خزائن العرفان

سُوۡرَةُ الاٴنبیَاء

اللہ کے  نام سے  شروع جو نہایت مہربان رحم والا (ف ۱)

۱                 سورت انبیاء مکّیہ ہے اس میں سات رکوع اور ایک سو بارہ ۱۱۲ آیتیں اور ایک ہزار ایک سو چھیاسی ۱۱۸۶کلمے اور چار ہزار آٹھ سو نوے حرف ہیں۔

(۱) لوگوں کا  حساب نزدیک اور وہ غفلت میں منہ پھیرے  ہیں (ف ۲)

۲                 یعنی حسابِ اعمال کا وقت روزِ قیامت قریب آ گیا اور لوگ ابھی تک غفلت میں ہیں۔ شانِ نُزول : یہ آیت منکرینِ بَعث کے حق میں نازِل ہوئی جو مرنے کے بعد زندہ کئے جانے کو نہیں مانتے تھے اور روزِ قیامت کو گزرے ہوئے زمانہ کے اعتبار سے قریب فرمایا گیا کیونکہ جتنے دن گزرتے جاتے ہیں آنے والا دن قریب ہوتا جاتا ہے۔

(۲) جب ان کے  رب کے  پاس سے  انہیں کوئی نئی نصیحت آتی ہے  تو اسے  نہیں سنتے  مگر کھیلتے  ہوئے، (ف ۳)

۳                 نہ اس سے پند پذیر ہوں, نہ عبرت حاصل کریں, نہ آنے والے وقت کے لئے کچھ تیاری کریں۔

(۳) ان کے  دل کھیل میں پڑے  ہیں (ف ۴) اور ظالموں نے  آپس میں خفیہ مشورت کی (ف ۵) کہ یہ کون ہیں ایک تم ہی جیسے  آدمی تو ہیں (ف ۶) کیا جادو کے  پاس جاتے  ہو دیکھ بھال کر۔

۴                 اللہ کی یاد سے غافل ہیں۔

۵                 اور اس کے اخفاء میں بہت مبالغہ کیا مگر اللہ تعالیٰ نے ان کا راز فاش کر دیا اور بیان فرما دیا کہ وہ رسولِ کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی نسبت یہ کہتے ہیں۔

۶                 یہ کُفر کا ایک اصول تھا کہ جب یہ بات لوگوں کے ذہن نشین کر دی جائے گی کہ وہ تم جیسے بشر ہیں تو پھر کوئی ان پر ایمان نہ لائے گا، حضور کے زمانہ کے کُفّار نے یہ بات کہی اور اس کو چھپایا لیکن آج کل کے بعض بے باک یہ کلمہ اعلان کے ساتھ کہتے ہیں اور نہیں شرماتے، کُفّار یہ مقولہ کہتے وقت جانتے تھے کہ ان کی بات کسی کے دل میں جمے گی نہیں کیونکہ لوگ رات دن معجزات دیکھتے ہیں وہ کس طرح باور کر سکیں گے کہ حضور ہماری طرح بشر ہیں اس لئے انہوں نے معجزات کو جادو بتا دیا اور کہا۔

(۴) نبی نے  فرمایا میرا رب جانتا ہے  آسمانوں اور زمین میں ہر بات کو، اور وہی ہے  سنتا جانتا (ف ۷)

۷                 اس سے کوئی چیز چھپ نہیں سکتی خواہ کتنے ہی پردہ اور راز میں رکھی گئی ہو، ان کا راز بھی اس میں ظاہر فرما دیا، اس کے بعد قرآنِ کریم سے انہیں سخت پریشانی و حیرانی لاحق تھی کہ اس کا کس طرح انکار کریں، وہ ایسا بیّن معجِزہ ہے جس نے تمام مُلک کے مایہ ناز ماہروں کو عاجز و متحیّر کر دیا ہے اور وہ اس کی دو چار آیتوں کی مثل کلام بنا کر نہیں لا سکے، اس پریشانی میں انہوں نے قرآنِ کریم کی نسبت مختلف قسم کی باتیں کہیں جن کا بیان اگلی آیت میں ہے۔

(۵)  بلکہ بولے  پریشان خوابیں ہیں (ف ۸) بلکہ ان کی گڑھت (گھڑی ہوئی چیز) ہے  (ف ۹) بلکہ یہ شاعر ہیں (ف ۱۰) تو ہمارے  پاس کوئی نشانی لائیں جیسے  اگلے  بھیجے  گئے  تھے  (ف ۱۱)

۸                 ان کو نبی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم وحیِ الٰہی سمجھ گئے ہیں، کُفّار نے یہ کہہ کر سوچا کہ یہ بات چسپاں نہیں ہو سکے گی تو اب اس کو چھوڑ کر کہنے لگے۔

۹                 یہ کہہ کر خیال ہوا کہ لوگ کہیں گے کہ اگر یہ کلام حضرت کا بنایا ہوا ہے اور تم انہیں اپنے مثل بشر بھی کہتے ہو تو تم ایسا کلام کیوں نہیں بنا سکتے، یہ خیال کر کے اس بات کو بھی چھوڑ ا اور کہنے لگے۔

۱۰               اور یہ کلام شعر ہے اسی طرح کی باتیں بناتے رہے کسی ایک بات پر قائم نہ رہ سکے اور اہلِ باطل کذّابوں کا یہی حال ہوتا ہے، اب انہوں نے سمجھا کہ ان باتوں میں سے کوئی بات بھی چلنے والی نہیں ہے تو کہنے لگے۔

۱۱               اس کے رد و جواب میں اللہ تبارک و تعالیٰ فرماتا ہے۔

(۶) ان سے  پہلے  کوئی بستی ایمان نہ لائی جسے  ہم نے  ہلاک کیا، تو کیا یہ ایمان لائیں گے  (ف ۱۲)

۱۲               معنیٰ یہ ہیں کہ ان سے پہلے لوگوں کے پاس جو نشانیاں آئیں تو وہ ان پر ایمان نہ لائے اور ان کی تکذیب کرنے لگے اور اس سبب سے ہلاک کر دیئے گئے تو کیا یہ لوگ نشانی دیکھ کر ایمان لے آئیں گے باوجودیکہ ان کی سرکشی ان سے بڑھی ہوئی ہے۔

(۷)  اور ہم نے  تم سے  پہلے  نہ بھیجے  مگر مرد جنہیں ہم وحی کرتے  (ف ۱۳) تو اے  لوگو! علم والوں سے  پوچھو اگر تمہیں علم نہ ہو (ف ۱۴)

۱۳               یہ ان کے کلامِ سابق کا رد ہے کہ انبیاء کا صورتِ بشری میں ظہور فرمانا نبوّت کے منافی نہیں، ہمیشہ ایسا ہی ہوتا رہا ہے۔

۱۴               کیونکہ ناواقف کو اس سے چارہ ہی نہیں کہ واقف سے دریافت کرے اور مرضِ جہل کا علاج یہی ہے کہ عالِم سے سوال کرے اور اس کے حکم پر عامل ہو۔

مسئلہ : اس آیت سے تقلید کا وجوب ثابت ہوتا ہے، یہاں انہیں علم والوں سے پوچھنے کا حکم دیا گیا کہ ان سے دریافت کرو کہ اللہ کے رسول صورتِ بشری میں ظہور فرما ہوئے تھے یا نہیں، اس سے تمہارے تردُّد کا خاتمہ ہو جائے گا۔

(۸) اور ہم نے  انہیں (ف ۱۵) خا لی بدن نہ بنایا کہ  کھانا نہ کھائیں (ف ۱۶) اور نہ وہ دنیا میں ہمیشہ رہیں۔

۱۵               یعنی انبیاء کو۔

۱۶               تو ان پر کھانے پینے کا اعتراض کرنا اور یہ کہنا کہ مَا لِھٰذَا الرَّسُوْلِ یَاْکُلُ الطَّعَامَ  مَحض بے جا ہے، تمام انبیاء کا یہی حال تھا وہ سب کھاتے بھی تھے پیتے بھی تھے۔

(۹) پھر ہم نے  اپنا وعدہ انہیں سچا کر دکھایا (ف ۱۷) تو انہیں نجات دی اور جن کو چاہی (ف ۱۸) اور حد سے  بڑھنے  والوں کو (ف ۱۹) ہلاک کر دیا

۱۷               ان کے دشمنوں کو ہلاک کرنے اور انہیں نجات دینے کا۔

۱۸               یعنی ایمانداروں کو جنہوں نے انبیاء کی تصدیق کی۔

۱۹               جو انبیاء کی تکذیب کرتے تھے۔

(۱۰) بیشک ہم سے  تمہاری طرف (ف ۲۰) ایک کتاب اتاری جس میں تمہاری ناموری ہے  (ف ۲۱) تو کیا تمہیں عقل نہیں (ف ۲۲)

۲۰               اے گروہِ قریش۔

۲۱               اگر تم اس پر عمل کرو یا یہ معنیٰ ہیں کہ وہ کتاب تمہاری زبان میں ہے یا یہ کہ اس میں تمہارے لئے نصیحت ہے یا یہ کہ اس میں تمہارے دینی اور دنیوی امور اور حوائج کا بیان ہے۔

۲۲               کہ ایمان لا کر اس عزّت و کرامت اور سعادت کو حاصل کرو۔

(۱۱) اور کتنی ہی بستیاں ہم نے  تباہ کر دیں کہ وہ ستمگار تھیں (ف ۲۳) اور ان کے  بعد اور قوم پیدا کی۔

۲۳               یعنی کافِر تھیں۔

(۱۲) تو جب انہوں نے  (ف ۲۴) ہمارا عذاب پایا جبھی وہ اس سے  بھاگنے  لگے  (ف ۲۵)

۲۴               یعنی ان ظالموں نے۔

۲۵               شانِ نُزول : مفسِّرین نے ذکر کیا ہے کہ سرزمینِ یمن میں ایک بستی ہے جس کا نام حصور ہے وہاں کے رہنے والے عرب تھے انہوں نے اپنے نبی کی تکذیب کی اور ان کو قتل کیا تو اللہ تعالیٰ نے ان پر بُخْتِ نَصَر کو مسلّط کیا، اس نے انہیں قتل کیا اور گرفتار کیا اور اس کا یہ عمل جاری رہا تو یہ لوگ بستی چھوڑ کر بھاگے تو ملائکہ نے ان سے بطریقِ طنز کہا (جو اگلی آیت میں ہے)۔

(۱۳) نہ بھاگو اور لوٹ کے  جاؤ ان آسائشوں کی طرف جو تم کو دی گئیں تھیں اور اپنے  مکانوں کی طرف شاید تم سے  پوچھنا ہو (ف ۲۶)

۲۶               کہ تم پر کیا گزری اور تمہارے اموال کیا ہوئے تو تم دریافت کرنے والے کو اپنے علم و مشاہدے سے جواب دے سکو۔

(۱۴) بولے  ہائے  خرابی ہماری بیشک ہم ظالم تھے  (ف ۲۷)

۲۷               عذاب دیکھنے کے بعد انہوں نے گناہ کا اقرار کیا اور نادِم ہوئے اس لئے یہ اعتراف انہیں کام نہ آیا۔

(۱۵) تو وہ یہی پکارتے  رہے  یہاں تک کہ ہم نے  انہیں کر دیا کاٹے  ہوئے  (ف ۲۸) بجھے  ہوئے۔

۲۸               کھیت کی طرح کہ تلواروں سے ٹکڑے ٹکڑے کر دیئے گئے اور بجھی ہوئی آگ کی طرح ہو گئے۔

(۱۶) اور ہم نے  آسمان اور زمین اور جو کچھ ان کے  درمیان ہے  عبث نہ بنائے  (ف ۲۹)

۲۹               کہ ان سے کوئی فائدہ نہ ہو بلکہ اس میں ہماری حکمتیں ہیں مِنجُملہ ان کے یہ ہے کہ ہمارے بندے ان سے ہماری قدرت و حکمت پر استدلال کریں اور انہیں ہمارے اوصاف و کمال کی معرفت ہو۔

(۱۷) اگر ہم کوئی بہلاوا  اختیار کرنا چاہتے  (ف ۳۰) تو اپنے  پاس سے  اختیار کرتے  اگر ہمیں کرنا ہوتا (ف ۳۱)

۳۰               مثل زَن و فرزند کے جیسا کہ نصاریٰ کہتے ہیں اور ہمارے لئے بی بی اور بیٹیاں بتاتے ہیں اگر یہ ہمارے حق میں ممکن ہوتا۔

۳۱               کیونکہ زَن و فرزند والے زَن و فرزند اپنے پاس رکھتے ہیں مگر ہم اس سے پاک ہیں ہمارے لئے یہ ممکن ہی نہیں۔

(۱۸) بلکہ ہم حق کو باطل پر پھینک مارتے  ہیں تو وہ اس کا بھیجہ نکال دیتا ہے  تو جبھی وہ مٹ کر رہ جاتا ہے  (ف ۳۲) اور تمہاری خرابی ہے  (ف ۳۳) ان باتوں سے  جو بناتے  ہو (ف ۳۴)

۳۲               معنیٰ یہ ہیں کہ ہم اہلِ باطل کے کذب کو بیانِ حق سے مٹا دیتے ہیں۔

۳۳               اے کُفّارِ نابکار۔

۳۴               شانِ الٰہی میں کہ اس کے لئے بیوی و بچّہ ٹھہراتے ہو۔

(۱۹)  اور اسی کے  ہیں جتنے   آسمانوں اور  زمین میں ہیں (ف ۳۵) اور اس کے  پاس والے  (ف ۳۶) اس کی عبادت سے  تکبر نہیں کرتے  اور نہ تھکیں۔

۳۵               وہ سب کا مالک ہے اور سب اس کے مملوک تو کوئی اس کی اولاد کیسے ہو سکتا ہے، مملوک ہونے اور اولاد ہونے میں منافات ہے۔

۳۶               اس کے مقرّبین جنہیں اس کے کرم سے اس کے حضور قُرب و منزلت حاصل ہے۔

(۲۰) رات دن اس کی پاکی بولتے  ہیں  (ف ۳۷) اور سستی نہیں کرتے۔

۳۷               ہر وقت اس کی تسبیح میں رہتے ہیں۔ حضرت کعب احبار نے فرمایا کہ ملائکہ کے لئے تسبیح ایسی ہے جیسی کہ بنی آدم کے لئے سانس لینا۔

(۲۱)  کیا انہوں نے  زمین میں سے  کچھ ایسے  خدا بنا لیے  ہیں (ف ۳۸) کہ وہ کچھ پیدا کرتے   ہیں (ف ۳۹)

۳۸               جواہرِ ارضیہ سے مثل سونے چاندی پتھر وغیرہ کے۔

۳۹               ایسا تو نہیں ہے اور نہ یہ ہو سکتا ہے کہ جو خو د بے جان ہو وہ کسی کو جان دے سکے تو پھر اس کو معبود ٹھہرانا اور اِلٰہ قرار دینا کتنا کھلا باطل ہے، اِلٰہ وہی ہے جو ہر ممکن پر قادر ہو جو قادر نہیں وہ اِلٰہ کیسا۔

(۲۲) اگر آسمان و زمین میں اللہ کے  سوا  اور خدا  ہوتے   تو ضرور وہ  (ف ۴۰) تباہ ہو جاتے  (ف ۴۱) تو پاکی ہے  اللہ عرش کے  مالک کو ان باتوں سے  جو یہ بناتے  ہیں (ف ۴۲)

۴۰               آسمان و زمین۔

۴۱               کیونکہ اگر خدا سے وہ خدا مراد لئے جائیں جن کی خدائی کے بُت پرست معتقد ہیں تو فسادِ عالَم کا لزوم ظاہر ہے کیونکہ وہ جمادات ہیں، تدبیرِ عالَم پر اصلاً قدرت نہیں رکھتے اور اگر تعمیم کی جائے تو بھی لزومِ فساد یقینی ہے کیونکہ اگر دو خدا فرض کئے جائیں تو دو حال سے خالی نہیں یا وہ دونوں متفق ہوں گے یا مختلف، اگر شے واحد پر متفق ہوئے تو لازم آئے گا کہ ایک چیز دونوں کی مقدور ہو اور دونوں کی قدرت سے واقع ہو یہ محال ہے اور اگر مختلف ہوئے تو ایک شے کے متعلق دونوں کے ارادے یا معاً واقع ہوں گے اور ایک ہی وقت میں وہ موجود و معدوم دونوں ہو جائے گی یا دونوں کے ارادے واقع نہ ہوں اور شے نہ موجود ہو نہ معدوم یا ایک کا ارادہ واقع ہو دوسرے کا واقع نہ ہو یہ تمام صورتیں محال ہیں تو ثابت ہوا کہ فساد ہر تقدیر پر لازم ہے۔ توحید کی یہ نہایت قوی بُرہان ہے اور اس کی تقریریں بہت بسط کے ساتھ ائمۂ کلام کی کتابوں میں مذکور ہیں۔ یہاں اختصاراً اسی قدر پر اکتفا کیا گیا۔ (تفسیرِ کبیر وغیرہ)۔

۴۲               کہ اس کے لئے اولاد و شریک ٹھہراتے ہیں۔

(۲۳)  اس سے  نہیں پوچھا جاتا جو وہ کرے  (ف ۴۳) اور ان سب سے  سوال ہو گا (ف ۴۴)

۴۳               کیونکہ وہ مالکِ حقیقی ہے جو چاہے کرے، جسے چاہے عزّت دے جسے چاہے ذلّت دے، جسے چاہے سعادت دے جسے چاہے شقی کرے، وہ سب کا حاکم ہے کوئی اس کا حاکم نہیں جو اس سے پوچھ سکے۔

۴۴               کیونکہ سب اس کے بندے ہیں مملوک ہیں، سب پر اس کی فرمانبرداری اور اطاعت لازم ہے۔ اس سے توحید کی ایک اور دلیل مستفاد ہوتی ہے جب سب مملوک ہیں تو ان میں سے کوئی خدا کیسے ہو سکتا ہے اس کے بعد بطریقِ استفہام توبیخاً فرمایا۔

(۲۴)  کیا اللہ کے  سوا اور خدا بنا رکھے  ہیں، تم فرماؤ (ف ۴۵) اپنی دلیل لاؤ (ف ۴۶) یہ قرآن میرے  ساتھ والوں کا ذکر ہے  (ف ۴۷) اور مجھ سے  اگلوں کا تذکرہ  (ف ۴۸) بلکہ ان میں اکثر حق کو نہیں جانتے  تو وہ  رو گرداں، ہیں (ف ۴۹)

۴۵               اے حبیب (صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم) ان مشرکین سے کہ تم اپنے اس باطل دعویٰ پر۔

۴۶               اور حُجّت قائم کرو خواہ عقلی ہو یا نقلی مگر نہ کوئی دلیل عقلی لا سکتے ہو جیسا کہ براہینِ مذکورہ سے ظاہر ہو چکا اور نہ کوئی دلیل نقلی پیش کر سکتے ہو کیونکہ تمام کتبِ سماویہ میں اللہ تعالیٰ کی توحید کا بیان ہے اور سب میں شرک کا ابطال کیا گیا ہے۔

۴۷               ساتھ والوں سے مراد آپ کی اُمّت ہے، قرآنِ کریم میں اس کا ذکر ہے کہ اس کو طاعت پر کیا ثواب ملے گا اور معصیت پر کیا عذاب کیا جائے گا۔

۴۸               یعنی پہلے انبیاء کی اُمّتوں کا اور اس کا کہ دنیا میں ان کے ساتھ کیا کیا گیا اور آخرت میں کیا کیا جائے گا۔

۴۹               اور غور و تامُّل نہیں کرتے اور نہیں سوچتے کہ توحید پر ایمان لانا ان کے لئے ضروری ہے۔

(۲۵) اور  ہم نے  تم سے  پہلے  کوئی رسول نہ بھیجا مگر یہ کہ ہم اس کی طرف وحی فرماتے  کہ میرے  سوا کوئی معبود نہیں تو مجھی کو پوجو۔

(۲۶) اور بولے  رحمن نے  بیٹا اختیار  کیا (ف ۵۰) پاک ہے  وہ (ف ۵۱) بلکہ بندے  ہیں عزت والے  (ف ۵۲)

۵۰               شانِ نُزول : یہ آیت خزاعہ کے حق میں نازِل ہوئی جنہوں نے فرشتوں کو خدا کی بیٹیاں کہا تھا۔

۵۱               اس کی ذات اس سے منزّہ ہے کہ اس کے اولاد ہو۔

۵۲               یعنی فرشتے اس کے برگزیدہ اور مکرّم بندے ہیں۔

(۲۷) بات میں اس سے  سبقت نہیں کرتے  اور وہ اسی کے  حکم پر کاربند ہوتے  ہیں۔

(۲۸) وہ جانتا ہے  جو ان کے  آگے  ہے  اور جو ان کے  پیچھے  ہے  (ف ۵۳) اور شفاعت نہیں کرتے  مگر اس کے  لیے  جسے  وہ پسند فرمائے  (ف ۵۴) اور وہ اس کے  خوف سے  ڈر رہے  ہیں۔

۵۳               یعنی جو کچھ انہوں نے کیا اور جو کچھ وہ آئندہ کریں گے۔

۵۴               حضرتِ ابنِ عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے فرمایا یعنی جو توحید کا قائل ہو۔

(۲۹) اور ان میں جو کوئی کہے  کہ میں اللہ کے  سوا معبود ہوں (ف ۵۵) تو اسے  ہم جہنم کی جزا دیں گے، ہم ایسی ہی سزا دیتے  ہیں ستمگاروں کو۔

۵۵               یہ کہنے والا ابلیس ہے جو اپنے عبادت کی دعوت دیتا ہے، فرشتوں میں اور کوئی ایسا نہیں جو یہ کلمہ کہے۔

(۳۰) کیا کافروں نے  یہ خیال نہ کیا کہ آسمان اور زمین بند تھے  تو ہم نے  انہیں کھولا (ف ۵۶) اور ہم نے  ہر جاندار چیز پانی سے  بنائی (ف ۵۷) تو کیا وہ ایمان لائیں گے۔

۵۶               بند ہونا یا تو یہ ہے کہ ایک دوسرے سے ملا ہوا تھا ان میں فصل پیدا کر کے انہیں کھولا یا یہ معنی ہیں کہ آسمان بند تھا بایں معنیٰ کہ اس سے بارش نہیں ہوتی تھی، زمین بند تھی بایں معنی کہ اس سے روئیدگی پیدا نہیں ہوتی تھی تو آسمان کا کھولنا یہ ہے کہ اس سے بارش ہونے لگی اور زمین کا کھولنا یہ ہے کہ اس سے سبزہ پیدا ہونے لگا۔

۵۷               یعنی پانی کو جانداروں کی حیات کا سبب کیا۔ بعض مفسِّرین نے کہا معنیٰ یہ ہیں کہ ہر جاندار پانی سے پیدا کیا ہوا ہے اور بعضوں نے کہا اس سے نطفہ مراد ہے۔

(۳۱) اور زمین میں ہم نے  لنگر ڈالے  (ف ۵۸) کہ انھیں لے  کر نہ کانپے  اور ہم نے  اس میں کشادہ راہیں رکھیں کہ کہیں وہ راہ  پائیں (ف ۵۹)

۵۸               مضبوط پہاڑوں کے۔

۵۹               اپنے سفروں میں اور جن مقامات کا قصد کریں وہاں تک پہنچ سکیں۔

(۳۲) اور ہم نے  آسمان کو چھت بنایا نگاہ رکھی گئی (ف ۶۰) اور وہ (ف ۶۱) اس کی نشانیوں سے  روگرداں ہیں (ف ۶۲)

۶۰               گرنے سے۔

۶۱               یعنی کُفّار۔

۶۲               یعنی آسمانی کائنات سورج، چاند، ستارے اور اپنے اپنے افلاک میں ان کی حرکتوں کی کیفیّت اور اپنے اپنے مطالع سے ان کے طلوع اور غروب اور ان کے عجائبِ احوال جو صانعِ عالَم کے وجود اور اس کی وحدت اور اس کے کمالِ قدرت و حکمت پر دلالت کرتے ہیں، کُفّار ان سب سے اعراض کرتے ہیں اور ان دلائل سے فائدہ نہیں اٹھاتے۔

(۳۳) اور وہی ہے  جس نے  بنائے  رات (ف ۶۳) اور دن (ف ۶۴) اور سورج اور چاند ہر ایک ایک گھیرے  میں پیر رہا ہے  (ف ۶۵)

۶۳               تاریک کہ اس میں آرام کریں۔

۶۴               روشن کہ اس میں معاش وغیرہ کے کام انجام دیں۔

۶۵               جس طرح کہ تیراک پانی میں۔

(۳۴)  اور ہم نے  تم سے  پہلے  کسی آدمی کے  لیے  دنیا میں ہمیشگی نہ بنائی (ف ۶۶) تو کیا اگر تم انتقال فرماؤ تو یہ ہمیشہ رہیں گے  (ف ۶۷)

۶۶               شانِ نُزول : رسولِ کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے دشمن اپنے ضلال و عناد سے کہتے تھے کہ ہم حوادثِ زمانہ کا انتظار کر رہے ہیں عنقریب ایسا وقت آنے والا ہے کہ حضرت سیدِ عالَم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی وفات ہو جائے گی۔ اس پر یہ آیتِ کریمہ نازِل ہوئی اور فرمایا گیا کہ دشمنانِ رسول کے لئے یہ کوئی خوشی کی بات نہیں ہم نے دنیا میں کسی آدمی کے لئے ہمیشگی نہیں رکھی۔

۶۷               اور انہیں موت کے پنجے سے رہائی مل جائے گی جب ایسا نہیں ہے تو پھر خوش کس بات پر ہوتے ہیں حقیقت یہ ہے کہ۔

(۳۵) ہر جان کو موت کا مزہ چکھنا ہے، اور ہم تمہاری آزمائش کرتے  ہیں برائی اور بھلائی سے  (ف ۶۸) جانچنے  کو (ف ۶۹) اور ہماری ہی طرف تمہیں لوٹ کر آنا ہے  (ف ۷۰)

۶۸               یعنی راحت و تکلیف و تندرستی و بیماری، دولت مندی و ناداری نفع اور نقصان سے۔

۶۹               تاکہ ظاہر ہو جائے کہ صبر و شکر میں تمہارا کیا درجہ ہے۔

۷۰               ہم تمہیں تمہارے اعمال کی جزا دیں گے۔

(۳۶) اور جب کافر تمہیں دیکھتے  ہیں تو تمہیں نہیں ٹھہراتے  مگر ٹھٹھا (ف ۷۱) کیا یہ ہیں وہ جو تمہارے  خداؤں کو برا کہتے  ہیں اور وہ (ف ۷۲) رحمن ہی کی یاد سے  منکر ہیں (ف ۷۳)

۷۱               شانِ نُزول : یہ آیت ابوجہل کے حق میں نازِل ہوئی، حضور تشریف لئے جاتے تھے وہ آپ کو دیکھ کر ہنسا اور کہنے لگا کہ یہ بنی عبدِ مناف کے نبی ہیں اور آپس میں ایک دوسرے سے کہنے لگے۔

۷۲               کُفّار۔

۷۳               کہتے ہیں کہ ہم رحمٰن کو جانتے ہی نہیں، اس جہل و ضلال میں مبتلا ہونے کے باوجود آپ کے ساتھ تمسخُر کرتے ہیں اور نہیں دیکھتے کہ ہنسی کے قابل خود ان کا اپنا حال ہے۔

(۳۷) آدمی جلد باز بنایا گیا، اب میں تمہیں اپنی نشانیاں دکھاؤں گا مجھ سے  جلدی نہ کرو (ف ۷۴)

۷۴               شانِ نُزول : یہ آیت نضر بن حارث کے حق میں نازِل ہوئی جو کہتا تھا کہ جلد عذاب نازِل کرائیے۔ اس آیت میں فرمایا گیا کہ اب میں تمہیں اپنی نشانیاں دکھاؤں گا یعنی جو وعدے عذاب کے دیئے گئے ہیں ان کا وقت قریب آ گیا ہے چنانچہ روزِ بدر وہ منظر ان کی نظر کے سامنے آ گیا۔

(۳۸) اور کہتے  ہیں کب ہو گا یہ وعدہ (ف ۷۵) اگر تم سچے  ہو۔

۷۵               عذاب کا یا قیامت کا یہ ان کے استعجال کا بیان ہے۔

(۳۹) کسی طرح جانتے  کافر اس وقت کو جب نہ روک سکیں گے  اپنے  مونہوں سے  آگے  (ف ۷۶) اور نہ اپنی پیٹھوں سے  اور نہ ان کی مدد ہو (ف ۷۷)

۷۶               دوزخ کی۔

۷۷               اگر وہ یہ جانتے ہوتے تو کُفر پر قائم نہ رہتے اور عذاب میں جلد ی نہ کرتے۔

(۴۰) بلکہ وہ ان پر اچانک آ پڑے  گی (ف ۷۸) تو انہیں بے  حواس کر دے  گی پھر نہ وہ اسے  پھیر سکیں گے  اور نہ انہیں مہلت دی جائے  گی (ف ۷۹)

۷۸               قیامت۔

۷۹               توبہ و معذرت کی۔

(۴۱) اور بیشک تم سے  اگلے  رسولوں کے  ساتھ ٹھٹھا کیا گیا (ف ۸۰) تو مسخرگی کرنے  والوں کا ٹھٹھا انہیں کو لے  بیٹھا (ف ۸۱)

۸۰               اے سیدِ عالَم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم۔

۸۱               اور وہ اپنے اِستِہزاء اور مسخرگی کے وبال و عذاب میں گرفتار ہوئے، اس میں سیدِ عالَم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی تسلّی فرمائی گئی کہ آپ کے ساتھ اِستِہزاء کرنے والوں کا بھی یہی انجام ہونا ہے۔

(۴۲) تم فرماؤ شبانہ  روز تمہاری کون نگہبانی کرتا ہے  رحمان سے  (ف ۸۲) بلکہ وہ اپنے  رب کی یاد سے  منہ پھیرے  ہیں (ف ۸۳)

۸۲               یعنی اس کے عذاب سے۔

۸۳               جب ایسا ہے تو انہیں عذابِ الٰہی کا کیا خوف ہو اور وہ اپنی حفاظت کرنے والے کو کیا پہچانیں۔

(۴۳) کیا ان کے  کچھ خدا ہیں (ف ۸۴) جو ان کو ہم سے  بچاتے  ہیں (ف ۸۵) وہ اپنی ہی جانوں کو نہیں بچاسکتے  (ف ۸۶) اور نہ ہماری طرف سے  ان کی یاری ہو۔

۸۴               ہمارے سوا ان کے خیال میں۔

۸۵               اور ہمارے عذاب سے محفوظ رکھتے ہیں ایسا تو نہیں ہے اور اگر وہ اپنے بُتوں کی نسبت یہ اعتقاد رکھتے ہیں تو ان کا حال یہ ہے کہ۔

۸۶               اپنے پُوجنے والوں کو کیا بچا سکیں گے۔

(۴۴) بلکہ ہم نے  ان کو (ف ۸۷) اور ان کے  باپ دادا کو برتاوا دیا (ف ۸۸) یہاں تک کہ زندگی ان پر دراز ہوئی (ف ۸۹) تو کیا نہیں دیکھتے  کہ ہم (ف ۹۰) زمین کو اس کے  کناروں سے  گھٹاتے   آرہے  ہیں (ف ۹۱) تو کیا یہ غالب ہوں گے  (ف ۹۲)

۸۷               یعنی کُفّار کو۔

۸۸               اور دنیا میں انہیں نعمت و مہلت دی۔

۸۹               اور وہ اس سے اور مغرور ہوئے اور انہوں نے گمان کیا کہ وہ ہمیشہ ایسے ہی رہیں گے۔

۹۰               کُفرستان کی۔

۹۱               روز بروز مسلمانوں کو اس پر تسلّط دے رہے ہیں اور ایک شہر کے بعد دوسرا شہر فتح ہوتا چلا آ رہا ہے، حدودِ اسلام بڑھ رہی ہیں اور سرزمینِ کُفر گھٹتی چلی آتی ہے اور حوالیِ مکّہ مکرّمہ پر مسلمانوں کا تسلّط ہوتا جاتا ہے، کیا مشرکین جو عذاب طلب کرنے میں جلدی کرتے ہیں اس کو نہیں دیکھتے اور عبرت حاصل نہیں کرتے۔

۹۲               جن کے قبضہ سے زمین دم بدم نکلتی جا رہی ہے یا رسولِ کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اور ان کے اصحاب جو بفضلِ الٰہی فتح پر فتح پا رہے ہیں اور ان کے مقبوضات دم بدم بڑھتے چلے جاتے ہیں۔

(۴۵)  تم فرماؤ کہ میں تم کو صرف وحی سے  ڈراتا ہوں (ف ۹۳ ) اور بہرے  پکارنا نہیں سنتے  جب ڈرائے  جائیں، (ف ۹۴)

۹۳               اور عذابِ الٰہی کا اسی کی طرف سے خوف دلاتا ہوں۔

۹۴               یعنی کافِر ہدایت کرنے والے اور خوف دلانے والے کے کلام سے نفع نہ اٹھانے میں بہرے کی طرح ہیں۔

(۴۶) اور اگر انہیں تمہارے  رب کے  عذاب کی ہوا چھو جائے  تو ضرور کہیں گے  ہائے  خرابی ہماری بیشک ہم ظالم تھے  (ف ۹۵)

۹۵               نبی کی بات پر کان نہ رکھا اور ان پر ایمان نہ لائے۔

(۴۷) اور ہم عدل کی ترازوئیں رکھیں گے  قیامت کے  دن تو کسی جان پر کچھ ظلم نہ ہو گا، اور اگر کوئی چیز (ف ۹۶) رائی کے  دانہ کے  برابر ہو تو ہم اسے  لے  آئیں گے، اور ہم کافی ہیں حساب کو۔

۹۶               اعمال میں سے۔

(۴۸) اور بیشک ہم نے  موسیٰ اور ہارون کو فیصلہ دیا (ف ۹۷) اور اجالا (ف ۹۸) اور پرہیزگاروں کو نصیحت (ف ۹۹)

۹۷               یعنی توریت عطا کی جو حق و باطل میں تفرقہ کرنے والی ہے۔

۹۸               یعنی روشنی ہے کہ اس سے نجات کی راہ معلوم ہوتی ہے۔

۹۹               جس سے وہ پند پذیر ہوتے ہیں اور دینی امور کا علم حاصل کرتے ہیں۔

(۴۹) وہ جو بے  دیکھے  اپنے  رب سے  ڈرتے  ہیں اور انہیں قیامت کا اندیشہ لگا ہوا ہے۔

(۵۰) اور یہ ہے  برکت والا ذکر کہ ہم نے  اتارا (ف ۱۰۰) تو کیا تم اس کے  منکر ہو۔

۱۰۰             اپنے حبیب محمّدِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم پر یعنی قرآنِ پاک یہ کثیر الخیر ہے اور ایمان لانے والوں کے لئے اس میں بڑی برکتیں ہیں۔

(۵۱) اور بیشک ہم نے  ابراہیم کو (ف ۱۰۱)  پہلے  ہی سے  اس کی نیک راہ عطا کر دی اور ہم  اس سے  خبردار تھے، (ف ۱۰۲)

۱۰۱             ان کی ابتدائی عمر میں بالغ ہونے کے۔

۱۰۲             کہ وہ ہدایت و نبوّت کے اہل ہیں۔

(۵۲)  جب اس نے  اپنے  باپ اور قوم سے  کہا یہ مورتیں کیا ہیں (ف ۱۰۳) جن کے  آگے  تم  آسن مارے  (پوجا کے  لیے  بیٹھے ) ہو (ف ۱۰۴)

۱۰۳             یعنی بُت جو درندوں پرندوں اور انسانوں کی صورتوں کے بنے ہوئے ہیں۔

۱۰۴             اور ان کی عبادت میں مشغول ہو۔

(۵۳) بولے  ہم نے  اپنے  دادا کو ان کی پوجا کرتے  پایا (ف ۱۰۵)

۱۰۵             تو ہم بھی ان کی اقتداء میں ویسا ہی کرنے لگے۔

(۵۴) کہا بے  شک تم اور تمہارے  باپ دادا سب کھلی گمراہی میں ہو۔

(۵۵) بولے  کیا تم ہمارے  پاس حق لائے  ہو یا یونہی کھیلتے  ہو (ف ۱۰۶)

۱۰۶             چونکہ انہیں اپنے طریقہ کا گمراہی ہونا بہت ہی بعید معلوم ہوتا تھا اور اس کا انکار کرنا وہ بہت بڑی بات جانتے تھے اس لئے انہوں نے حضرت ابراہیم علیہ السلام سے یہ کہا کہ کیا آپ یہ بات واقعی طور پر ہمیں بتا رہے ہیں یا بطریق کھیل کے فرماتے ہیں، اس کے جواب میں آپ نے حضرت مَلِکِ عَلّام کی ربوبیت کا اثبات فرما کر ظاہر فرما دیا کہ آپ کھیل کے طریقے پر کلام فرمانے والے نہیں ہیں بلکہ حق کا اظہار فرماتے ہیں چنانچہ آپ نے۔

(۵۶) کہا  بلکہ تمہارا رب وہ ہے  جو رب  ہے  آسمان اور زمین کا جس نے  انہیں پیدا کیا،  اور میں اس پر گواہوں میں سے  ہوں۔

(۵۷) اور مجھے  اللہ کی قسم ہے  میں تمہارے  بتوں کا برا چاہوں گا بعد اس کے  کہ تم پھر جاؤ پیٹھ دے  کر (ف ۱۰۷)

۱۰۷             اپنے میلے کو۔ واقعہ یہ ہے کہ اس قوم کا سالانہ ایک میلہ لگتا تھا جنگل میں جاتے تھے اور شام تک وہاں لہو و لعب میں مشغول رہتے تھے، واپسی کے وقت بُت خانہ میں آتے تھے اور بُتوں کی پُوجا کرتے تھے اس کے بعد اپنے مکانوں کو واپس جاتے تھے، جب حضرت ابراہیم علیہ السلام نے ان کی ایک جماعت سے بُتوں کے متعلق مناظرہ کیا تو ان لوگوں نے کہا کہ کل کو ہماری عید ہے آپ وہاں چلیں دیکھیں کہ ہمارے دین اور طریقے میں کیا بہار ہے اور کیسے لطف آتے ہیں، جب وہ میلے کا دن آیا اور آپ سے میلے میں چلنے کو کہا گیا تو آپ عذر کر کے رہ گئے، وہ لوگ روانہ ہو گئے جب ان کے باقی ماندہ اور کمزور لوگ جو آہستہ آہستہ جا رہے تھے گزرے تو آپ نے فرمایا کہ میں تمہارے بُتوں کا بُرا چاہوں گا، اس کو بعض لوگوں نے سُنا اور حضرت ابراہیم علیہ السلام بُت خانہ کی طرف لوٹے۔

(۵۸) تو ان سب کو (ف ۱۰۸) چورا کر دیا مگر ایک کو جو ان کا سب سے  بڑا تھا  (ف ۱۰۹) کہ شاید وہ اس سے  کچھ پوچھیں (ف ۱۱۰)

۱۰۸             یعنی بُتوں کو توڑ کر۔

۱۰۹             چھوڑ دیا اور بَسُولا اس کے کاندھے پر رکھ دیا۔

۱۱۰             یعنی بڑے بُت سے کہ ان چھوٹے بُتوں کا کیا حال ہے یہ کیوں ٹوٹے اور بَسُولا تیری گردن پر کیسا رکھا ہے اور انہیں اس کا عجز ظاہر ہو اور انہیں ہوش آئے کہ ایسے عاجز خدا نہیں ہو سکتے یا یہ معنیٰ ہیں کہ وہ حضرت ابراہیم علیہ السلام سے دریافت کریں اور آپ کو حُجّت قائم کرنے کا موقع ملے چنانچہ جب قوم کے لو گ شام کو واپس ہوئے اور بُت خانے میں پہنچے اور انہوں نے دیکھا کہ بُت ٹوٹے پڑے ہیں تو۔

(۵۹)  بولے  کس نے  ہمارے   خداؤں کے  ساتھ یہ کام کیا بیشک وہ ظالم ہے۔

(۶۰) ان میں کے  کچھ بولے  ہم نے  ایک جوان کو انہیں برا کہتے  سنا  جسے  ابراہیم کہتے  ہیں (ف ۱۱۱)

۱۱۱             یہ خبر نمرودِ جبّار اور اس کے اُمراء کو پہنچی تو۔

(۶۱) بولے  تو اسے  لوگوں کے  سامنے  لاؤ شاید وہ گواہی دیں (ف ۱۱۲)

۱۱۲             کہ یہ حضرت ابراہیم علیہ السلام ہی کا فعل ہے یا ان سے بُتوں کی نسبت ایسا کلام سُنا گیا ہے۔ مدعا یہ تھا کہ شہادت قائم ہو تو وہ آپ کے درپے ہوں چنانچہ حضرت بلائے گئے اور وہ لوگ۔

(۶۲) بولے  کیا تم نے  ہمارے  خداؤں کے  ساتھ یہ کام کیا اے  ابراہیم (ف ۱۱۳)

۱۱۳             آپ نے اس کا تو کچھ جواب نہ دیا اور شانِ مناظرانہ سے تعریض کے طور پر ایک عجیب و غریب حُجّت قائم کی۔

(۶۳) فرمایا بلکہ ان کے  اس بڑے  نے  کیا ہو گا (ف ۱۱۴) تو ان سے  پوچھو اگر بولتے  ہوں (ف ۱۱۵)

۱۱۴             اس غصّہ سے کہ اس کے ہوتے تم اس کے چھوٹوں کو پوجتے ہو، اس کے کندھے پر بَسُولا ہونے سے ایسا ہی قیاس کیا جا سکتا ہے، مجھ سے کیا پوچھنا پوچھنا ہو۔

۱۱۵             وہ خود بتائیں کہ ان کے ساتھ یہ کس نے کیا، مدعا یہ تھا کہ قوم غور کرے کہ جو بول نہیں سکتا جو کچھ کر نہیں سکتا وہ خدا نہیں ہو سکتا، اس کی خدائی کا اعتقاد باطل ہے چنانچہ جب آپ نے یہ فرمایا۔

(۶۴)  تو اپنے  جی کی طرف پلٹے  (ف ۱۱۶)  اور بولے  بیشک تمہیں ستمگار ہو (ف ۱۱۷)

۱۱۶             اور سمجھے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام حق پر ہیں۔

۱۱۷             جو ایسے مجبوروں اور بے اختیاروں کو پوجتے ہو جو اپنے کاندھے سے بَسُولا نہ ہٹا سکے، وہ اپنے پجاری کو مصیبت سے کیا بچا سکے اور اس کے کیا کام آ سکے۔

(۶۵) پھر اپنے  سروں کے  بل اوندھائے  گئے  (ف ۱۱۸) کہ تمہیں خوب معلوم ہے  یہ بولتے  نہیں (ف ۱۱۹)

۱۱۸             اور کلمۂ حق کہنے کے بعد پھر ان کی بدبختی ان کے سروں پر سوار ہوئی اور وہ کُفر کی طرف پلٹے اور باطل مجادلہ و مکابرہ شروع کیا اور حضرت ابراہیم علیہ السلام سے کہنے لگے۔

۱۱۹             تو ہم ان سے کیسے پوچھیں اور اے ابراہیم تم ہمیں ان سے پوچھنے کا کیسے حکم دیتے ہو۔

(۶۶)  کہا تو کیا اللہ کے  سوا ایسے  کو پوجتے  ہو جو نہ تمہیں نفع دے  (ف ۱۲۰) اور نہ نقصان پہنچائے  (ف ۱۲۱)

۱۲۰             اگر اسے پُوجو۔

۱۲۱             اگر اس کا پُوجنا موقوف کر دو۔

(۶۷) تف ہے  تم پر اور ان بتوں پر جن کو اللہ کے  سوا پوجتے  ہو، تو کیا تمہیں عقل نہیں (ف ۱۲۲)

۱۲۲             کہ اتنا بھی سمجھ سکو کہ یہ بُت پوجنے کے قابل نہیں، جب حُجّت تمام ہو گئی اور وہ لوگ جواب سے عاجز آئے تو۔

(۶۸ ) بولے  ان کو جلا دو  اور اپنے  خداؤں کی مدد کروں اگر تمہیں کرنا ہے  (ف ۱۲۳)

۱۲۳             نمرود اور اس کی قوم حضرت ابراہیم علیہ السلام کو جلا ڈالنے پر متفق ہو گئی اور انہوں نے آپ کو ایک مکان میں قید کر دیا اور قریۂ کوثیٰ میں ایک عمارت بنائی اور ایک مہینہ تک بکوششِ تمام قِسم قِسم کی لکڑیاں جمع کیں اور ایک عظیم آگ جلائی جس کی تپش سے ہوا میں پرواز کرنے والے پرندے جل جاتے تھے اور ایک منجیق (گوپھن) کھڑی کی اور آپ کو باندھ کر اس میں رکھ کر آگ میں پھینکا، اس وقت آپ کی زبانِ مبارک پر تھا حَسْبِیَ اﷲُ وَ نِعْمَ الْوَکِیْلُ، جبریلِ امین نے آپ سے عرض کیا کہ کیا کچھ کام ہے ؟ آپ نے فرمایا تم سے نہیں، جبرئیل نے عرض کیا تو اپنے ربّ سے سوال کیجئے ! فرمایا سوال کرنے سے اس کا میرے حال کو جاننا میرے لئے کفایت کرتا ہے۔

(۶۹) ہم نے  فرمایا اے  آگ ہو جا ٹھنڈی اور سلامتی ابراہیم پر (ف ۱۲۴)

۱۲۴             تو آگ نے سوا آپ کی بندش کے اور کچھ نہ جَلایا اور آگ کی گرمی زائل ہو گئی اور روشنی باقی رہی۔

(۷۰) اور انہوں نے  اس کا برا چاہا تو ہم نے  انہیں سب سے  بڑھ کر زیاں کار کر دیا (ف ۱۲۵)

۱۲۵             کہ ان کی مراد پوری نہ ہوئی اور سعی ناکام رہی اور اللہ تعالیٰ نے اس قوم پر مچھّر بھیجے جو ان کے گوشت کھا گئے اور خون پی گئے اور ایک مچھر نمرود کے دماغ میں گھس گیا اور اس کی ہلاکت کا سبب ہوا۔

(۷۱)  اور ہم اسے  اور لوط کو (ف ۱۲۶) نجات بخشی (ف ۱۲۷) اس زمین کی طرف (ف ۱۲۸) جس میں ہم نے  جہاں والوں کے  لیے  برکت رکھی (ف ۱۲۹)

۱۲۶             جو ان کے بھتیجے ان کے بھائی ہارون کے فرزند تھے، نمرود اور اس کی قوم سے۔

۱۲۷             اور عراق سے۔

۱۲۸             روانہ کیا۔

۱۲۹             اس زمین سے زمینِ شام مراد ہے، اس کی برکت یہ ہے کہ یہاں کثرت سے انبیاء ہوئے اور تمام جہان میں ان کے دینی برکات پہنچے اور سرسبزی و شادابی کے اعتبار سے بھی یہ خطہ دوسرے خطوں پر فائق ہے، یہاں کثرت سے نہریں ہیں، پانی پاکیزہ اور خوش گوار ہے، اشجار و ثمار کی کثرت ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے مقامِ فلسطین میں نُزول فرمایا اور حضرت لُوط علیہ السلام نے مؤتفکہ میں۔

(۷۲)  اور ہم نے  اسے  اسحاق عطا فرمایا (ف ۱۳۰) اور یعقوب پوتا، اور ہم نے   ان سب کو اپنے  قرب خاص کا سزاوار کیا۔

۱۳۰             اور حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ سے بیٹے کی دعا کی تھی۔

(۷۳) اور ہم نے  انہیں امام کیا کہ (ف ۱۳۱) ہمارے  حکم سے  بلاتے  ہیں اور ہم نے  انہیں وحی بھیجی اچھے  کام کرنے  اور نماز برپا رکھنے  اور زکوٰۃ دینے  کی اور وہ ہماری بندگی کرتے  تھے۔

۱۳۱             لوگوں کو ہمارے دین کی طرف۔

(۷۴) اور لوط کو ہم نے  حکومت اور  علم دیا اور اسے  اس بستی سے  نجات بخشی جو گندے  کام کرتی تھی (ف ۱۳۲) بیشک وہ بُرے  لوگ بے  حکم تھے۔

۱۳۲             اس بستی کا نام سدوم تھا۔

(۷۵) اور ہم نے  اسے  (ف ۱۳۳) اپنی رحمت میں داخل کیا، بیشک  وہ ہمارے  قرب خاص سزاواروں میں ہے۔

۱۳۳             یعنی حضرت لوط علیہ السلام کو۔

(۷۶) اور نوح کو جب اس سے  پہلے  اس نے  ہمیں پکارا تو ہم نے  اس کی دعا قبول کی اور اسے  اور اس کے  گھر والوں کو بڑی سختی سے  نجات دی (ف ۱۳۴)

۱۳۴             یعنی طوفان سے اور تکذیبِ اہلِ طُغیان سے۔

(۷۷) اور ہم نے  ان لوگوں پر اس کو مدد دی جنہوں نے  ہماری آیتیں جھٹلائیں، بیشک وہ برے  لوگ تھے  تو ہم نے  ان سب کو ڈبو دیا۔

(۷۸) اور داؤد اور سلیمان کو یاد کرو جب کھیتی کا ایک جھگڑا  چکاتے  تھے، جب رات کو اس میں کچھ لوگوں کی بکریاں چھوٹیں (ف ۱۳۵) اور ہم ان کے  حکم کے  وقت حاضر تھے۔

۱۳۵             ان کے ساتھ کوئی چَرانے والا نہ تھا، وہ کھیتی کھا گئیں، یہ مقدمہ حضرت داؤد علیہ السلام کے سامنے پیش ہوا آپ نے تجویز کی کہ بکریاں کھیتی والے کو دے دی جائیں، بکریوں کی قیمت کھیتی کے نقصان کے برابر تھی۔

(۷۹)  ہم نے  وہ معاملہ سلیمان کو سمجھا دیا (ف ۱۳۶) اور دونوں کو حکومت اور علم عطا کیا (ف ۱۳۷) اور داؤد کے  ساتھ پہاڑ مسخر فرما دیے  کہ تسبیح کرتے  اور پرندے  (ف ۱۳۸) اور یہ ہمارے  کام تھے۔

۱۳۶             حضرت سلیمان علیہ السلام کے سامنے جب یہ معاملہ پیش ہوا تو آپ نے فرمایا کہ فریقین کے لئے اس سے زیادہ آسانی کی شکل بھی ہو سکتی ہے، اس وقت حضرت کی عمر شریف گیارہ سال کی تھی، حضرت داؤد علیہ السلام نے آپ پر لازم کیا کہ وہ صورت بیان فرمائیں، حضرت سلیمان علیہ السلام نے یہ تجویز پیش کی کہ بکری والا کاشت کرے اور جب تک کھیتی اس حالت کو پہنچے جس حالت میں بکریوں نے کھائی ہے اس وقت تک کھیتی والا بکریوں کے دودھ وغیرہ سے نفع اٹھائے اور کھیتی اس حالت پر پہنچ جانے کے بعد کھیتی والے کو کھیتی دے دی جائے، بکری والے کو اس کی بکریاں واپس کر دی جاویں۔ یہ تجویز حضرت داؤد علیہ السلام نے پسند فرمائی، اس معاملہ میں یہ دونوں حکم اجتہادی تھے اور اس شریعت کے مطابق تھے، ہماری شریعت میں حکم یہ ہے کہ اگر چَرانے والا ساتھ نہ ہو تو جانور جو نقصانات کرے اس کا ضمان لازم نہیں۔ مجاہد کا قول ہے کہ حضرت داؤد علیہ السلام نے جو فیصلہ کیا تھا وہ اس مسئلہ کا حکم تھا اور حضرت سلیمان علیہ السلام نے جو تجویز فرمائی یہ صورتِ صلح تھی۔

۱۳۷             وجوہِ اجتہاد و طریقِ احکام وغیرہ کا مسئلہ : جن عُلَماء کو اجتہاد کی اہلیت حاصل ہو انہیں ان امور میں اجتہاد کا حق ہے جس میں وہ کتاب و سنّت کا حکم نہ پاویں اور اگر اجتہاد میں خطا بھی ہو جاوے تو بھی ان پر مواخذہ نہیں۔ بخاری و مسلم کی حدیث ہے سیدِ عالَم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا جب حکم کرنے والا اجتہاد کے ساتھ حکم کرے اور اس حکم میں مُصِیب ہو تو اس کے لئے دو ۲ اجر ہیں اور اگر اجتہاد میں خطا واقع ہو جائے تو ایک اجر۔

۱۳۸             پتّھر اور پرندے آپ کے ساتھ آپ کی موافقت میں تسبیح کرتے تھے۔

(۸۰)  اور ہم نے  اسے  تمہارا ایک پہناوا بنانا سکھایا کہ تمہیں تمہاری آنچ  سے  (زخمی ہونے  سے ) بچائے  (ف ۱۳۹) تو کیا تم شکر کرو گے۔

۱۳۹             یعنی جنگ میں دشمن کے مقابل کام آئے اور وہ زرہ ہے، سب سے پہلے زرہ بنانے والے حضرت داؤد علیہ السلام ہیں۔

(۸۱)  اور سلیمان کے  لیے  تیز ہوا مسخر کر دی کہ اس کے  حکم سے  چلتی اس زمین کی طرف جس میں ہم نے  برکت رکھی (ف ۱۴۰) اور ہم کو ہر چیز معلوم ہے۔

۱۴۰             اس زمین سے مراد شام ہے جو آپ کا مسکن تھا۔

(۸۲) اور شیطانوں میں سے   جو اس کے  لیے  غوطہ لگاتے  (ف ۱۴۱) اور اس کے  سوا اور کام کرتے  (ف ۱۴۲) اور ہم انہیں روکے  ہوئے  تھے  (ف ۱۴۳)

۱۴۱             دریا کی گہرائی میں داخل ہو کر سمندر کی تہ سے آپ کے لئے جواہر نکال کر لاتے۔

۱۴۲             عجیب عجیب صنعتیں، عمارتیں، محل، برتن، شیشے کی چیزیں، صابون وغیرہ بنانا۔

۱۴۳             کہ آپ کے حکم سے باہر نہ ہوں۔

(۸۳) اور ایوب کو (یاد کرو) جب اس نے  اپنے  رب کو پکارا  (ف ۱۴۴) کہ مجھے  تکلیف پہنچی اور تو سب مہر والوں سے  بڑھ کر مہر والا ہے۔

۱۴۴             یعنی اپنے ربّ سے دعا کی۔ حضرت ایوب علیہ السلام حضرت اسحٰق علیہ السلام کی اولاد میں سے ہیں، اللہ تعالیٰ نے آپ کو ہر طرح کی نعمتیں عطا فرمائی ہیں حسنِ صورت بھی، کثرتِ اولاد بھی، کثرتِ اموال بھی اللہ تعالیٰ نے آپ کو اِبتلا میں ڈالا اور آ پ کے فرزند و اولاد مکان کے گرنے سے دب کر مر گئے، تمام جانور جس میں ہزارہا اونٹ، ہزارہا بکریاں تھیں سب مر گئے، تمام کھیتیاں اور باغات برباد ہو گئے، کچھ بھی باقی نہ رہا اور جب آپ کو ان چیزوں سے ہلاک ہونے اور ضائع ہونے کی خبر دی جاتی تھی تو آپ حمدِ الٰہی بجا لاتے تھے اور فرماتے تھے میرا کیا ہے جس کا تھا اس نے لیا جب تک مجھے دیا اور میرے پاس رکھا اس کا شکر ہی ادا نہیں ہو سکتا، میں اس کی مرضی پر راضی ہوں پھر آپ بیمار ہوئے، تمام جسم شریف میں آبلے پڑے، بدن مبارک سب کا سب زخموں سے بھر گیا، سب لوگوں نے چھوڑ دیا بَجُز آپ کی بی بی صاحبہ کے کہ وہ آپ کی خدمت کرتی رہیں اور یہ حالت سالہا سال رہی، آخر کار کوئی ایسا سبب پیش آیا کہ آپ نے بارگاہِ الٰہی میں دعا کی۔

(۸۴) تو ہم نے  اس کی دعا سن لی تو ہم نے  دور کر دی جو تکلیف اسے  تھی (ف ۱۴۵) اور ہم نے  اسے  اس کے  گھر والے  اور ان کے  ساتھ اتنے  ہی اور عطا کیے  (ف ۱۴۶)  اپنے  پاس سے  رحمت فرما کر اور بندی والوں کے  لیے  نصیحت (ف ۱۴۷)

۱۴۵             اس طرح کہ حضرت ایوب علیہ السلام سے فرمایا کہ آپ زمین میں پاؤں ماریئے انہوں نے پاؤں مارا ایک چشمہ ظاہر ہوا، حکم دیا گیا اس سے غسل کیجئے غسل کیا تو ظاہر بدن کی تمام بیماریاں دور ہو گئیں پھر آپ چالیس قدم چلے پھر دوبارہ زمین میں پاؤں مارنے کا حکم ہوا پھر آپ نے پاؤں مارا اس سے بھی ایک چشمہ ظاہر ہوا جس کا پانی نہایت سرد تھا، آپ نے بحکمِ الٰہی پیا اس سے باطن کی تمام بیماریاں دور ہو گئیں اور آپ کو اعلیٰ درجہ کی صحت حاصل ہوئی۔

۱۴۶             حضرت ابنِ مسعود و ابنِ عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہم اور اکثر مفسِّرین نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کی تمام اولاد کو زندہ فرما دیا اور آپ کو اتنی ہی اولاد اور عنایت کی۔ حضرت ابنِ عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما کی دوسری روایت میں ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کی بی بی صاحبہ کو دوبارہ جوانی عنایت کی اور ان کے کثیر اولادیں ہوئیں۔

۱۴۷             کہ وہ اس واقعہ سے بلاؤں پر صبر کرنے اور اس کے ثوابِ عظیم سے باخبر ہوں اور صبر کریں اور ثواب پائیں۔

(۸۵) اور اسماعیل اور ادریس اور ذوالکفل کو (یاد کرو)، وہ سب صبر والے  تھے  (ف ۱۴۸)

۱۴۸             کہ انہوں نے محنتوں اور بلاؤں اور عبادتوں کی مشقتوں پر صبر کیا۔

(۸۶) اور انہیں ہم نے  اپنی رحمت میں داخل کیا، بیشک وہ ہمارے  قربِ خاص کے  سزاواروں میں ہیں۔

(۸۷) اور ذوالنون، کو (یاد کرو) (ف ۱۴۹) جب چلا غصہ میں بھرا  (ف ۱۵۰) تو گمان کیا کہ ہم اس پر تنگی نہ کریں گے  (ف ۱۵۱) تو اندھیریوں میں پکارا (ف ۱۵۲) کوئی معبود نہیں سوا تیرے  پاکی ہے  تجھ کو، بیشک مجھ سے  بے  جا ہوا  (ف ۱۵۳)

۱۴۹             یعنی حضرت یونس ابنِ متّیٰ کو۔

۱۵۰             اپنی قوم سے جس نے ان کی دعوت نہ قبول کی تھی اور نصیحت نہ مانی تھی اور کُفر پر قائم رہی تھی، آپ نے گمان کیا کہ یہ ہجرت آپ کے لئے جائز ہے کیونکہ اس کا سبب صرف کُفر اور اہلِ کُفر کے ساتھ بغض اور اللہ کے لئے غضب کرنا ہے لیکن آپ نے اس ہجرت میں حکمِ الٰہی کا انتظار نہ کیا۔

۱۵۱             تو اللہ تعالیٰ نے انہیں مچھلی کے پیٹ میں ڈالا۔

۱۵۲             کئی قِسم کی اندھیریاں تھیں دریا کی اندھیری، رات کی اندھیری، مچھلی کے پیٹ کی اندھیری، ان اندھیریوں میں حضرت یونس علیہ السلام نے اپنے پروردگار سے اس طرح دعا کی کہ۔

۱۵۳             کہ میں اپنی قوم سے، قبل تیرا اِذن پانے کے جُدا ہوا۔ حدیث شریف میں ہے کہ جو کوئی مصیبت زدہ بارگاہِ الٰہی میں ان کلمات سے دعا کرے تو اللہ تعالیٰ اس کی دعا قبول فرماتا ہے۔

(۸۸) تو ہم نے  اس کی پکار سن لی اور سے  غم سے  نجات بخشی (ف ۱۵۴) اور ایسی ہی نجات دیں گے  مسلمانوں کو (ف ۱۵۵)

۱۵۴             اور مچھلی کو حکم دیا تو اس نے حضرت یونس علیہ السلام کو دریا کے کنارے پر پہنچا دیا۔

۱۵۵             مصیبتوں اور تکلیفوں سے جب وہ ہم سے فریاد کریں اور دعا کریں۔

(۸۹)  اور زکریا کو جب اس نے  اپنے  رب کو پکارا،  اے  میرے  رب مجھے   اکیلا نہ چھوڑ  (ف ۱۵۶) اور تو سب سے  بہتر اور وارث (ف ۱۵۷)

۱۵۶             یعنی بے اولاد بلکہ وارث عطا فرما۔

۱۵۷             خَلق کی فنا کے بعد باقی رہنے والا۔ مدعا یہ ہے کہ اگر تو مجھے وارث نہ دے تو بھی کچھ غم نہیں کیونکہ تو بہتر وارث ہے۔

(۹۰) تو ہم نے  اس کی دعا قبول کی اور اسے  (ف ۱۵۸) یحییٰ عطا فرمایا اور اس کے  لیے  اس کی بی بی سنواری (ف ۱۵۹)  بیشک وہ (ف ۱۶۰)  بھلے  کاموں میں جلدی کرتے  تھے  اور ہمیں پکارتے  تھے  امید اور خوف سے، اور ہمارے  حضور گڑگڑاتے  ہیں۔

۱۵۸             فرزندِ سعید۔

۱۵۹             جو بانجھ تھی اس کو قابلِ ولادت کیا۔

۱۶۰             یعنی انبیائے مذکورین۔

(۹۱) اور اس عورت کو اس نے  اپنی پارسائی نگاہ رکھی (ف ۱۶۱) تو ہم نے  اس میں اپنی روح پھونکی (ف ۱۶۲) اور اسے  اور اس کے  بیٹے  کو سارے  جہاں کے  لیے  نشانی بنایا (ف ۱۶۳)

۱۶۱             پورے طور پر کہ کسی طرح کوئی بشر اس کی پارسائی کو چھو نہ سکا، مراد اس سے حضرت مریم ہیں۔

۱۶۲             اور اس کے پیٹ میں حضرت عیسیٰ کوپیدا کیا۔

۱۶۳             اپنے کمالِ قدرت کی کہ حضرت عیسیٰ کو اس کے بطن سے بغیر باپ کے پیدا کیا۔

(۹۲) بیشک تمہارا یہ دین ایک ہی دین ہے  (ف ۱۶۴) اور میں تمہارا رب ہوں (ف ۱۶۵) تو میری عبادت کرو، (۹۳) اور اَوروں نے  اپنے  کام آپس میں ٹکڑے  ٹکڑے  کر لیے  (ف ۱۶۶) سب کو ہماری طرف پھرنا ہے، (ف ۱۶۷)

۱۶۴             دینِ اسلام، یہی تمام انبیاء کا دین ہے اس کے سوا جتنے ادیان ہیں سب باطل، سب کو اسی دین پر قائم رہنا لازم ہے۔

۱۶۵             نہ میرے سوا کوئی دوسرا ربّ، نہ میرے دین کے سوا اور کوئی دین۔

۱۶۶             یعنی دین میں اختلاف کیا اور فرقے فرقے ہو گئے۔

۱۶۷             ہم انہیں ان کے اعمال کی جزا دیں گے۔

(۹۴) تو جو کچھ بھلے  کام کرے  اور ہو ایمان والا تو اس کی کوشش کی بے  قدری نہیں، اور ہم اسے  لکھ رہے  ہیں۔

(۹۵)  اور حرام ہے  اس بستی پر جسے  ہم نے  ہلاک کر دیا کہ پھر لوٹ کر آئیں (ف ۱۶۸)

۱۶"دنیا کی طرف تلافیِ اعمال و تدارکِ احوال کے لئے یعنی اس لئے کہ ان کا واپس آنا ناممکن ہے۔ مفسِّرین نے اس کے یہ معنی بھی بیان کئے ہیں کہ جس بستی والوں کو ہم نے ہلاک کیا ان کا شرک و کُفر سے واپس آنا محال ہے، یہ معنی اس تقدیر پر ہیں جب کہ لا کو زائدہ قرار دیا جائے اور اگر لا زائدہ نہ ہو تو معنیٰ یہ ہوں گے کہ دارِ آخرت میں ان کا حیات کی طرف نہ لوٹنا ناممکن ہے۔ اس میں منکرینِ بَعث کا ابطال ہے اور اوپر جو کُلٌّ اِلَیْنَا رٰجِعُوْن اور لَاکُفْرَانَ لِسَعْیِہٖ فرمایا گیا اس کی تاکید ہے۔ (تفسیرِ کبیر وغیرہ)۔

(۹۶) یہاں تک کہ جب کھولے  جائیں گے  یاجوج و  ماجوج (ف ۱۶۹) اور وہ ہر بلندی سے  ڈھلکتے  ہوں گے۔

۱۶۹             قریبِ قیامت اور یاجوج ماجوج دو قبیلوں کے نام ہیں۔

(۹۷)  اور قریب آیا سچا وعدہ (ف ۱۷۰) تو جبھی آنکھیں پھٹ کر رہ جائیں گی کافروں  کی (ف ۱۷۱) کہ ہائے  ہماری خرابی بیشک ہم (ف ۱۷۲) اس سے  غفلت میں تھے  بلکہ ہم ظالم تھے  (ف ۱۷۳)

۱۷۰             یعنی قیامت۔

۱۷۱             اس دن کے ہول اور دہشت سے اور کہیں گے۔

۱۷۲             دنیا کے اندر۔

۱۷۳             کہ رسولوں کی بات نہ مانتے تھے اور انہیں جھٹلاتے تھے۔

(۹۸) بیشک تم (ف ۱۷۴) اور جو کچھ اللہ کے  سوا تم پوجتے  ہو (ف ۱۷۵) سب جہنم کے  ایندھن ہو، تمہیں اس میں جانا۔

۱۷۴             اے مشرکو۔

۱۷۵             یعنی تمہارے بُت۔

(۹۹) اگر یہ (ف ۱۷۶) خدا ہوتے  جہنم میں نہ جاتے،  اور ان سب کو ہمیشہ اس میں رہنا (ف ۱۷۷)

۱۷۶             بُت جیسا کہ تمہارا گمان ہے۔

۱۷۷             بُتوں کو بھی اور ان کے پُوجنے والوں کو بھی۔

(۱۰۰) وہ اس میں رینکیں گے  (ف ۱۷۸) اور وہ اس میں کچھ نہ سنیں گے  (ف ۱۷۹)

۱۷۸             اور عذاب کی شدّت سے چیخیں گے اور دھاڑیں گے۔

۱۷۹             جہنّم کے شدّتِ جوش کی وجہ سے۔ حضرت ابنِ مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا جب جہنّم میں وہ لوگ رہ جائیں گے جنہیں اس میں ہمیشہ رہنا ہے تو وہ آگ کے تابوتوں میں بند کئے جائیں گے، وہ تابوت اور تابوتوں میں پھر وہ تابوت اور تابوتوں میں اور ان تابوتوں پر آگ کی میخیں جڑ دی جائیں گی تو وہ کچھ نہ سُنیں گے اور نہ کوئی ان میں کسی کو دیکھے گا۔

(۱۰۱) بیشک وہ جن کے  لیے  ہمارا وعدہ بھلائی کا ہو چکا وہ جنہم سے  دور رکھے  گئے  ہیں (ف ۱۸۰)

۱۸۰             اس میں ایمان والوں کے لئے بشارت ہے۔ حضرت علی مرتضیٰ کرّم اللہ تعالیٰ وجہ نے یہ آیت پڑھ کر فرمایا کہ میں انہیں میں سے ہوں اور ابوبکر اور عمر اور عثمان اور طلحٰہ اور زبیر اور سعد اور عبدالرحمٰن بن عوف۔ شانِ نُزول : رسولِ کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم ایک روز کعبۂ معظّمہ میں داخل ہوئے اس وقت قریش کے سردار حطیم میں موجود تھے اور کعبہ شریف کے گرد تین سو ساٹھ بُت تھے، نضر بن حارث سیدِ عالَم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے سامنے آیا اور آ پ سے کلام کرنے لگا حضور نے اس کو جواب دے کر ساکت کر دیا اور یہ آیت تلاوت فرمائی اِنَّکُمْ وَ مَا تَعْبُدُوْنَ مِنْ دُوْنِ اﷲِ حَصَبُ جَھَنَّمَ کہ تم اور جو کچھ اللہ کے سوا پُوجتے ہو سب جہنم کے ایندھن ہیں یہ فرما کر حضور تشریف لے آئے پھر عبداللہ بن زبعری سہمی آیا اور اس کو ولید بن مغیرہ نے اس گفتگو کی خبر دی، کہنے لگا کہ خدا کی قسم میں ہوتا تو ان سے مباحثہ کرتا اس پر لوگوں نے رسولِ کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کو بلایا، ابنِ زبعری یہ کہنے لگا کہ آپ نے یہ فرمایا ہے کہ تم اور جو کچھ اللہ کے سوا تم پُوجتے ہیں سب جہنّم کے ایندھن ہیں ؟ حضور نے فرمایا کہ ہاں کہنے لگا یہود تو حضرت عزیر کو پُوجتے ہیں اور نصاریٰ حضرت مسیح کو پُوجتے ہیں اور بنی ملیح فرشتوں کو پُوجتے ہیں۔ اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازِل فرمائی اور بیان فرما دیا کہ حضرت عزیر اور مسیح اور فرشتے وہ ہیں جن کے لئے بھلائی کا وعدہ ہو چکا اور وہ جہنّم سے دور رکھے گئے ہیں اور حضور سیدِ عالَم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا کہ درحقیقت یہود و نصاریٰ وغیرہ شیطان کی پرستِش کرتے ہیں۔ ان جوابوں کے بعد اس کو مجال دمِ زدن نہ رہی اور وہ ساکت رہ گیا اور درحقیقت اس کا اعتراض کمال عناد سے تھا کیونکہ جس آیت پر اس نے اعتراض کیا اس میں مَا تَعْبُدُوْنَ ہے اور مَا زبانِ عربی میں غیر ذوی العقول کے لئے بولا جاتا ہے، یہ جانتے ہوئے اس نے اندھا بن کر اعتراض کیا، یہ اعتراض تو اہلِ زبان کی نگاہوں میں کھلا ہوا باطل تھا مگر مزید بیان کے لئے اس آیت میں توضیح فرما دی گئی۔

(۱۰۲) وہ اس کی بھنک (ہلکی سی آواز بھی) نہ سنیں گے  (ف ۱۸۱) اور وہ اپنی من مانتی خواہشوں میں (ف ۱۸۲) ہمیشہ رہیں گے۔

۱۸۱             اور اس کے جوش کی آواز بھی ان تک نہ پہنچے گی، وہ منازلِ جنّت میں آرام فرما ہوں گے۔

۱۸۲             خداوندی نعمتوں اور کرامتوں میں۔

(۱۰۳) انہیں غم میں نہ ڈالے  گی وہ سب سے  بڑی گھبراہٹ (ف ۱۸۳) اور فرشتے  ان کی پیشوائی کو آئیں گے  (ف ۱۸۴) کہ یہ ہے  تمہارا وہ دن جس کا تم سے  وعدہ تھا۔

۱۸۳             یعنی نفخۂ اخیرہ۔

۱۸۴             قبروں سے نکلتے وقت مبارک بادیں دیتے، تہنیت پیش کرتے اور یہ کہتے۔

(۱۰۴) جس  دن ہم آسمان  کو لپیٹیں گے  جیسے  سجل فرشتہ (ف ۱۸۵) نامۂ اعمال کو لپیٹتا ہے، جیسے  پہلے  اسے  بنایا تھا ویسے  ہی پھر کر دیں گے  (ف ۱۸۶) یہ وعدہ ہے  ہمارے  ذمہ، ہم کو اس کا  ضرور کرنا۔

۱۸۵             جو کاتبِ اعمال ہے آدمی کی موت کے وقت اس کے۔

۱۸۶             یعنی ہم نے جیسے پہلے عدم سے بنایا تھا ویسے ہی پھر معدوم کرنے کے بعد پیدا کر دیں گے یا یہ معنی ہیں کہ جیسا ماں کے پیٹ سے برہنہ غیر مختون پیدا کیا تھا ایسا ہی مرنے کے بعد اٹھائیں گے۔

(۱۰۵) اور بیشک ہم نے  زبور میں نصیحت کے  بعد لکھ دیا کہ اس زمین کے  وارث میرے  نیک بندے  ہوں گے  (ف ۱۸۷)

۱۸۷             اس زمین سے مراد زمینِ جنّت ہے اور حضرت ابنِ عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے فرمایا کہ کُفّار کی زمینیں مراد ہیں جن کو مسلمان فتح کریں گے اور ایک قول یہ ہے کہ زمینِ شام مراد ہے۔

(۱۰۶) بیشک یہ قرآن کافی ہے  عبادت والوں کو (ف ۱۸۸)

۱۸۸             کہ جو اس کا اِتّباع کرے اور اس کے مطابق عمل کرے جنّت پائے اور مراد کو پہنچے اور عبادت والوں سے مؤمنین مراد ہیں اور ایک قول یہ ہے کہ اُمّتِ محمّدیہ مراد ہے جو پانچوں نمازیں پڑھتے ہیں، رمضان کے روزے رکھتے ہیں، حج کرتے ہیں۔

(۱۰۷) اور ہم نے  تمہیں نہ بھیجا مگر رحمت سارے  جہان کے  لیے  (ف ۱۸۹)

۱۸۹             کوئی ہو جن ہو یا انس مؤمن ہو یا کافِر۔ حضرت ابنِ عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا کہ حضور کا رحمت ہونا عام ہے ایمان والے کے لئے بھی اور اس کے لئے بھی جو ایمان نہ لایا، مؤمن کے لئے تو آپ دنیا و آخرت دونوں میں رحمت ہیں اور جو ایمان نہ لایا اس کے لئے آپ دنیا میں رحمت ہیں کہ آپ کی بدولت تاخیرِ عذاب ہوئی اور خَسف و مَسخ اور اِستِیصال کے عذاب اٹھا دیئے گئے۔ تفسیرِ روح البیان میں اس آیت کی تفسیر میں اکابر کا یہ قول نقل کیا ہے کہ آیت کے معنیٰ یہ ہیں کہ ہم نے آپ کو نہیں بھیجا مگر رحمتِ مطلقہ تامّہ کاملہ عامہ شاملہ جامعہ محیطہ بہ جمیع مقیدات رحمتِ غیبیہ و شہادتِ علمیہ وعینیہ و وجود یہ و شہودیہ و سابقہ و لاحقہ و غیر ذلک تمام جہانوں کے لئے، عالَمِ ارواح ہوں یا عالَمِ اجسام، ذوی العقول ہوں یا غیر ذوی العقول اور جو تمام عالَموں کے لئے رحمت ہو لازم ہے کہ وہ تمام جہان سے افضل ہو۔

(۱۰۸) تم فرماؤ مجھے  تو یہی وحی ہوتی ہے  کہ تمہارا خدا نہیں مگر ایک اللہ تو کیا تم مسلمان ہوتے  ہو۔

(۱۰۹)  پھر اگر وہ منہ پھیریں (ف ۱۹۰) تو فرما دو میں نے  تمہیں لڑائی کا اعلان کر دیا، برابری پر  اور میں کیا جانوں (ف ۱۹۱) کہ پاس ہے  یا  دور ہے  وہ جو تمہیں وعدہ دیا جاتا ہے  (ف ۱۹۲)

۱۹۰             اور اسلام نہ لائیں۔

۱۹۱             بے خدا کے بتائے یعنی یہ بات عقل و قیاس سے جاننے کی نہیں ہے۔ یہاں درایت کی نفی فرمائی گئی درایت کہتے ہیں اندازے اور قیاس سے جاننے کو جیسا کہ مفرداتِ راغب اور ر دُّ المحتار میں ہے اسی لئے اللہ تعالیٰ کے واسطے لفظِ درایت استعمال نہیں کیا جاتا اور قرآنِ کریم کے اطلاقات اس پر دلالت کرتے ہیں جیسا کہ فرمایا  مَا کُنْتَ تَدْرِیْ مَا الْکِتَابُ وَلَا الْاِیْمَانُ  لہٰذا یہاں بے تعلیم الٰہی مَحض اپنے عقل و قیاس سے جاننے کی نفی ہے نہ کہ مطلق علم کی اور مطلق علم کی نفی کیسے ہو سکتی ہے جب کہ اسی رکوع کے اول میں آ چکا ہے  وَاقْتَرَبَ الْوَعْدُ الْحَقُّ  یعنی قریب آیا سچا وعدہ تو کیسے کہا جا سکتا ہے کہ وعدے کا قُرب و بُعد کسی طرح معلوم نہیں۔ خلاصہ یہ ہے کہ اپنے عقل و قیاس سے جاننے کی نفی ہے نہ کہ تعلیمِ الٰہی سے جاننے کی۔

۱۹۲             عذاب کا یا قیامت کا۔

(۱۱۰) بیشک اللہ جانتا ہے  آواز کی بات (ف ۱۹۳) اور جانتا ہے  جو تم چھپاتے  ہو (ف ۱۹۴)

۱۹۳             جو اے کُفّار تم اعلان کے ساتھ اسلام پر بطریقِ طعن کہتے ہو۔

۱۹۴             اپنے دلوں میں یعنی نبی کی عداوت اور مسلمانوں سے حسد جو تمہارے دلوں میں پوشیدہ ہے اللہ اس کو بھی جانتا ہے سب کا بدلہ دے گا۔

(۱۱۱) اور میں کیا جانوں شاید وہ (ف ۱۹۵) تمہاری جانچ ہو (ف ۱۹۶) اور ایک وقت تک برتوانا (ف ۱۹۷) 

۱۹۵             یعنی دنیا میں عذاب کو مؤخَّر کرنا۔

۱۹۶             جس سے تمہارا حال ظاہر ہو جائے۔

۱۹۷             یعنی وقتِ موت تک۔

(۱۱۲) نبی نے  عرض کی کہ اے  میرے  رب حق فیصلہ فرما دے  (ف ۱۹۸) اور ہمارے  رب رحمن ہی کی مدد درکار ہے  ان باتوں پر جو تم بتاتے  ہو، (ف ۱۹۹)

۱۹۸             میرے اور ان کے درمیان جو مجھے جھٹلاتے ہیں اس طرح کہ میری مدد کر اور ان پر عذاب نازِل فرما۔ یہ دعا مستجاب ہوئی اور کُفّار بدر و احزاب و حُنَین وغیرہ میں مبتلائے عذاب ہوئے۔

۱۹۹             شرک و کُفر اور بے ایمانی کی۔