دعوۃ القرآن

سُوۡرَةُ الواقِعَة

تعارف

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

اللہ رحمٰن و رحیم کے نام سے

 

نام

 

پہلی آیت میں الواقعۃ یعنی واقع ہونے والی ( قیامت) کا ذکر ہوا ہے۔ اس مناسبت سے اس سورہ کا نام "الواقعہ " ہے۔

 

زمانۂ نزول

 

مکی ہے اور مضامین سے اندازہ ہوتا ہے کہ مکہ کے وسطی دور میں نازل ہوئی ہوگی۔

 

مرکزی مضمون

 

قیامت اور جزا و سزا کے احوال کو پیش کرنا اور اس کا یقین پیدا کرنا ہے۔

 

نظمِ کلام

 

 آیت ۱ تا ۶ میں قیامت کے ہولناک واقعہ سے خبردار کیاگیا ہے۔

 

آیت ۷ تا ۵۶ میں آگاہ کیاگیا ہے کہ قیامت کے دن لوگوں کو تین گروہوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ پھر ہرگروہ کا انجام وضاحت کے ساتھ پیش کیاگیا ہے۔

 

آیت ۵۷ تا ۷۴ میں وہ حقیقتیں بیان کی گئی ہیں جن سے جزا و سزا کا یقین پیدا ہوتا ہے۔

 

آیت ۷۵ تا ۹۶ سورہ کے خاتمہ کی آیات ہیں جن میں قرآن سے بے اعتنائی برتنے والوں کو جھنجھوڑا گیا ہے کہ ہوش میں آؤ اور دیکھو کہ قرآن جو تمہیں قیامت کے احوال اور جزا و سزا سے آگاہ کررہا ہے سرتا سر وحی الٰہی ہے جس میں شیطان کے لیے دخل اندازی کا کوئی موقع نہیں۔

 

اخیر میں موت کے وقت کی بے بسی کا حال بیان کرتے ہوئے آخری انجام سے آگاہ کیاگیاہے۔

ترجمہ

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

اللہ رحمٰن و رحیم کے نام سے

 

۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  جب واقع ہونے والی واقع ہوگی۔ ۱*

 

۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اس کے واقع ہونے میں کوئی جھوٹ نہیں۔ ۲*

 

۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  پست کردینے والی اور بلند کردینے والی۔۳*

 

۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  جب زمین شدید اضطراب کے ساتھ لرزنے لگے گی۔ ۴*

 

۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور پہاڑ ریزہ ریزہ کردےئے جائیں گے۔

 

۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور وہ غبار بن کر اڑنے لگیں گے۔۵*

 

۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور تم تین گروہوں میں تقسیم ہوجاؤ گے۔۶*

 

۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو داہنے ہاتھ والے۔۷* کیا ہیں داہنے ہاتھ والے!

 

۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور بائیں ہاتھ والے۔۸* کیا ہیں بائیں ہاتھ والے!

 

۱۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اورسبقت کرنے والے تو ہیں ہی سبقت کرنے والے۔

 

۹۱۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  وہ مُقرب ہیں۔ ۱۰*

 

۱۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  نعمت کے باغوں میں۔۱۱*

 

۱۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  بڑا گروہ اگلوں میں سے ہوگا۔

 

۱۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور تھوڑے سے پچھلوں میں سے۔ ۱۲*

 

۱۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ مُرصّع (جڑے ہوئے) تختوں پر ۱۳*

 

۱۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  آمنے سامنے تکیہ لگائے ہوئے۔ ۱۴*

 

۱۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ان کے پاس گردش کریں گے ایسے لڑکے جو ہمیشہ اسی حالت میں رہیں گے۔۱۵*

 

۱۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  پیالے اور جگ اور بہتی ہوئی شراب کے جام لیے ہوئے۔ ۱۶*

 

۱۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  جس سے نہ سردرد ہو اور نہ عقل جاتی رہے۔ ۱۷*

 

۲۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور میوے جو وہ پسند کریں۔ ۱۸*

 

۲۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور پرندوں کے گوشت جو ان کو مرغوب ہوں۔ ۱۹*

 

۲۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور ان کے لیے حسین چشم حوریں ہوں گی۔ ۲۰*

 

۲۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  جیسے محفوظ موتی۔ ۲۱*

 

۲۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  جزاء ان کے ان اعمال کی جو وہ کرتے رہے۔ ۲۲*

 

۲۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  وہ وہاں نہ کوئی لغوبات سنیں گے اور نہ گناہ کی کوئی بات۔۲۳*

 

۲۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  بس سلامتی ہی سلامتی کی باتیں ہوں گی۔

 

۲۴۲۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور داہنے ہاتھ والے تو کیا شان ہے داہنے ہاتھ والوں کی۔۲۵*

 

۲۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  وہ بے خار بیریوں میں ہوں گے۔ ۲۶*

 

۲۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور تہ بہ تہ کیلوں۔ ۲۷*

 

۳۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور پھیلی ہوئی چھاؤں۔۲۸*

 

۳۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور آبِ رواں۔۲۹*

 

۳۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اور  بہ کثرت پھلوں میں۔

 

۳۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  جو نہ کبھی ختم ہوں گے اور نہ ان سے روکا جائے گا۔ ۳۰*

 

۳۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور اونچے بستروں میں ہوں گے۔ ۳۱*

 

۳۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ان  کی بیویوں کو ہم نے خاص اٹھان پر اٹھایا ہوگا۔

 

۳۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور ان کو باکرہ بنایا ہوگا۔ ۳۲*

 

۳۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  پیاری ۳۳* اور ہم عمر۔۳۴*

 

۳۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  داہنے ہاتھ والوں کے لیے۔۳۵*

 

۳۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  وہ اگلوں میں سے بڑی تعداد میں ہوں گے۔

 

۴۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور بعد والوں میں سے بھی بڑی تعداد میں۔ ۳۶*

 

۴۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور بائیں ہاتھ والے! کیا حال ہوگا بائیں ہاتھ والوں کا!۳۷*

 

۴۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  وہ لُوکی لپٹ، کھولتے ہوئے پانی،

 

۴۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور کالے دھوئیں کے سایہ میں ہوں گے۔

 

۴۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  جو نہ ٹھنڈا ہوگا اور نہ مفید۔ ۳۸*

 

۴۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یہ لوگ اس سے پہلے خوش حال تھے۔ ۳۹*

 

۴۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور بہت بڑے گناہ پر اصرار کرتے رہے۔ ۴۰*

 

۴۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور کہتے تھے کیا جب ہم مرجائیں گے اور مٹی اور ہڈیاں ہو کر رہ جائیں گے تو پھر اٹھائے جائیں گے؟ ۴۱*

 

۴۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور کیا ہمارے باپ دادا بھی؟

 

۴۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کہو یقینا اگلے اور پچھلے ،

 

۵۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  سب ایک مقررہ دن کی میقات پر جمع کئے جائیں گے۔ ۴۲*

 

۵۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  پھر اے گمراہو اور جھٹلانے والو!

 

۵۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تم زقوم ۴۳* کے درخت کی غذا کھاؤ گے۔

 

۵۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اسی سے پیٹ بھروگے۔

 

۵۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  پھر اس پر کھولتا ہوا پانی پیو گے۔

 

۵۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تونسے (پیاسے) اونٹ کی طرح۔ ۴۴*

 

۵۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یہ ہے ان کی ضیافت ۴۵* جزا کے دن۔

 

۵۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ہم نے تمہیں پیدا کیا ہے تو تم سچ کیوں نہیں مانتے؟ ۴۶*

 

۵۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  کیا تم نے غور کیا جو منی تم ڈالتے ہو۔

 

۵۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اس کو  (انسان کی)شکل تم دیتے ہو یا ہم دیتے ہیں؟ ۴۷*

 

۶۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ہم نے تمہارے درمیان موت مقدر کی ہے۔ ۴۸* اور ہم عاجز نہیں ہیں۔

 

۶۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اس بات سے کہ تمہاری شکلیں بدل دیں اور تمہیں ایسی مخلوق بنادیں جن کو تم نہیں جانتے۔۴۹*

 

۶۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اپنی پہلی پیدائش کو تم جانتے ہو پھر کیوں یاددہانی حاصل نہیں کرتے۔ ۵۰*

 

۶۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  کیا تم نے غور کیا اس چیز پر جو تم بوتے ہو؟

 

۶۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اس سے کھیتی تم اگاتے ہو یا اگانے والے ہم ہیں؟ ۵۱*

 

۶۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ہم چاہیں تو اسے چورا چورا کر کے رکھ دیں اور تم باتیں بناتے ہی رہ جاؤ۔

 

۶۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  کہ ہم تو تاوان میں پڑ گئے۔

 

۶۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  بلکہ محروم ہو کر رہ گئے۔ ۵۲*

 

۶۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  کیا تم نے اس پانی پر غور کیا جو تم پیتے ہو؟

 

۶۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  کیا تم نے اس کو بادل سے اتارا ہے یا اس کے اتارنے والے ہم ہیں؟ ۵۳*

 

۷۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اگر ہم چاہیں تو اس کو کڑوا بناکر رکھ دیں پھر تم شکر کیوں نہیں کرتے! ۵۴*

 

۷۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تم نے اس آگ پر بھی غور کیا جس کو تم سلگاتے ہو۔

 

۷۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اس کا درخت ۵۵* تم نے پیدا کیا ہے یا اس کے پیدا کرنے والے ہم ہیں؟

 

۷۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ہم نے اس کو یاد دہانی کاذریعہ ۵۶* اور مسافروں کے لیے مفید چیز بنایا ہے۔ ۵۷*

 

۷۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو ( اے نبی!) تم اپنے عظمت والے رب کے نام کی تسبیح کرو۔ ۵۸*

 

۷۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  نہیں۔ ۵۹* میں قسم کھاتا ہوں ستاروں کے غروب ہونے کے مقامات کی۔۶۰*

 

۷۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اور یہ بہت بڑی قسم ہے اگر تم جانو۔ ۶۱*

 

۷۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  بلا شبہ یہ ایک عزت والا قرآن ہے۔ ۶۲*

 

۷۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ایک محفوظ کتاب میں۔ ۶۳*

 

۷۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اس کو نہیں چھوتے مگر پاکیزہ۔ ۶۴*

 

۸۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یہ رب العالمین کا نازل کیا ہوا ہے۔

 

۸۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  پھر کیا تم اس سے سہل انگاری برتتے ہو۔ ۶۵*

 

۸۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور اس (نعمت میں)  اپنا حصہ یہ رکھتے ہو کہ اسے جھٹلاؤ؟

 

۸۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  توکیوں نہیں ( کچھ کر پاتے)  جب جان حلق تک پہنچتی ہے۔ ۶۶*

 

۸۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور تم اس وقت دیکھ رہے ہوتے ہو۔ ۶۷*

 

۸۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور ہم تمہاری نسبت اس کے زیادہ قریب ہوتے ہیں لیکن تم دیکھ نہیں پاتے۔ ۶۸*

 

۸۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو اگر تم محکوم نہیں ہو تو کیوں نہیں۔

 

۸۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اس جان کو لوٹا لیتے اگر تم سچے ہو؟ ۶۹*

 

۸۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  پھر اگر وہ ہوا مقربین ۷۰* (جن کو اللہ سے قریب ہونے کا درجہ حاصل ہوا )میں سے۔

 

۸۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو اس کے لیے راحت اور خوشبو اور نعمت بھری جنت ہے۔ ۷۱*

 

۹۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور اگر وہ داہنے ہاتھ والوں میں سے ہوا۔ ۷۲*

 

۹۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو سلامتی ہے تیرے لیے کہ تو اصحابِ یمین (داہنے ہاتھ والوں)  میں سے ہے۔۷۳*

 

۹۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اور اگر وہ جھٹلانے والے گمراہ لوگوں میں سے ہوا۔

 

۹۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو اس کی تواضع گرم پانی سے ہوگی۔

 

۹۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اوراس کا داخلہ جہنم میں ہوگا۔ ۷۴*

 

۹۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یہ سب بالقین حق ہے۔ ۷۵*

 

۹۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تو ( اے نبی!)  اپنے رب عظیم کے نام کی تسبیح کرو۔ ۷۶

تفسیر

۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  مراد قیامت ہے جو لازماً واقع ہوگی۔

 

۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  قیامت کے واقع ہونے میں نہ کوئی چیز مانع ہوسکتی ہے اور نہ کوئی طاقت اسے ٹال سکتی ہے اور نہ ہی یہ خبر جھوٹی ہوسکتی ہے۔ اس کا واقعہ ہونا بالکل حق ہے۔

 

قیامت صرف ممکن ہی نہیں بلکہ واقعہ بن کر سامنے آنے والی ہے لہٰذا ہر شخص کو اپنے مستقبل کی فکر کرنا چاہیے۔ مگر موجودہ دور کا تعلیمی، تمدنی، معاشی اور سیاسی نظام انسان کو دنیا ہی میں الجھائے رکھنا چاہتا ہے۔ اس لیے جب تک قیامت کی شدت کا احساس نہیں ابھرتا اس کا زاویہ نظر بدل نہیں سکتا۔

 

۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی قیامت کتنوں کو پست کردے گیاور کتنوں کو بلند کردے گی ، جو لوگ دنیا میں بلندی مقام پر تھے درآنحالیکہ وہ اس کے مستحق نہیں تھے ! نہیں قیامت پستی میں ڈال دے گی اور جو لوگ دنیا میں بلند مقام حاصل نہیں کرسکے تھے در آنحالیکہ وہ اس کے مستحق تھے انہیں قیامت رفعت اور بلندی عطا کرے گی۔ اس طرح قیامت کی گھڑی اپنے ساتھ انسانی سوسائٹی کے لیے زبردست انقلاب لائے گی اور عزت وذلت کے لیے نئے پیمانے اور نئے معیار قائم ہوں گے۔

 

۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  قیامت کا زلزلہ زمین کو اس طرح ہلادے گا کہ وہ لرزنے لگے گی اور شدید گھبراہٹ کا عالم ہوگا۔ سورۂ حج کی ابتدائی آیتوں میں اس اضطراب کا نقشہ پیش کیاگیا ہے نیز سورۂ زلزال میں بھی زلزلہ کے نتیجہ میں پیش آنے والے واقعات بیان ہوئے ہیں۔

 

۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  بڑے بڑے پہاڑوں کو دیکھ کر تنگ نظر انسان یہ خیال کرنے لگتا ہے کہ زمین ہمیشہ اسی طرح رہے گی لیکن قرآن ایک عظیم انقلاب کی خبر دے رہا ہے جو اس زمین پر واقع ہوگا۔ قیامت کی گھڑی جب آئے گی تو پہاڑ ریزہ ریزہ ہو کرغبار کی طرح ہوا میں اڑنے لگیں گے پہاڑوں کو اس لیے ہٹایا جائے گا تاکہ زمین ایک چٹیل میدان بن جائے اور حشر برپا ہو۔

 

۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یہ تین گروہ کون سے ہوں گے ان کا ذکر آگے ہوا ہے۔

 

۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  مراد مومنین صالحین ہیں جن کے داہنے ہاتھ میں ان کا اعمال نامہ دیا جائے گا۔

 

مزید تشریح کے لیے دیکھئے سورۂ انشقاق نوٹ ۷۔

 

واضح رہے کہ قرآن نے یہاں اس بات کی صراحت نہیں کی کہ فاسق مسلمانوں کے ساتھ کیا معاملہ کیا جائے گا کیونکہ اول تو جس زمانہ میں اس سورہ کا نزول ہوا ہے اس وقت نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پیرو کاروں میں بد عمل اور فاسق مسلمانوں کا کوئی گروہ موجود نہیں تھا دوسرے ترغیب اور ترہیب کے پہلو سے مخلص مومنین کی جزاء اور مجرم کافرین کی سزا کو ایک دوسرے کے مقابل بیان کرنا حکمت و مصلحت کا تقاضا تھا۔ قرآن نے دوسرے مقامات پر مخصوص شرائط کے ساتھ شفاعت کے قبول کئے جانے کا ذکر کیا اور ایسے لوگوں کا معاملہ بالکل الگ ہے۔ اور معلوم نہیں قیامت کے دن کیسے کیسے کٹھن حالات اور سزاؤں سے گزرنے کے بعد ان لوگوں کے لیے شفاعت کا مرحلہ آجائے گا۔

 

۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  مراد کافر اور مجرم ہیں جن کے بائیں ہاتھ میں ان کا اعمال نامہ دیا جائے گا۔

 

۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی جو لوگ ایمان لانے کے بعد نیکی میں سبقت لے گئے اور دین کے لیے قربانیاں دینے میں پیش پیش رہے وہ انعام پانے والوں میں اول درجہ کے لوگ ہوں گے۔ مزید تشریح کے لیے دیکھئے سورۂ توبہ نوٹ ۱۸۰۔

 

۱۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی ان لوگوں کو اللہ کا سب سے زیادہ قرب حاصل ہوگا اور مقرب ہونے کا اعزاز سب سے بڑا اعزاز ہوگا۔

 

۱۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی جنت کے نعمت بھرے باغوں میں وہ عیش و عشرت کے ساتھ رہیں گے۔

 

۱۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  مقربین کا ذکر ہوا تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مخلص پیروؤں کو اس بات کی بشارت سنا دی گئی کہ اس امت کے دورِ اول کے لوگوں میں سے ایک بڑی تعداد مقربین کی ہوگی اور بعد کے لوگوں میں بھی مقربین ہوں گے۔ لیکن تعداد میں کم۔ چنانچہ صحابہ کرام میں اپنے خلوص ، اپنے نیک سیرت ہونے اور دین کے لیے قربانیاں دینے کے اعتبار سے بلند مقام رکھنے والے لوگ زیادہ تھے اور بعد والوں میں اس معیار کے لوگ کم ہوتے چلے گئے۔ ایک حدیث سے بھی اس کی تائید ہوتی ہے:

 

خَیْرُ الْقُرُوْنِ قَرْنِیْ ثُمَّ الَّذِینَ یَلُوْنَہُمْ ثُمَّ  الَّذِیْنَ یَلُوْنَہُمْ۔ " بہترین لوگ میرے دور کے ہیں پھر وہ جو ان کے بعد آئیں گے پھر وہ جو ان کے بعد آئیں گے۔"

 

۱۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی یہ تخت شاہی تخت ہوں گے جو جواہرات سے جڑے ہوئے ہوتے ہیں۔

 

۱۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی شاہانہ شان کے ساتھ ان تختوں پر ٹیک لگائے ایک دوسرے کے سامنے بیٹھے ہوں گے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ جنتیوں کی مجلسیں کیسی آراستہ اور شائستہ ہوں گی۔ کوئی کسی سے نہ منہ پھیرے گا اور نہ پیٹھ بلکہ سب ہنسی خوشی دوستانہ ماحول میں رہ رہے ہوں گے۔

 

۱۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تشریح کے لیے دیکھئے سورۂ طور نوٹ ۲۴۔

 

۱۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی ان کی تواضع کے لیے یہ لڑکے مشروبات سے لبریز جگ لئے حاضر ہوں گے اور پیالوں میں انہیں پیش کریں گے اور چھلکتے ہوئے جام بھی جو شرابِ خالص کے بہتے ہوئے چشمے سے لبریز ہوں گے۔

 

۱۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تشریح کے لیے دیکھئے سورۂ صافات نوٹ ۳۹۔

 

۱۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی جنت میں ہر قسم کے میوے ہوں گے جن میں سے وہ اپنے ذوق اور اپنی پسند کے میوے چن لیں گے۔

 

مزید تشریح کے لیے دیکھئے سورۂ طور نوٹ ۲۲۔

 

۱۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی جن پرندوں کے گوشت کی انہیں اشتہاء اور رغبت ہوگی وہ ان کو مل جائے گا۔

 

۲۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تشریح کے لیے دیکھئے سورۂ طور نوٹ ۱۸۔

 

۲۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی ایسے موتی جن کو کسی نے چھوا نہ ہو۔ نہایت صاف اور چمکدار۔

 

۲۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یہ سب کچھ ان کو ان کے اعمال کی جزا کے طور پر دیا جائے گا۔ اور جب وہ اپنے اعمال کی جزا کے طور پر جنت کی ان نعمتوں کو پائیں گے تو خوشی سے جھوٹ اٹھیں گے کہ ہماری محنت ٹھکانے لگی۔

 

۲۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تشریح کے لیے دیکھئے سورۂ نباء نوٹ ۲۲۔

 

۲۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی ہر طرف سے انہیں سلام کا تحفہ پیش کیا جائے گا اور جو باتیں بھی وہاں ہوں گی سلامتی ہی کی باتیں ہوں گی۔ کوئی بات بھی ایسی نہیں ہوگی جو معیوب ہو یا جس سے کسی کو اذیت پہنچے۔ یہ بہت بڑی نعمت ہوگی جب کہ دنیا میں ایسا ماحول کسی کو بھی میسر نہیں۔

 

۲۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  داہنا ہاتھ بائیں ہاتھ کی بہ نسبت مضبوط ہوتا ہے۔ اسے سعادت کی علامت قرار دیاگیا ہے۔ قیامت کے دن جن لوگوں کو ان کے داہنے ہاتھ میں اعمال نامہ دیا جائے گا وہ بڑے مبارک لوگ ہوں گے۔

 

۲۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  بیری کے جس درخت کے کانٹے کم ہوتے ہیں ان کا پھل زیادہ میٹھا ہوتا ہے اور بیر کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس کی خوشبو بہت میٹھی ہوتی ہے اور جنت کے بے خار بیروں کا کیا کہنا!دنیا کے بیروں سے تو ان کا ایک ہلکا سا تصور ہی بندھتا ہے۔

 

۲۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  کیلا ایک میٹھا اور لذیذ پھل ہے اور جنت کے کیلے کے ذائقہ کا کیا کہنا! اور ان کا تہ بہ تہ ہونا ان کے پیدا کرنے میں سلیقہ مندی کو ظاہر کررہا ہوگا اور نظروں میں خوب جچ رہا ہوگا۔

 

۲۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  جنت کے درخت کا سایہ کتنا لمبا ہوگا اس کا اندازہ حدیث نبوی سے ہوتاہے جس میں ارشاد ہواہے:

 

اِنَّ فِی الْجَنَۃِ شَجَرَۃً یَسِیْرُ الرَّاکِبُ فِیْ ظِلِّہَا مِأَۃَ عَامٍٍ لاَ یَقَطَّعُہَا۔

                                  

" جن میں ایک درخت ایسا ہے کہ اگر سوار اس کے سایہ میں سو سال تک چلتا رہے تو اس کا سایہ ختم نہ ہوگا۔"(بخاری کتا ب التفسیر)

 

۲۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی جنت میں پانی کی فراوانی ہوگی وہاں ہمیشہ پانی بہتا رہے گا۔

 

۳۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  جنت کے پھلوں کا سلسلہ کبھی منقطع نہیں ہوگا۔ دنیا میں پھل اپنے اپنے موسم میں پیدا ہوتے ہیں لیکن جنت میں سدا بہار درخت ہوں گے اور ان کے پھل ہر وقت ملتے رہیں گے۔ پھر وہاں پھل حاصل کرنے کے لیے کوئی روک ٹوک بھی نہیں ہوگی نہ کوئی قانون ان کے حصول میں مانع ہوگا اور ہ ملکیت کا کوئی سوال ہی پیدا ہوگا۔ ہر جنتی کسی بھی رکاوٹ کے بغیر وافر پیمانہ پر پھل حاصل کرسکے گا۔

 

۳۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  جن سے ان کی رفعت شان کا اظہار ہورہا ہوگا۔

 

۳۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی خواتینِ جنت کو موزوں ترین جسم عطا کئے جائیں گے۔ ان کو کنواری بنایا جائے گا خواہ وہ دنیا میں اولاد والی کیوں نہ رہی ہوں۔

 

۳۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی اپنے شوہر سے پیار کرنے والی اور پیاری صورت والی شوہر کی نظر میں محبوب۔

 

۳۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تشریح کے لیے دیکھئے سورۂ ص نوٹ ۷۶۔

 

۳۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی یہ حسین و جمیل عورتیں داہنے ہاتھ والوں کے لیے ہو ں گی۔ جو نیک عورتیں نیک مردوں کے نکاح میں تھیں وہ جنت میں بھی ان کو ملیں گی اور جن مردوں کی عورتیں نیک نہیں تھیں ان کی زوجیت میں دوسری نیک عورتیں دی جائیں گی۔

 

تفصیلات اور جزئیات میں گئے بغیر سمجھنے کے لیے اتنی بات کافی ہے۔

 

۳۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی داہنے ہاتھ والے اس امت کے اول لوگوں میں سے بھی بڑی تعداد میں ہوں گے اور بعد والوں میں سے بھی بڑی تعداد میں۔ یہ اشارہ ہے اس بات کی طرف کہ اس امت میں قیامت تک نیک لوگ پیدا ہوتے رہیں گے جو جنت کے مستحق بنیں گے۔ یہ بات بھی واضح رہے کہ قرآن نے جنت کی بشارت متقیوں ہی کو سنائی ہے اور داہنے ہاتھ والے متقی ہی ہوں گے۔

 

۳۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی جن کے بائیں ہاتھ میں ان کا اعمال نامہ دیا جائے گا ان کا حال بہت بُرا ہوگا۔

 

۳۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  سایہ ٹھنڈا اور خوشگوار ہوتا ہے لیکن یہ سایہ کا بے دھوئیں کا ہوگا جس سے نہ ٹھنڈک حاصل ہوسکے گی اور نہ وہ خوشگوار ہوگا۔

 

سورۂ مرسلات میں فرمایا ہے:

 

لاَ ظَلِیْلٍ وَّلاَ یُغْنِیْ مِنَ اللَّہَبِ " ایسا سایہ جو سایہ دار نہ ہوگا اور نہ شعلوں سے بچا سکے گا۔"(مرسلات: ۳۱)

 

۳۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی دنیا میں وہ خوشحال تھے اس لیے چاہئیے تھا کہ وہ اللہ کی اس نعمت کا شکر ادا کرتے لیکن انہوں نے اپنی خوشحالی کو کفر کا ذریعہ بنایا۔

 

۴۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  بڑے گناہ سے مراد شرک ہے۔ یہ لوگ شرک اور بت پرستی سے باز آنے کے لیے کسی طرح آمادہ نہیں ہوئے بلکہ اس کے جائز ہونے پر انہیں اصرار رہا اور اس پر مرتے دم تک جمے رہے۔

 

۴۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  قبر میں دن ہوجانے کے بعد جسم کا گوشت کچھ ہی دنوںمیں خاک میں مل جاتا ہے اور صرف ہڈیاں رہ جاتی ہیں۔اس صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے ان لوگوں کو تعجب ہوتا تھا کہ جب مرنے والے کا جسم ہی باقی نہیں رہا تو پھر اسے کس طرح قیامت کے دن اٹھاکھڑا کیا جائے گا۔ انہو ں نے اللہ کی قدرت کا غلط تصور قائم کر رکھا تھا اور اللہ اپنے رسول کے ذریعہ ان کے دوبارہ اٹھائے جانے کی جو خبر دے رہا تھا اس کو بھی وہ قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہوئے۔ اس طرح وہ جرم پر جرم کے مرتکب ہوئے۔

 

بائیں ہاتھ والوں کے دو سنگین جرائم کا یہاں ذکر کیاگیا ہے ایک شرک اور کفر اور دوسرے آخرت سے انکار۔

 

۴۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی آدم سے لے کر قیامت تک پیدا ہونے والے تمام انسان بالفاظ دیگر پوری نوع انسانی کو قیامت کے دن اٹھا کھڑا کیا جائے گا۔ یہ دوسری زندگی انہیں اس لیے بخشی جائے گی تاکہ اپنی پہلی زندگی میں کئے کا وہ پھل پائیں۔

 

۴۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  زقوم کی تشریح سورۂ صافات نوٹ ۵۱  میں گزر چکی۔

 

۴۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ہِیم( تونسے ہوئے) ان اونٹوں کو کہتے ہیں جو پیاس کی شدت کی بیماری میں مبتلا ہوں۔ ایسا اونٹ کتنا ہی پانی پئے اس کی پیاس بجھتی نہیں ہے۔ یہی حال ان دوزخیوں کا ہوگا وہ گرم پرگرم پانی پئیں گے مگر ان کی پیاس بجھنے والی نہیں۔

 

۴۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی ان مجرموں کا استقبال قیامت کے دن ان سزاؤں سے کیا جاء گا۔ یہ طنز یہ یہ کلام ہے اس بات کو واضح کرنے کے لیے کہ ان لوگوں کے جرائم اتنے سنگین تھے کہ ان کے انعام پانے کا کوئی سوال پیدا ہی نہیں ہوتا۔ ان کو کڑی سزائیں ہی بھگتنا ہوں گی۔

 

۴۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی جب یہ ایک ناقابلِ انکار حقیقت ہے کہ تمہارا خالق اللہ ہی ہے تو پھر وہ تمہیں روز جزاء سے خبردار کرتے ہوئے تمہاری رہنمائی کے لیے جو وحی نازل کررہا ہے اس کو سچ کیوں نہیں مانتے؟

 

اس آیت سے آیت ۷۱  تک توحید اور روز جزاء کا انکار کرنیو الوں سے متعدد سوالات کئے گئے ہیں تاکہ وہ غور و فکر کر کے صحیح نتیجہ پر پہنچ جائیں۔

 

۴۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی تم تو صرف رحم میں حقیر پانی کی بوند ڈال دیتے ہو اس کے بعد بوند کو جن مراحل سے گذارکر بچہ کی شکل دی جاتی ہے اور پھر اس میں جس طرح جان ڈال کر اسے با صلاحیت انسان بنادیا جاتا ہے وہ کیا تمہاری اپنی کار فرمائی ہے یا تمہارے رب کی؟

 

۴۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  موت لازماً ہر انسان کو آتی ہے جو اس کی بے بسی اور اللہ کی قدرت و غلبہ کا واضح ثبوت ہے۔

 

۴۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی جو ہستی تمہاری موت پر قادر ہے وہ تمہاری شکلوں کو بدلنے اور تمہیں ایک دوسری مخلوق کا روپ دینے پر بھی قادر ہے۔

 

۵۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی اگر پہلی بار انسان کو پیدا کرنا اللہ کے لیے ممکن ہوا تو دوسری بار پیدا کرنا کیوں نا ممکن ہوگا؟ اگر مٹی سے انسان پیدا کیا جاسکتا ہے تو دوبارہ اسی مٹی سے اسے کیوں نہیں اٹھا کھڑا کیا جاسکتا۔

 

۵۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی تم تو صرف بیج بونے کا کام کرتے ہو اس سے لہلہاتی فصل پیدا کرنا اللہ ہی کا کا م ہے۔

 

۵۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی فصل کو تباہ کردیں پھر تم افسوس کرنے لگو کہ ہم اس نقصان سے زیر بار ہوگئے بلکہ فائدہ سے یکسر محروم ہو کر رہ گئے۔

 

۵۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  بادلوں سے پانی برسانا تاکہ پینے کے کام آئے اللہ ہی کا کام ہے۔ موجودہ زمانہ میں سائنس کی ترقی سے انسان اگر اس قابل ہوا ہے کہ کسی مقام پر بادلوں سے پانی برسائے تو یہ بھی اللہ ہی کی بخشی ہوئی صلاحیت ہے اور اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ بادلوں کو سمندروں سے اٹھانے ان کو ہواؤں کے دوش پر سوار کر کے فضا میں بکھیرنے اور دنیا کے مختلف خطوں میں پانی برسانے پر انسان قادر ہوگیا ہے۔ یہ نظام انسان کی دسترس سے بالکل باہر ہے۔ اس کو اپنی کوششوں میں جو کامیابی ہوئی ہے وہ ایسی ہی ہے جیسے کوئی غبارہ میں ہوا بھردے اور پھر یہ دعویٰ کرے کہ ہوا پر اسے تصرف حاصل ہوگیا ہے!

 

۵۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  سمندر کا پانی کھاری اور کڑوا ہوتاہے لیکن جب بھاپ بن کر اٹھتا ہے اور بادلوں کی شکل اختیار کرلیتا ہے تو اس میں نمک کے اجزاء شامل نہیں ہوتے اس لیے بادلوں سے جو پانی برستا ہے وہ خالص ہوتا ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کی کتنی بڑی نعمت ہے جس کا انسان رات دن مشاہدہ کرتا ہے پھر اس میں اپنے رب کے لیے شکر کا احساس کیوں نہیں ابھرتا؟ اگر اللہ چاہے تو سمندر سے اٹھنے والے بادلوں میں نمک کے اجزاء شامل کرسکتا ہے اور کڑوے پانی کی بارش ہوسکتی ہے۔

 

۵۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اس زمانہ میں "مَرْخ" اور "عفار" کے نام سے دو درخت پائے جاتے تھے جن کی ٹہنیوں کو رگڑ دینے سے آگ پیدا ہوتی تھی۔ سبز درخت سے آگ پیدا کرنا اللہ کی قدرت کا کرشمہ ہی ہے۔

 

۵۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  آگ جہنم کی آگ کو یاددلاتی ہے۔ انسان کو چاہیے کہ آگ کو دیکھ کر اللہ کے عذاب سے ڈرے۔

 

۵۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  اس زمانہ میں آگ سلگانے کے لیے ماچس وغیرہ ایجاد نہیں ہوئی تھی اس لیے مذکورہ درختوں کی ٹہنیوں کو مسافر آگ سلگانے کے لیے استعمال کرتے جو پکانے کے بھی کام آتی اور اس سے وہ تپش بھی حاصل کرتے۔ مسافروں کے حق میں یہ کتنی بڑی نعمت تھی۔ موجودہ دور میں آگ سلگانے کے لیے طرح طرح کی چیزیں ایجاد ہوئی ہیں وہ بھی نت نئی نعمتیں ہی ہیں اور اس پر اللہ کا شکر واجب ہے۔

 

۵۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یہ ہدایت نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو اور آپ کے واسطہ سے آپ کے پیروں کو دی گئی ہے کہ ان کھلی حقیقتوں سے لوگ اگر آنکھیں بند کئے رہتے ہیں تو رہیں۔ تم اپنے ربِ عظیم کی پاکی بیان کرو کہ وہ ہر قسم کے عیب اور شرک سے منزہ ہے اور اس کے نام کی تسبیح کرو۔ اللہ کے نام کی تسبیح مثلاً سُبْحَانَ اللّٰہ یا سُبْحَانَ رَبِّی الْعَظَیْم۔ کہنا عقیدہ کی صحت کو بھی ظاہر کرتا ہے اور بہترین عبادت بھی ہے۔

 

۵۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  قسم سے پہلے جو " لا"( نہیں) آتا ہے وہ غلط بات کی تردید کے لیے آتاہے۔ یہاں منکرین کے باطل عقائد کی تردید مقصود ہے۔

 

۶۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  ستاروں کے غروب ہونے کے مقامات سے مراد ان کا اپنے اپنے مقام پر غروب ہونا ہے۔

 

۶۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  صبح کے وقت جب ستارے غروب ہونے لگتے ہیں تو آسمان کی آراستہ بزم کے برخواست ہونے کا اعلان ہوتا ہے۔ یہ منظہر ہر دیدۂ بینا رکھنے والے کو دعوتِ فکر دیتا ہے اس لیے اس کو توحید اور جزا و سزا کی تائید میں پیش کیاگیا ہے قرآن کی دعوت ان ہی بنیادی باتوں کی دعوت ہے اس لیے اس سے اس کی بھی صداقت روشن ہو جاتی ہے۔ سورۂ نجم میں بھی تاروں کے غروب ہونے کی قسم اسی بات پر کھائی گئی ہے اور سورۂ تکویر میں بھی تاروں کی رفتار" ان کے چھپ جانے" رات کے رخصت ہوجانے اور صبح کے نمودار ہونے کو روز جزاء کی شہادت میں جس سے قرآن کی صداقت بھی روشن ہوتی ہے پیش کیاگیا ہے۔ یہاں اس قسم کو عظیم قسم سے تعبیر کیاگیا ہے۔ مطلب یہ ہے کہ آسمان کے یہ آثار توحید اور روز جزا کے حق میں بہت بڑی دلیل ہیں کیونکہ ان آثار کا ہر شخص مشاہدہ کر کے بہ آسانی صحیح نتیجہ پر پہنچ سکتا ہے۔ اس کے لیے منطق لڑانے اور صغریٰ اور کبُریٰ کو جوڑنے کی ضرورت نہیں ہے۔ تمہارے اندر اگر حق کو پالینے کی طلب ہے تو م ان آثار کے مشاہدہ میں حق کو پالو گے اور تاروں کے غروب ہونے میں بھی تم کو اللہ کا بہت بڑا کرشمہ دکھائی دے گا۔

 

۶۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  قرآن کے معنی بہ کثرت پڑھی جانے والی کتاب کے ہیں۔ قرآن کلام الٰہی ہونے اور اپنی بہترین خصوصیات کی بناء پر اس لائق ہے کہ اسے بار بار پڑھا جائے اور اس کا اہتمام شریعت نے اس طرح کیا ہے کہ ہر نماز میں بلکہ اس کی ہر رکعت میں قرآن کی قرأت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ بھی اس کی تلاوت اس کثرت سے ہوتی ہے کہ دنیا کی کوئی کتاب اس کے مقابلہ میں پیش نہیں کی جاسکتی۔ اس کی تلاوت کا نہایت خوشگوار اور روح پرور منظر رمضان کی راتوں میں دیکھا جاسکتا ہے۔

 

قرآن کی صفت " کریم" بیان ہوئی ہے جس کے معنی عزت والے کے بھی ہیں اور فیض بخشی کے بھی۔ قرآن نہایت وقیع اور بلند پایہ کلام ہے۔ اس میں جو بات بھی کہی گئی ہے بلند سطح سے کہی گئی ہے۔ اس کلام کی ایک شان ہے اور وہ ہر لحاظ سے قابل احترام ہے۔ مزید برآں اس کی فیض بخشی ایسی ہے کہ گو یا خیر کے چشمے بہادےئے گئے ہیں۔ بڑے ناقدرے ہیں وہ لوگ جو اس کی قدر نہ کریں۔

 

۶۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  " کتابٍ مکنون"( محفوظ کتاب) سے مراد لوحِ محفوظ ہے جیسا کہ سورۂ بروج میں ارشاد ہوا ہے: بَلْ ہُوَقُرُآنٌ مَّجِیدٌ فِی لَوْحٍ مَّحفُوظٍ۔ "بلکہ یہ بزرگ قرآن ہے جو لوحِ محفوظ میں ہے۔" ( بروج: ۲۱۔۲۲)

 

یعنی آسمان میں یہ کتاب نہایت اہتمام کے ساتھ محفوظ کردی گئی ہے جہاں فرشتوں کے سوا کسی کی رسائی نہیں ہے۔

 

۶۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  " مُطَہَّرِیْنَ"( پاکیزہ) سے مراد فرشتے ہیں جو ہر قسم کے گناہ اور شر سے پاک ہیں۔ طبری اور دوسرے مفسرین نے بھی اس سے مراد فرشتے ہی لیے ہیں۔ سورۂ عبس میں تصریح ہے:

 

فِیْ صُحُفٍ مُّکَرَّمَۃٍ مَّرْفُوْعَۃٍ مُّطَہَّرَۃٍ بِاَیْدِیْ سَفَرَۃٍ کِرَامٍ بَرَرَۃٍ۔

 

" ایسے صحیفوں( اوراق) میں ہے جو نہایت قابلِ احترام ہیں۔ بلند مرتبہ اور پاکیزہ ہیں۔ ایسے کاتبوں کے ہاتھوں میں ہیں جو معزز اور وفاشعار ہیں۔"(عبس: ۱۳ تا ۱۶)

 

اور یہاں واضح کرنا یہ مقصود ہے کہ قرآن کے بارے میں منکرین کا یہ شبہ کہ وہ شیطان کا اتارا ہوا ہے بالکل غلط اور سراسر جھوٹ ہے۔ قرآن کلامِ الٰہی ہے اور اس کا منبع Sources لوحِ محفوظ ہے جو آسمان میں ہے۔ وہاں کسی شیطان کی رسائی ممکن ہی نہیں کہ اس کو لے کر اڑیں اور اس میں آمیزش کریں۔ وہاں پاکیزہ فرشتے ہی پہنچتے ہیں، وہی اس کتاب کو چھوتے ہیں اور وہی حکم الٰہی کے مطابق قرآن کی آیتوں کو جوں کا توں لے کر نازل ہوتے ہیں ان کے سردار جبرائیل پیغمبر پر وحی کرتے ہیں۔ نزولِ قرآن کا یہ کام پاکیزہ صفت فرشتوں کے ذریعہ انجام پاتا ہے اس لیے اس میں نہ فرشتوں کے اپنے کلام کا دخل ہوسکتا ہے اور نہ شیطان کی کسی بات کا۔

 

آیت کا اصل مفہوم وہی ہے جو اوپر بیان کیاگیا لیکن فقہاء نے اس آیت سے قرآن کو بلا وضو چھونے کی حرمت پر استدلال کیا ہے اور اس کی تائید میں وہ مؤطا کی یہ حدیث بھی پیش کرتے ہیں کہ:

 

عَنْ عَبْدِ اللّٰہِ بِنْ اَبِیْ بَکْرِ بِنْ حَزْمٍ اَنَّ الْکِتَابِ الَّذِیْ کَتَبَ رَسُولُ اللّٰہِ صَلَّیَ اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ لِعَمْرٍ وبْنِ حَزْمٍ اَنْ لاَ یَمَسَّ الْقُرْآنَ اِلاَّ طَاہِرٌ۔

 

" عبداللہ بن ابی بکر بن حزم سے روایت ہے کہ اس مکتوب میں جو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے عمر بن حزم کو لکھ کر دیا تھا یہ حکم تھا کہ قرآن کو وہی چھوئے جو طاہر ہو۔"

 

یہاں اس پر مبسوط فقہی بحث کا توقع نہیں ہے اس لیے ہم مختصراً چند باتیں عرض کریں گے:۔

 

۱) اس آیت میں کوئی حکم نہیں دیاگیا ہے بلکہ یہ حقیقتِ واقعہ بیان کی گئی ہے ہ قرآن کا نزول ٹھیک ٹھیک اس کتاب کے مطابق ہورہا ہے جو آسمان پر محفوظ ہے اور جس کو صرف فرشتے جو پاکیزہ صفرت اور امانت دار ہیں چھوتے ہیں اور اسی کے مطابق وحی لے کر پیغمبر پر نازل ہوتے ہیں۔ شیطانوں کا نہ وہاں گزر ہے اور نہ ان ناپاکوں کے ہاتھ اس کو لگ سکتے ہیں اور نہ ہی وہ فرشتوں کے کام میں مداخلت کرسکتے ہیں۔ اس سے یہ حکم مستبظ کرنا کہ بلا وضو قرآن کو ہاتھ نہ لگایا جائے ایک غیر متعلق بات ہے " طاہر" اور " مُطَہَّرٌ " کے فرق کو بھی ملحوظ رکھنا چاہیے۔ اگر قرآن کو ہاتھ لگانے کے لیے با وضو ہونا مراد ہوتا تو " طاہرین" کا لفظ استعمال کیا جاتا نہ کے مُطَہَّرِینَ کا۔ اس آیت میں جس طرح فرشتوں کے قرآن کو چھونے کا ذکر ہے اسی طرح سورۂ عبس میں ان کے لکھنے کا بھی ہے:

 

بِاَیْدِیْ سَفَرَۃٍ ٍکِرَامٍ بَرَرَۃٍ " ایسے لکھنے والوں کے ہاتھ سے جو معزز اور نیک ہیں۔" ( عبس: ۱۵۔۱۶)

 

تو کیا اس پر قیاس کر کے قرآن یا اس کی کسی آیت کے لکھنے کے لیے معزز اور نیک ہونے کی شرط عائد کی جاسکتی ہے؟ اگر یہ استنباط صحیح نہیں تو مُطَہَّرِیْنَ والی آیت سے جو استنباط کیا جاتا ہے وہ بھی صحیح نہیں۔

 

۲) اور جہاں تک موطا کی اس حدیث کا تعلق ہے کہ : اَنْ لاَ یَمَسَّ القُرْآنَ اِلاَّ طَاہِرٌ " قرآن کو صرف وہی چھوئے جو طاہر ہو۔"

 

تو اول تو یہ حدیث مرسل ہے ( عون المعبود شرح سنن ابی داؤد ج ۱ ص ۳۸۴) دوسرے یہ کہ طاہر سے لازماً مراد باوضو شخص نہیں ہے بلکہ اس سے مراد وہ شخص ہے جو جنابت سے پاک ہو چنانچہ اس کی تائید ان احادیث سے ہوتی ہے جن میں جنبی( جس نے جنابت کے بعد غسل نہ کیا ہو) کو قرآن پڑھنے سے منع کیاگیا ہے گو ان حدیثوں میں بھی کلام کی گنجائش ہے وَفِیْ کُلِّہَا مَقَال (عون المعبود ج ۱ ص ۳۸۳) اور قرآن میں جنبی کو غسل کر کے پاک ہونے کا حکم دیا گیا ہے:

 

وَاِنْ کُنْتُمْ جُنُباً فَاطَّہَّرُوْا۔ " اگر جنابت کی حالت میں ہو تو غسل کر کے پاک ہو جاؤ۔" ( مائدہ: ۶)

 

قرآن اور حدیث کے ان تصریح احکام کے پیش نظر موطا کی مذکورہ بالا حدیث کا مفہوم یہی متعین ہوتا ہے کہ کوئی ایسا شخص جس نے جنابت سے اور کسی عورت نے حیض سے پاکی حاصل نہ کی ہو وہ قرآن کو ہاتھ نہ لگائے۔

 

۳) بعض فقہاء نے تو قرآن کو بلا وضو ہاتھ نہ لگانے کا حکم دیتے ہوئے اس میں اس قدر شدت پیدا کردی ہے کہ جن کتابوں میں قرآن کی آیتیں درج ہوں یا جس ورق میں بھی قرآن کی کوئی آیت لکھی ہوئی ہو اس کو ہاتھ لگانا ناجائز قرار دیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ آدمی بلا وضو نہ کسی خط پر بسم اللہ لکھ سکتاہے اور نہ اس میں کوئی آیت درج کرسکتاہے کیونکہ بسم اللہ بھی قرآن کی ایک آیت ہی ہے۔ اسی طرح ان رسائل کو بھی ہاتھ نہیں لگاسکتا جن میں قرآن کی آیتیں درج ہوتی ہیں۔ اس شدت کی تردید بخاری کے اس باب سے ہوتی ہے جس میں انہوں نے ابراہیم نخی کا یہ قول نقل کیا ہے کہ " بغیر وضو کے خط لکھنے میں کوئی حرج نہیں۔" (بخاری کتاب الوضوء باب قرأۃ القرآن بعد الحدیث وغیرہ)

 

ظاہر ہے خط میں بسم اللہ بھی لکھی جائے گی اور اگر ضرورت ہوئی تو آیتیں بھی لکھی جائیں گی۔

 

نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے قیصر روم کو خط لکھا تھا اس میں قرآن کی چند آیتیں بھی درج تھیں تو کیا جو شخص اس خط کو لے گیا تھا اس کو اس بات کی تاکید کی گئی تھی کہ وہ بلا وضو اسے ہاتھ نہ لگائے؟

 

۴) حضرت ابن عباس، شعبی، ضحاک، زید بن علی، مؤید باللہ، داؤد، ابن حزم اور حماد بن سلیمان اس بات کے قائل ہیں کہ بلا وضو قرآن کو ہاتھ لگایا جاسکتا ہے۔

 

(فقہ السنہ۔ السید سابق ج۱ ص ۵۷)

 

۵) قرآن کی تلاوت اور اس کے مطالعہ کے لیے با وضو ہونا یقینا باعثِ خیر و برکت ہے کیونکہ باوضو ہونے کی صورت میں پاکیزگی کا زیادہ احساس ہوتا ہے اور خیالات کوپاکیزہ رکھنے میں بڑی مدد ملتی ہے لیکن وضو کے بغیر قرآن کو ہاتھ لگانے کو حرام قراردینا فقہی شدت کے سوا کچھ نہیں۔ یہ شدت موجودہ زمانہ میں لوگوں کو زبردست مشکلات میں ڈالنے والی ہے کیونکہ قرآن کے نسخوں کو فروخت کرنا" ان کو خریدنا اور ان کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانا" ان کو چھاپنا اور ان کی جلد بندی کرنا سب کے لیے وضو کی قید کوئی عملی بات نہیں ہے۔ یہ قید اشاعتِ قرآن کے سلسلہ میں بہت بڑی رکاوٹ ہے۔ یہ کتاب خوبصورت جزدان میں بند رکھنے کے لیے نہیں ہے بلکہ اس لیے ہے کہ اس سے قدم قدم پر رہنمائی حاصل کی جائے اور اس کو بہ کثرت پھیلا یا جائے۔ واقعہ یہ ہے کہ دین میں جو آسانیاں تھیں وہ فقہی شدت کی وجہ سے برقرار نہیں رہ سکیں۔

 

۶۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی اس کی عظمت کو محسوس نہیں کرتے اور اس کو خاطر میں نہیں لاتے۔

 

۶۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی جان کنی کے وقت تمہاری جو بے بسی ہوتی ہے اس پر بھی تو سوچو۔

 

۶۷۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی تمہاری نظروں کے سامنے مرنے والے کی روح قبض کی جارہی ہوتی ہے۔

 

۶۸۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی مرنے والے سے تمہاری بہ نسبت اللہ زیادہ قریب ہوتا ہے۔

 

تشریح کے لیے دیکھئے سورۂ ق نوٹ ۲۱۔

 

۶۹۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی اگر تم اپنے رب کے مملوک اور محکوم نہیں ہو تو موت کے بعد روح کو واپس کیوں نہیں لے آتے؟ جب یہ واقعہ ہے کہ روح کو جب کہ وہ جسم سے نکل چکی ہو کوئی شخص بھی لوٹا نہیں سکتا نہ اپنی روح کو نہ کسی دوسرے شخص کی روح کو تو پھر وہ اس حقیقت کو کیوں نہیں تسلیم کرتا کہ وہ اپنے رب کا مملوک اور محکوم ہے اور جب وہ اس کا مملوک اور محکوم ہے تو اس کی بندگی اور اطاعت کرنا چاہیے۔ پھر اس سے کفر اور سرکشی کیسی ؟

 

۷۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  مقربین کی تشریح اوپر نوٹ ۱۰ میں گزر چکی۔

 

۷۱۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی مرنے والا اگر مقربین میں سے ہوتاہے تو اس کی روح کے لیے راحت ہی راحت ہوتی ہے اور ایسی خوشبو پیش کی جاتی ہے جو اس کے لیے تازگی اور فرحت کا باعث ہوتی ہے اور اسے نعمت بھری جنت کی خوشخبری دی جاتی ہے۔ سورۃ حم السجدہ (آیت ۳۰) میں بھی گزر چکا کہ جو لوگ استقامت کا ثبوت دیتے ہیں ان پر فرشتے جنت کی بشارت لیے ہوئے نازل ہوتے ہیں۔

 

۷۲۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  داہنے ہاتھ والوں سے مراد عام نیک لوگ ہیں جن کا اعمال نامہ داہنے ہاتھ میں دیا جائے گا۔

 

۷۳۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی اگر مرنے والا نیک ہے تو اسے فرشتے روح قبض کرتے وقت خوشخبری دیتے ہیں کہ تیرے لیے سلامتی ہی سلامتی ہے۔ کسی آفت اور تکلیف سے واسطہ نہیں پڑے گا۔

 

۷۴۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی اگر مرنے والا توحید اور آخرت کو جھٹلانے والا اور گمراہ تھا تو اس کا استقبال گرم پانی سے کیا جاتا ہے اور اسے یہ بُری خبر سنائی جاتی ہے کہ قیامت کے دن اس کا داخلہ جہنم میں ہوگا۔

 

۷۵۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یعنی یہ سب باتیں جو بیان ہوئیں قطعی حق ہیں۔ ان میں ذرہ برابرشک کی گنجائش نہیں۔

 

۷۶۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  تشریح کے لیے دیکھئے نوٹ ۵۸۔

 

حدیث میں آتا ہے کہ جب یہ آیت نازل ہوئی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اسے اپنے رکوع میں رکھو اور جب آیت سَبِّحِ اسْمَ رَبِّکَ الْاَعْلٰی نازل ہوئی تو آٖ نے فرمایا اسے اپنے سجدہ میں رکھو۔(ابوداؤد کتاب الصلوٰۃ)

 

چنانچہ رکوع میں سُبْحَانَ رَبِّیَ الْعَظِیم( پاک ہے میرا ربِ عظیم) اور سجدہ میں ( سُبْحَانَ رَبِیَّ الْاَعْلٰی) ( پاک ہے میرا ربِ اعلیٰ) اسی حکم کی تعمیل میں کہا جاتا ہے

 

اس سے یہ بات واضح ہوئی کہ نماز کے اذکار قرآن کے اشارات پر مبنی ہیں۔

 

****