls are found in the Persian Gulf, the Gulf of Manaar between Ceylon and India, the Red sea, the Gulf of Mexico and Panama, and the waters off Australia and Venezuela. Fresh Water Pearls are found in many rivers including those of Scotland and North America-------- in particular the Mississippi river."

)The Encyclopedia of Minerals & Gem stones by Michal of O'Donaghne--------Orbis Publ. London P.286 (

 

" موتی دونوں میں پائے جاتے ہیں سمندر کے پانی میں بھی اور دریا کے پانی میں بھی۔۔۔۔۔۔۔۔۔ موتی خلیج فارس" خلیج منار جو سیلون اور انڈیا کے درمیان ہے" بحر احمر" میکسیکو اور پناما کے خلیج اور اسٹریلیا اور وینزولا سے دورپانی میں۔ میٹھے پانی کے موتی بہت سے دریاؤں میں پائے جاتے ہیں بشمول اسکاٹ لینڈ اور شمالی امریکہ کے دریاؤں کے اور خاص طور سے دریائے مسی سی پی میں۔"

 

جواہرات کی اس انسائیکلو پیڈیا کے صفحہ ۱۲۷  پر بھی یہ صراحت موجود ہے کہ :

 

Pearls may be obtained from both freshwater and Saltwater molluscs." (P.127(

 

" موتی میٹھے پانی کے صدفہ سے بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں اور کھاری پانی کے صدفہ سے بھی۔"

 

۲۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  پانی میں کتنی ہی چیزیں ڈوبتی ہیں لیکن بڑے بڑے جہاز جو پہاڑوں کی طرح اونچے اُٹھے ہوئے ہوتے ہیں سمندر میں کھڑے ہو جاتے ہیں۔ کیا یہ اللہ کی قدرت کا جلوہ نہیں ہے؟ ان جہازوں پر اس کا کنٹرول ایسا ہے کہ جب وہ چاہتا ہے جہاز کو ڈبودیتا ہے۔

 

آیت سے یہ بات بھی معلوم ہوئی کہ نزولِ قرآن کے زمانہ میں بھی بڑے بڑے جہاز ہوا کرتے تھے۔

 

۲۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  عربی میں " مَنْ" (جو) جاندار کے لیے آتا ہے۔ مطلب یہ ہے کہ زمین پر جو مخلوق بھی زندہ ہے اس کو ایک دن مرنا اور ختم ہو کر رہ جانا ہے۔ یہ اور بات ہے کہ اللہ قیامت کے دن مُردوں کو زندہ کر ے گا اور انس و جِن دونوں گروہوں کو وہ اپنے حضور جوابدہی کے لیے حاضر کرے گا۔ بعد کی آیتوں میں یہ بات صراحت کے ساتھ بیان ہوئی ہے۔

 

۲۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی اللہ کی ذات جو عظمت اور عزت والا ہے ہمیشہ باقی رہنے والی ہے۔ اس کے لیے بقاہی بقا ہے وہ اپنی بقا کے لیے نہ کسی کا محتاج ہے اور نہ اس کی عظمت و عزت میں کبھی کوئی فرق آسکتا ہے۔ رہی مخلوق تو اس کا بقا اس کے رب کی مشیت ہی پر موقوف ہے۔

 

۲۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی فرشتے ہوں، انسان ہوں یا جن سب اس کے محتاج ہیں اور اس کے آگے اپنی حاجتیں پیش کرتے ہیں۔

 

۲۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی ہر آن وہ نئی شان میں ہے کہ وہ اپنی مخلوق کی طرح طرح کی حاجتیں پوری کرتا ہے۔ ان کی دعائیں سننا، بیماروں کو شفا بخشنا، کمزوروں کی دستگیری کرنا، مظلوموں کی فریاد رسی کرنا، بے کسوں کی مدد کرنا، خطرات میں گھرے ہوئے لوگوں کو بچانا تکلیف سے نجات دینا اور مشکل کشائی کرنا، گناہوں کو بخشنا، بندوں کو ہدایت دینا اور انہیں اپنی رحمت اور فضل سے نوازنا، فتح و کامرانی اور عزت و غلبہ عطا کرنا، غرضیکہ بے شمار کام ہیں جن کو انجام دینے میں وہ ایسا لگا ہوا ہے کہ کوئی دن اس سے خالی نہیں۔

 

۲۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ثقل وزنی، بھاری بھرکم اور نفیس چیز کو کہتے ہیں۔ عربی کی مشہور لغت قاموس میں ہے:

 

والثَّقَلُ۔۔۔۔۔۔۔ کل شئی نفیس مصون و منہ الحدیث انی تارک فیکم الثقلین

 

"ثَقْلَ یعنی ہر نفیس اور محفوظ چیز۔ اسی معنی میں وہ حدیث ہے جس میں بیان کیاگیا ہے کہ میں تمہارے درمیان دو بھاری چیزیں چھوڑ رہا ہوں۔" (القاموس ج ص ۲۵۲)

 

جن اور انس زمین پر دو عظیم گروہ ہیں جو دوسری تمام مخلوقات سے ممتاز ہیں اس لیے ان کو ثقلان سے تعبیر کیا ہے۔

 

۲۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یہ بات بطور تنبیہ کے ہے یعنی ہم عنقریب تمہاری طرف حساب کتاب کے لیے متوجہ ہوتے ہیں اور تمہاری خبر لیتے ہیں۔

 

۳۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  قیامت کے دن جب اللہ تعالیٰ اپنی عدالت برپا کرے گا اور دونوں گروہوں کی پیشی ہو گی تو تم اس کی کرشمہ سازیوں کا چشم دید مشاہدہ کرو گے گو آج تم ان کا انکار کررہے ہو۔

 

۳۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  آسمانوں اور زمین کی سرحدوں سے مراد اس عالم کے حدود ہیں اور انسان اور جن مجبور ہیں کہ وہ اسی عالم میں رہیں۔ آسمان میں جن پرواز کرتے ہیں اور اب انسان بھی خلا میں پرواز کر رہا ہے مگر ان کی یہ پرواز اس عالم کی سرحدوں سے باہر نہیں ہے۔ وہ اس عالم کے باہر کہیں نہیں جاسکتے۔ اگر جاسکتے ہیں تو اس صورت میں جب کہ انہیں اللہ تعالیٰ اس کا اختیار بخشے۔ بالفاظ دیگر اللہ کی طرف سے اس کا پروانہ (پاسپورٹ) مل جائے۔ مقصود یہاں انسانوں اور جنوں کی بے بسی کو ظاہر کرنا ہے کہ جب وہ اللہ کی بنائی ہوئی اسی دنیا میں رہنے کے لیے مجبور ہیں تو پھر اس سے بغاوت کر کے انہیں کہاں پنا ہ مل سکتی ہے؟

 

یہاں اس شبہ کا بھی ازالہ ہونا چاہیے کہ انسان نے خلا میں پہنچ کر زمین کے اقطار (حدود) سے نکلنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ آیت میں زمین سے پہلے آسمانوں کا ذکر ہوا ہے چنانچہ اقطار السمٰوٰت والارض (آسمانوں اور زمین کے حدود) فرمایاگیا ہے اور مراد بحیثیت مجموعی یہ عالم رنگ و بو ہے ورنہ اگر زمین کی کشش سے باہر خلا میں نکل جانا مراد ہوتا تو یہ چیلنج جنوں کو کیس کیا جاسکتا تھا جو پہلے ہی سے اوپر پرواز کرتے رہے ہیں۔

 

۳۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  نحاس کے معنی لسان العرب میں دخان (دھوئیں) کے دئے ہیں اور اکثر مفسرین نے دھواں ہی مراد لیا ہے اور وہی یہاں موزوں بھی ہے۔

 

۳۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یہ قیامت کے دن کا حال بیان ہورہا ہے کہ سرکش انسانوں اور جنوں پر آسمان سے آگ کے شعلے برسائے جائیں گے اور دھواں چھوڑ دیا جائے گا۔ پھر اللہ کے تازیانوں کا کس طرح انکار کرو گے؟

 

۳۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی قیامت کے دن ایسا معلوم ہو گا جیسے آسمان پر آگ لگ گئی ہے اور یہ نیلگو آسمان سرخ آسمان میں تبدیل ہو گیا ہے۔ یہ اشارہ ہے زبردست آسمانی تغیر کی طرف جب آسمان آگ کا منظر پیش کررہا ہو گا تو انسان کے ہوش کہاں رہ جائیں گے۔ اللہ کی قدرت کا یہ مشاہدہ بھی انسان ایک دن کر ہی لے گا مگر آج وہ اس کا انکار کررہا ہے اور سمجھ رہا ہے کہ یہ آسمان اور یہ زمین ہمیشہ اسی طرح رہیں گے۔

 

۳۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اس کا یہ مطلب نہیں کہ مجرمین سے باز پرس نہیں ہو گی۔

 

ان سے جیسا کہ قرآن نے دوسرے مقامات پر صراحت کی ہے سخت باز پرس ہو گی۔ یہاں جو بات مقصود ہے وہ یہ ہے کہ مجرمین سے میدان حشر میں کسی کو بھی ان کے جرم کی نوعیت پوچھنے کی ضرورت نہیں ہو گی بلکہ ان کے گناہ کے اثرات ان کے چہرے بشرے سے ظاہر ہوں گے اور ان کا حلیہ دیکھتے ہی انہیں مجرم کی حیثیت سے پہچانا جائے گا۔ چنانچہ آگے آیت ۴۱ میں اس کو صراحت کے ساتھ بیان کر دیا گیا ہے۔

 

۳۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی جہنم میں جلتے ہوئے جب انہیں شدت کی پیاس محسوس ہو گی تو وہ پانی کی طرف دوڑیں گے مگر پانی بھی ایسا گرم ہو گا کہ بالکل کھولتاہوا۔اسی طرح وہ جہنم میں آگ اور کھولتے ہوئے پانی کے درمیان چکر کاٹتے رہیںگے۔

 

اللہ نے جہنم کو اپنے غضب کا کیسا نشان بنایا ہے اور اس میں کیسی دردناک سزائیں رکھی ہیں۔ یہ بھی اللہ کی قدرت کے عجائب ہی میں سے ہے۔

 

۳۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اپنے رب کے حضور پیشی کا ڈرگناہوں سے بچاتا اور اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو ادا کرنے پر آمادہ کرتا ہے۔ یہ ڈر جتنا زیادہ ہو گا اتنا ہی کردار صالح ہو گا۔

 

اللہ کے حضور پیشی سے ڈرنے والے جنت میں داخل ہوں گے جہاں ہر شخص کو دو باغ دےئے جائیں گے۔ دو باغ دو قسم کے ہوں گے تاکہ وہ خوب محظوظ ہو۔

 

۳۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اللہ کی نوازشوں کا انکار کرنے والے انکار ہی کرتے رہیں مگر سن لو کہ اللہ کیسی نوازشوں سے اپنے بندوں کو جو اس سے ڈرتے رہے سر فراز کرنے والا ہے۔

 

۳۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  جب درخت اور ان کی ڈالیاں بہ کثرت ہوں گی تو پھل بھی بہ کثرت ہوں گے نیز باغوں کی رونق میں بھی اضافہ ہو گا۔

 

۴۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی ہر باغ میں ایک چشمہ ہو گا جو اس کو سرسبز اور شاداب رکھے گا۔

 

۴۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  جس طرح باغ دو قسم کے ہوں گے اسی طرح ان کے میوے بھی دو قسم کے ہوں گے اپنی لذت اور اپنی دیگر خصوصیات کے اعتبار سے۔

 

۴۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  جب استر موٹے ریشم کا ہو گا تو بالائی حصہ کتنا نفیس ہو گا!

 

۴۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی ان باغوں کی ڈالیوں میں پھل جھکے پڑے ہوں گے تاکہ آسانی سے ان کو توڑا جاسکے۔ دنیا میں کتنے ہی درختوں کے پھل اونچائی پر ہوتے ہیں اور ان کو حاصل کرنے کے لیے محنت کرنا پڑتی ہے مگر جنت کے درختوں اور ان کے پھلوں کی شان ہی نرالی ہو گی۔

 

۴۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  نیچی نگاہیں رکھنا شرم و حیا کی تعبیر ہے اور شرم و حیاء عورتوں کا اعلیٰ وصف اور ان کی زینت ہے۔ جنت کی حوریں بالکل پاک دامن " عفت مآب اور شرم و حیاء کا پیکر ہوں گی۔ انسان کے لیے جو حوریں ہوں گی ان کو ان جنتیوں کو ملنے سے پہلے کسی انسان نے چھوا تک نہ ہو گا وہ بالکل باکرہ ہوں گی۔ اسی طرح جنوں کو جو حوریں ملیں گی ان کو ان جنتی جنوں کو ملنے سے پہلے کسی جن نے ہاتھ نہ لگایا ہو گا۔ یہ حوریں انس کے لیے انسیات اور جن کے لیے جنیات ہوں گی۔ کیونکہ انس و جن دو الگ الگ جنس ہیں اور ہر جنس اپنی ہی جنس کے مقابل کی طرف مائل ہوتی ہے۔

 

ان آیتوں سے یہ بات واضح ہوئی کہ جنت جس طرح اللہ سے ڈرنے والے انسانوں کو ملے گی اسی طرح اس سے ڈرنے والے جنوں کو بھی ملے گی۔

 

۴۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  جنت کے حوروں کو یاقوت اورمرجان سے تشبیہ دی گئی ہے۔

 

یاقوت (Ruby) ایک نہایت قیمتی ہیرا ہوتا ہے جس کا رنگ سُرخ ہوتا ہے۔ یہ ہیرا بہت صاف اور روشن اور نہایت خوبصورت ہوتا ہے۔ مرجان بھی جواہرات میںسے ہے اور زیورات میں گلابی رنگ کا مرجان استعمال ہوتا ہے۔گویا جنت کی حوریں اپنی نفاست، اپنی گوری اور گلابی رنگت اور حسن و جمال میں یاقوت و مرجان ہوں گی۔

 

۴۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی اچھے عمل کی جزاء اللہ کے ہاں اچھی ہی ہے۔ ہو نہیں سکتا کہ نیکی کی روش اختیار کرنے والے کا انجام بُرا ہو۔ خوب کار کو بہترین صلہ ہی ملے گا۔

 

۴۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اوپر جن دو باغوں کا ذکر ہواوہ ان دو باغوں پر فوقیت رکھتے ہوں گے جن کا ذکر اب ہورہا ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ کے حضور پیشی سے ڈرنے والوں کو ان کے مرتبہ کے لحاظ سے جنت میں باغ عطا کئے جائیں گے۔ پہلے دو باغ مقربین کے لیے ہوں گے اور دوسرے دو باغ عام صالحین کے لیے۔ اس کی تائید سورۂ واقعہ کی تصریحات سے ہوتی ہے جس میں مقربین اور اصحابِ یمین (داہنے ہاتھ والے) کے لیے الگ الگ انعامات بیان ہوئے ہیں۔

 

۴۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی جو جزا کے قائل نہیں ہیں وہ ان انعامات کا بھی جن سے اللہ تعالیٰ اپنے نیک بندوں کو نوازنے والا ہے انکار ہی کریں گے۔

 

۴۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  گہرے سبز رنگ کے باغ سے اشارہ ان کے نہایت سرسبز و شاداب اور خوشنما ہونے کی طرف ہے۔

 

۵۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  جنت کے ان باغوں کا ہمیشہ سرسبز و شاداب رہنا اللہ کی قدرت کا کتنا بڑا کرشمہ ہو گا!

 

۵۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی جنت کے ان باغوں میں پانی کی کوئی کمی نہیں ہو گی۔ ایسے چشمے ہوں گے جن سے پانی ابل رہا ہو گا اور یہ در حقیقت اللہ کی رحمت ہو گی جو ابل رہی ہو گی۔

 

۵۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  کھجور اور انار میوؤں میں شامل ہیں لیکن ان کا ذکر خصوصیت کے ساتھ کیاگیا کیونکہ کھجور سب سے زیادہ شیریں اور لذیذ میوہ ہے اور انار فرحت بخش۔

 

۵۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی ان میں باطنی خوبیاں بھی ہوں گی اور ظاہری حسن بھی۔

 

۵۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  حُور کی تشریح سورۂ دخان نوٹ ۵۵  میں "گزر چکی۔

 

جنت کے خیمے نہایت شاندار ہوں گے ان کو دنیا کے خیموں پر قیاس نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیموں میں حوریں قیام پذیر ہوں گی جو اپنے شوہروں ہی سے واسطہ رکھیں گی۔ رہیں اہل جنت کی نیک بیویاں تو وہ اپنے شوہروں کے ساتھ ان کے محل میں ہوں گی۔

 

۵۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  آج بھی آخرت کے منکرین جب جنت کی حوروں کا ذکر سنتے ہیں تو مذاق اڑاتے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ محض دل بہلانے کی باتیں ہیں حالانکہ انسانی فطرت ایسی ہی جنت کی خواہشمند ہے اور اللہ کا وعدہ ہے کہ وہ اپنے متقی بندوں کو نعمتوں بھری جنت میں داخل کرے گا جہاں اس کی تمام خواہشیں اور تمام آرزوئیں پوری ہوں گی۔

 

۵۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  سبز رنگ خوبصورت اور آنکھوں کی ٹھنڈک کا باعث ہوتا ہے۔ جنت کی مسندیں اس کے جمال کا اعلیٰ نمونہ پیش کررہی ہوں گی اور ان پر اہل جنت کا تکیہ لگائے بیٹھنا ان کی شانِ بادشاہی کا مظہر ہو گا۔

 

۵۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اللہ جلال والا ہے اس لیے اس کے حضور پیشی سے تمہیں ڈرنا چاہیے اور وہ بزرگی والا ہے اس لیے اس کے کمالات اور اس کی کرشمہ سازیوں پر بھی یقین رکھنا چاہیے۔

 

اس کے نام کی یہ برکت ہے کہ جب اس کا ذکر کیا جاتا ہے تو رحمتوں کا نزول ہونے لگتا ہے۔ اس کے ہاتھ میں خیر ہی خیر ہے اور اس نے اپنے نیک بندوں کے لیے آخرت میں جو خیر اور برکتیں رکھی ہیں وہ ایسی ہیں کہ وہ نہال ہو جائیں گے۔ اس کے کمالات اور اس کی کرشمہ سازیوں کی کوئی حد نہیں ہے اور اس کا انکار وہی لوگ کرتے ہیں جن کو اس کی صحیح معرفت حاصل نہیں ہے اور جو اس کے احسانات کے قدرداں نہیں ہیں۔

 

٭٭٭٭