۱ سورۃ الماعون مکّیہ ہے اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ نصف مکّہ مکرّمہ میں نازل ہوئی عاص بن وائل کے بارے میں اور نصف مدینہ طیّبہ میں عبداللہ بن اُ بَی سلول منافق کے حق میں۔ اس میں ایک رکوع، سات آیتیں، پچّیس کلمے، ایک سو پچّیس حرف ہیں۔
۲ یعنی حساب و جزا کا انکار کرتا ہے باوجود دلائل واضح ہونے کے۔ شانِ نزول : یہ آیتیں عاص بن وائل سہمی یا ولید بن مغیرہ کے حق میں نازل ہوئیں۔
۳ اور اس پر شدّت و سختی کرتا ہے اور اس کا حق نہیں دیتا۔
۴ یعنی نہ خود دیتا ہے نہ دوسرے سے دلاتا ہے انتہا درجہ کا بخیل ہے۔
۵ مراد اس سے منافقین ہیں جو تنہائی میں نماز نہیں پڑھتے کیونکہ اس کے معتقد نہیں اور لوگوں کے سامنے نمازی بنتے ہیں اور اپنے آپ کو نمازی ظاہر کرتے ہیں اور دکھانے کے لئے اٹھ بیٹھ لیتے ہیں اور حقیقت میں نماز سے غافل ہیں۔
۶ عبادتوں میں۔ آگے ان کے بُخل کا بیان فرمایا جاتا ہے۔
۷ مثل سوئی و ہانڈی و پیالے کے۔
۸ مسئلہ : علماء نے فرمایا کہ مستحب ہے کہ آدمی اپنے گھر میں ایسی چیزیں اپنی حاجت سے زیادہ رکھے جن کی ہمسایوں کو حاجت ہوتی ہے اور انہیں عاریۃً دیا کرے۔